پیر، 16 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

رشتوں کا قتل، تحریر: سیدہ الماس فاطمہ

نقطہ نظر
almas fatimah

لاریب اپنے گھر کی اکلوتی اور لاڈلی بیٹی تھی، جس کی زندگی کا ہر لمحہ اب ایک مشین کی مانند بڑی تیزی سے گزر رہا تھا۔ تعلیم مکمل ہوتے ہی اس نے مقامی اسکول میں ٹیچنگ شروع کر دی تھی۔ وہ صبح سویرے اسکول جاتی، شام کو تھکی ہاری گھر پر بچوں کو اکیڈمی کی طرح ٹیوشن پڑھاتی، اور رات گئے تک جاگ کر اسکول کے بچوں کے امتحانی پیپرز اور ہوم ورک چیک کرتی۔ اس تھکا دینے والی کٹھن روٹین کے ساتھ وہ روزانہ اپنے گھر کے تمام چھوٹے بڑے کاموں کو بھی اکیلے انجام دیتی۔ لاریب کو آرام اور سکون کا ایک لمحہ بھی نصیب نہ تھا۔ کچھ سال بعد وہ اس ذہنی اور جسمانی دباؤ سے اس حد تک تنگ آ گئی کہ اس نے ٹیچنگ چھوڑ کر ایک دوسری پرائیویٹ نوکری ڈھونڈ لی۔

حالات نے اس وقت بدترین موڑ لیا جب لاریب کی بوڑھی امی اچانک گر گئیں اور ان کے پاؤں کی فوری سرجری کروانی پڑی۔ بدقسمتی سے وہ سرجری بالکل خراب ہو گئی اور دوبارہ ایکسرے رپورٹ سے پتہ چلا کہ ڈاکٹروں کی فاحش غلطی کی وجہ سے پاؤں معذور ہو چکا تھا۔ امی اب دوبارہ سرجری کے تکلیف دہ عمل سے نہیں گزرنا چاہتی تھیں، لیکن مجبوراً انہیں دوسری سرجری کروانی پڑی۔ اس کٹھن آزمائش کی گھڑی میں لاریب نے سگے رشتوں اور قریبی عزیزوں کی بے حسی کو بہت قریب سے دیکھا۔ جب لالچی اور مطلبی رشتوں کو پتہ چلا کہ امی معذور ہو چکی ہیں اور اس گھر کو پیسوں اور دیکھ بھال کی سخت ضرورت ہے، تو سب نے آہستہ آہستہ کنارہ کشی اختیار کر لی۔ کسی ایک بھی قریبی رشتے دار نے آ کر لاریب کا ہاتھ بٹانے یا دلاسا دینے کی زحمت نہ کی۔ یہ لاریب کے لیے خون کے رشتوں کا جیتا جاگتا قتلِ عام تھا۔

اب گھر کے سارے کام لاریب کے ناتواں کندھوں پر آ چکے تھے۔ ایک دن اس نے امی اور پاپا سے ماسی رکھنے کی ضد کی، لیکن پاپا ماسی کا خرچہ اٹھانے اور رکھنے کے لیے بالکل تیار نہ تھے۔ رشتوں کی اس بے حسی اور گھریلو بوجھ سے نمٹنے کے لیے لاریب نے دن رات ایک کر دیے۔ اس نے آفس کے ساتھ ساتھ آن لائن جاب بھی شروع کی اور راتوں کی نیند قربان کر کے رقم جمع کرنی شروع کر دی۔ آفس میں دوسری لڑکیاں اپنے گھر سے سجائے ہوئے لنچ باکس لاتی تھیں، جبکہ لاریب کے پاس اتنا وقت بھی نہیں ہوتا تھا کہ وہ اپنے لیے کھانا بنا سکے۔ وہ زیادہ تر باہر سے مہنگا کھانا آرڈر کرتی۔ آفس میں ایک جگہ بیٹھ کر کام کرتے ہوئے اس نے سوچا کہ کیوں نہ اس مادی دنیا کے بے حس رشتوں پر بھروسہ کرنے کے بجائے ایک جدید "ہیومنائیڈ روبوٹ" خرید لیا جائے، جو گھر کے کاموں میں اس کی سچی مدد کر سکے۔

کچھ سالوں کی سخت محنت سے لاریب نے ڈھیروں رقم جمع کر لی اور روبوٹ کا آرڈر بک کروا دیا۔ دوسری طرف امی گھر میں ہر وقت اکیلی رہتی تھیں اور طبیعت خراب رہنے کی وجہ سے ان کی گھبراہٹ میں مسلسل اضافہ ہو گیا تھا، کسی خاندانی تقریب کے علاوہ ان کا کہیں جانا نہیں ہوتا تھا۔ ایک دن لاریب نے مسکرا کر امی سے کہا، "آج میں آپ کو ایک شاندار سرپرائز دینے والی ہوں!" اسی لمحے دروازے پر دستک ہوئی۔ امی کے پہنچنے سے پہلے ہی لاریب نے دروازہ کھولا اور ایک چمکتا ہوا ہیومنائیڈ روبوٹ لا کر امی کے سامنے کھڑا کر دیا۔

امی روبوٹ کو دیکھتے ہی پریشان ہو گئیں اور حیران ہو کر پوچھا، "بیٹا! یہ کیا ہے؟" لاریب نے امی کا ہاتھ تھام کر کہا، "امی! یہ روبوٹ ہے اور اب یہ ہمارے گھر کے سارے کام انجام دے گا۔ آپ کو صرف حکم کرنا ہے۔" امی نے گہرا سانس لیا اور اداسی سے بولیں، "انسان کی زندگی میں اب یہ مشین کام کرے گی تو انسان بے کار ہو جائے گا، انسانی جسم کو ورزش کی عادت ہونی چاہیے۔" لاریب نے امی کو گلے لگایا اور نم آنکھوں سے سمجھایا، "امی! یہ روبوٹ ہم سب کی آسانی کے لیے ہے۔ جب ہمارے اپنے خون کے رشتے ہمیں اکیلا چھوڑ کر جا چکے ہوں، تو ایسے بے حس رشتوں کے جیتے جی مر جانے کے بعد ہمیں اپنے سکون کے لیے اس مشین کی ضرورت ہے۔" امی نے لاریب کی آنکھوں میں چھپا درد محسوس کر لیا، انہوں نے خاموشی سے سر ہلایا اور اس روبوٹ کو اپنے گھر کا حصہ بنانے کے لیے تیار ہو گئیں۔