عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا-
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج منگل کے روز فی اونس سونا 9 ڈالر مہنگا ہونے کے بعد 4 ہزار 183 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا جس کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹ میں آج کاروباری ہفتے کے دوسرے روز 24 قیراط کےحامل فی تولہ سونے کی قیمت 900 روپے کےاضافےسے 4 لاکھ 40 ہزار 836 روپے ہو گئی، جبکہ فی 10 گرام سونا 771 روپے مہنگا ہونے کے بعد 3 لاکھ 77 ہزار 945 روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 6 ہزار 532 روپے پر مستحکم رہی، جبکہ فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی اضافے یا کمی کے 5 ہزار 600 روپے کی سطح پر برقرار رہی۔
ادھر انٹربینک فارن ایکسچینج مارکیٹ میں منگل کے روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا۔
مقامی کرنسی میں ایک پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 276.97 روپے سے کم ہو کر 276.96 روپے کی سطح پر بند ہوا جبکہ گزشتہ روز (پیر کو) پاکستانی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں 276.97 پر بند ہوا تھا۔
6 اہم کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر کی طاقت کا پیمانہ ‘ڈالر انڈیکس’ سست ایشیائی ٹریڈنگ کے دوران 102.56 پر رہا۔ یہ کرنسی گزشتہ سال اپریل کے بعد سے اپنی بلند ترین سطح کے قریب منڈلا رہی ہے۔
منگل کے روز یورو 1.1159 ڈالر پر فلیٹ رہا۔ برطانوی پاؤنڈ بھی 1.3209 ڈالر پر مستحکم رہا،جاپانی ین کے مقابلے میں امریکی ڈالر 0.1 فیصد کمزور ہو کر 158.435 ین پر آگیا۔
جاپان کے مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق ستمبر تک کے ایک سال میں ہول سیل قیمتوں میں 6.8 فیصد اضافہ ہوا جو کہ 7.6 فیصد کے سالانہ تخمینے سے کم ہے۔
علاوہ ازیں چینی یوآن آف شور ٹریڈنگ میں 6.6950 یوآن پر مستحکم رہا اور 4 سال کی بلند ترین سطح کے قریب ٹریڈ کرتا رہا۔
مزید پڑھیں






