منگل، 3 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

گلین میکسویل نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا


آسٹریلیا کے جارح مزاج آل راؤنڈر گلین میکسویل نے پیر کی شب انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، جس کے ساتھ ہی ان کا 15 سالہ بین الاقوامی کیریئر اختتام پذیر ہوگیا۔


38 سالہ کرکٹر نے فرسٹ کلاس اور لسٹ اے کرکٹ کو بھی خیرباد کہہ دیا ہے، تاہم وہ بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔ ان کا کلب کے ساتھ معاہدہ 2027-28ء کے سیزن تک بڑھا دیا گیا ہے۔


میکسویل نے اگست 2012 میں افغانستان کے خلاف ون ڈے میچ سے اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے 149 ون ڈے میچز میں 3 ہزار 990 رنز بنائے۔ ون ڈے میں ان کا سب سے بڑا انفرادی اسکور 201 رنز رہا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ون ڈے میں77 وکٹیں بھی حاصل کیں۔


ستمبر 2012 میں انہوں نے پاکستان کے خلاف اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا۔ اس کے بعد انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے 130 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں شرکت کی، جن میں 2 ہزار 897 رنز بنا ئے اور 51 وکٹیں حاصل کیں۔ اس فارمیٹ میں ان کا سب سے بڑا انفرادی اسکور 145 رنز رہا۔


میکسویل نے 2013 میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور آسٹریلیا کی جانب سے مجموعی طور پر 7 ٹیسٹ میچ کھیلے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا سب سے بڑا اسکور بھارت کے خلاف 104 رنز تھا، جب کہ 127 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کرنا ان کی بہترین بولنگ کارکردگی رہی۔


اپنی جارحانہ بیٹنگ اور چھکے لگانے کی صلاحیت کے باوجود میکسویل کچھ عرصے سے خراب فارم کا شکار تھےجس کے باعث انہوں نے جون 2025ء میں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی ، تاہم وہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرتےرہے 2026ء کےٹی 20 ورلڈ کپ میں عمان کے خلاف آسٹریلیا کا آخری میچ ان کا آخری بین الاقوامی مقابلہ ثابت ہوا۔ اس میچ میں انہوں نے 2 وکٹیں حاصل کیں، تاہم انہیں بیٹنگ کا موقع نہیں ملا اور آسٹریلوی ٹیم گروپ مرحلے سے آگے نہ بڑھ سکی۔


میکسویل نے اپنے کرئیر میں 2 مرتبہ ون ڈے ورلڈ کپ جیتا اور 130 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں 154.42 کے اسٹر ائیک ریٹ سے 2 ہزار 897 رنز بنائے، جن میں 5 سنچریاں شامل ہیں۔ یہ بھارتی بیٹر روہت شرما کے ساتھ مردوں کی ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں مشترکہ عالمی ریکارڈ ہے انہوں نے اس فار میٹ میں 51 وکٹیں بھی حاصل کیں، جبکہ 7 ٹیسٹ میچز میں 339 رنز بنائے، جن میں 2017ء میں بھارت کے خلاف رانچی ٹیسٹ کی سنچری بھی شامل ہے۔


میکسویل نے پوڈکاسٹ پروگرام ’دی فائنل ورڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے علیحد گی کا فیصلہ کچھ افسوس ناک ہونے کے ساتھ ساتھ متوقع بھی تھا۔ ان کے مطابق اس فیصلے سے قبل ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران اور اس کے بعد کئی مرتبہ بات چیت ہوئی، تاہم آسٹریلوی ٹیم انتظامیہ کی جانب سے کوئی دباؤ نہیں تھا۔


گلین میکسویل کا کہنا ہے کہ اب وہ اپنی جسمانی فٹنس اور گھٹنے کی تکلیف سے صحت یابی پر توجہ دینا چاہتے ہیں تاکہ اپنے کیریئر کے باقی ٹورنامنٹس میں شرکت کرسکیں۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف آسٹریلیا کی آئندہ وائٹ بال سیریز میں واپسی پر بھی غور کیا تھا، تاہم بگ بیش لیگ کی تیاری کو ترجیح دی۔ میکسویل نے 2021ء کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی کامیابی میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا اور فائنل میں فاتحانہ رنز بنائے تھے۔