پیر، 16 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

وقت بدلتا ہے یا انسان؟ تحریر: مہوش اختر

نقطہ نظر

وقت بدلتا ہے یا انسان؟

یہ وہ سوال ہے جو کافی دنوں سے میرے ذہن میں آرہا تھا میری طرح یہ سوال صدیوں سے انسانوں کو سوچنے پر مجبور کرتا آ رہا ہے۔ ہم اکثر کہتے ہیں کہ "وقت بہت ظالم ہے، سب کچھ بدل دیتا ہے" لیکن اگر اس کی گہرائی میں اتر کر دیکھا جائے تو وقت تو اپنی ہی رفتار سے چل رہا ہے، وہ نہ رکتا ہے، نہ تھکتا ہے اور نہ ہی اس کے پاس کوئی دل ہوتا ہے جو بدل سکے۔ بدلتے تو دراصل ہم خود ہیں، ہمارے روئیے، ہمارے زاوئے، ہماری سوچیں ہماری کیفیات اور ہماری ترجیحات۔ میں نے دیکھا ہے کہ

ہم اکثر اپنی ناکامیوں، ٹوٹتے رشتوں اور بکھرتے بھروسوں کا ملبہ "وقت" پر ڈال کر بری الذمہ ہو جاتے ہیں ہمارے منہ سے بے ساختہ یہ الفاظ نکل جاتے ہیں کہ "بھئی! وقت بدل گیا، حالات بدل گئے۔۔۔۔۔"

مگر کبھی رک کر یہ سوچا ہے کہ کیا سچ مچ گھڑی کی سوئیاں یا کیلنڈر کے ورق کسی کو بدلنے کی طاقت رکھتے ہیں؟

ہرگز نہیں۔ وقت تو بس ایک بے زبان کینوس کی طرح ہے، رنگ تو ہم خود اس پر بھرتے ہیں۔ اس بات کو سمجھنے کے لیے ذرا فطرت کے اصولوں پر تو غور کریں کہ کیسے سورج ہمیشہ وقت پر طلوع ہوتا ہے، چاند اپنی مدت پر گھٹتا بڑھتا ہے اور موسم اپنے طے شدہ دائرے میں بدلتے ہیں۔ بہار کے بعد خزاں کا آنا وقت کا تقاضا ہے لیکن خزاں میں درختوں کا پتے جھاڑ دینا وقت کا قصور تو نہیں ہے بلکہ درخت کی اندرونی کمزوری یا موسم کی سخت نگری کا اثر ہوتا ہے۔ وقت نے تو صرف موسم بدلا، پتے گرانے کا فیصلہ تو درخت نے خود کیا۔

بالکل اسی طرح، انسان کے ساتھ بھی یہی معاملہ ہے۔ وقت تو صرف حالات کی ایک لکیر کھینچتا ہے لیکن اس لکیر پر چلتے ہوئے اپنا رویہ بدل لینا، اپنوں سے فاصلے بڑھا لینا اور ضرورت پڑنے پر منہ موڑ لینا، یہ وقت کا نہیں، انسان کے اپنے ظرف کا کمال ہوتا ہے۔

دیکھیے، رشتوں میں فاصلے کبھی گھڑی کی ٹک ٹک سے پیدا نہیں ہوتے۔ فاصلے تب جنم لیتے ہیں جب دلوں میں نیتیں بدل جاتی ہیں۔ ایک وقت تھا جب انسان کے پاس کسی کی ایک بات سننے کے لیے گھنٹوں کا وقت ہوتا تھا اور آج وہی انسان مصروفیت کا نقاب اوڑھ کر سامنے والے کی سچی تڑپ کو بھی نظر انداز کر دیتا ہے۔ کیا گھڑی کی سوئیوں نے یہ سکھایا کہ اپنا کون ہے اور پرایا کون؟ نہیں نا! تو یہ ظاہر ہے کہ تو انسان کی ترجیحات تھیں جو وقت کی آڑ لے کر بدل گئیں۔

موم بتی کو دیکھ لیجیے۔ وہ جلتی ہے تو روشنی دیتی ہے لیکن اگر ہوا کا جھونکا تیز ہو جائے تو وہ بجھ بھی جاتی ہے۔ ہوا (یعنی وقت کے حالات) نے تو صرف دباؤ ڈالا لیکن موم کا پگھل جانا اس کی اپنی فطرت کا فیصلہ تھا۔

اسی طرح، زندگی کے طوفان اور کٹھن حالات صرف انسان کی اصل اوقات اور اس کے اندر چھپے رویوں کو بے نقاب کرتے ہیں۔ جو لوگ دل کے سچے اور مٹی کے کھرے ہوتے ہیں، وہ طوفانوں میں بھی چھت بن کر کھڑے رہتے ہیں اور جن کے رویے حالات کے رحم و کرم پر ہوتے ہیں، وہ ذرا سا موسم بدلتے ہی رنگ بدل لیتے ہیں۔

اس لیے دوستو! قصور وقت کا نہیں ہے۔ وقت تو بے قصور مسافر ہے۔ قصوروار تو ہم خود ہیں جو حالات کے بدلتیں ہی اپنے اندر کی دنیا بدل لیتے ہیں۔

بدلتا وقت نہیں، بدلتے تو رویے ہیں،

نقاب چہرے سے اترتے ہیں، جو چہرے ہیں وہی رہتے ہیں۔۔۔۔۔

آپ کی اس بارے میں کیا رائے ہے؟ کیا آپ بھی کبھی "وقت" کے کھاتے میں انسانوں کے بدلے ہوئے رویوں کی سزائیں ڈالتے رہے ہیں؟ ضرور بتائیے گا!