Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

گوگل کے جیمنی اے آئی نے سیکیورٹی ٹیسٹ کے دوران 3 کمپنیوں کو ہیک کرلیا

مصنف:

گوگل نے انکشاف کیا ہے کہ اس کے مصنوعی ذہانت کے ماڈل جیمنی (Gemini AI) نے سائبر سیکیورٹی کی صلاحیت جانچنے کے لیے کیے گئے ایک ٹیسٹ کے دوران تین کمپنیوں کے سسٹمز تک رسائی حاصل کرلی۔


گوگل کی سیکیورٹی انجینئرنگ کی نائب صدر ہیدر ایڈکنز کے مطابق جیمنی نے ٹیسٹ کے دوران انٹرنیٹ پر دستیاب معلومات تلاش کیں اور ایسے لاگ اِن اسناد حاصل کرنے کی کوشش کی جن کی مدد سے وہ تین ویب سائٹس کے محفوظ نظام تک پہنچ گیا۔یہ واقعات رواں سال مئی میں سائبر سیکیورٹی کی آزادانہ جانچ کرنے والی کمپنی Irregular کی جانب سے کیے گئے ٹیسٹ کے دوران پیش آئے۔رپورٹ کے مطابق ایک واقعے میں جیمنی نے مختلف پاس ورڈز کا اندازہ لگاتے ہوئے بالآخر ایک محفوظ سسٹم تک رسائی حاصل کرلی، جبکہ دیگر دو واقعات میں اے آئی نے ایک عوامی ریپوزٹری سے دستیاب اسناد تلاش کیں، جنہیں استعمال کرکے محفوظ سسٹمز تک رسائی حاصل کی گئی۔


ہیدر ایڈکنز نے کہا کہ تینوں اداروں کو واقعے سے آگاہ کردیا گیا تھا اور ٹیسٹ کرنے والی کمپنی کے ساتھ مل کر اس کے طریقہ کار میں تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔ ان کے بقول یہ واقعات اس بات کی اہمیت اجاگر کرتے ہیں کہ طاقتور اے آئی ماڈلز کو ذمہ دارانہ انداز میں کام کرنے کی تربیت دی جائے۔اس سے قبل میٹا، اینتھروپک اور اوپن اے آئی سے متعلق بھی ایسے واقعات سامنے آچکے ہیں۔ اگست میں میٹا نے بتایا تھا کہ اس کے ایک اے آئی ماڈل نے انٹرنیٹ سے منسلک ہونے کے بعد ایک دوسری کمپنی کے سسٹم کو ہیک کیا، جبکہ اینتھروپک نے جولائی میں کہا تھا کہ اس کے اے آئی نے سائبر سیکیورٹی ٹیسٹ کے دوران تین کمپنیوں کو ہیک کیا۔


اے آئی ایجنٹس کو انٹرنیٹ اور کمپیوٹر سسٹمز تک بڑھتی ہوئی خودمختار رسائی ملنے کے باعث ان کی سیکیورٹی اور حفاظتی اقدامات پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔