منگل، 3 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات آج ہوں گے


حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کے بتدریج خاتمے اور عوامی ریلیف کے حوالے سے اہم مذاکرات آج اسلام آباد میں ہو رہے ہیں۔


ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق، مذاکراتی اجلاس آج دن 11 بجے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے دفتر وزارتِ خارجہ میں منعقد ہوگا مذاکرات میں حکومت کی طرف سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر احسن اقبال اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ  اور  جماعت اسلامی کی طرف سے لیاقت بلوچ، سید فراست شاہ اور انجینئر نصر اللہ رندھاوا شامل ہوں گے۔


نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے بتایا کہ انہوں نے مذاکراتی اجلاس کے سلسلے میں ترکیہ میں مو جود امیرِ جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے آگاہی اور ضروری رہنمائی حاصل کی ہے۔


انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کا بنیادی اور اولین مقصد عوام کو فوری و مؤثر ریلیف دلانا ہے انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ عوام کو وسیع ریلیف دینے اورپیٹرولیم لیوی کا بتدریج خاتمہ ممکن بنانے کا معاملہ فوری طے کرے,حکومت جماعت اسلامی کو اس کا کریڈٹ دے یا نہ دے، اگر عوام کو ریلیف مل جاتا ہے تو یہی ہماری سب سے بڑی کامیابی ہوگی-


نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اگر مذاکرات میں مثبت پیشرفت نہ ہوئی تو ترکیہ سے واپسی پر امیرِ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان ملک بھر کے کارکنان سے آن لائن خطاب کریں گے اور ملتان سے اسلا م آباد کی طرف لانگ مارچ کے آغاز کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کریں گے۔