وزیراعظم کی اپنا گھر ہاؤسنگ سکیم کیلئے کوائف کا عمل مزید آسان بنانے کی ہدایت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنا گھر ہاؤسنگ سکیم سے مستفید ہونے کے متمنی افراد کے لئے کوائف فراہم کرنے کا عمل مزید آسان بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اپنا گھر، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور زرعی شعبے میں قرضوں کی فراہمی اور مالی وسائل تک رسائی کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ محمد شہباز شریف نےہدایت کی کہ ہاؤسنگ فنانس کے لئے غیر متنازع ملکیتی دستاویزات کا حصول آسان بنایا جائے۔ انہوں نےڈیویلپرز فنانس سے متعلق کمیٹی کی سفارشات کو بھی جلد حتمی شکل دے کر پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپنا گھر، ایس ایم ایز اور زراعت کے شعبوں کو قرضوں کی بروقت فراہمی ملکی معیشت کو فروغ دینے کے لئے ضروری ہے۔انہوں نے قومی تعمیر و ترقی کے لئے ان ترجیحی شعبوں کو قرضوں کی فراہمی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے بینکوں کی حوصلہ افزائی کی۔
وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں، سیکرٹریز اور اسٹیٹ بینک کو ایس ایم ایز، زراعت اور ہاؤسنگ فنانس کے شعبوں سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جاری اسکیموں کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لئے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز حاصل کی جائیں اور رواں ماہ کے اختتام تک سفارشات مرتب کرکے پیش کی جائیں۔
محمد شہباز شریف نےغیر فعال پاسکو گوداموں اور سائلوز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نےکہا کہ نجی شعبے کے تعاون سے کسانوں کی اجناس محفوظ طریقے سے ذخیرہ کرنے کی استعداد بڑھائی جائے۔
وزیراعظم نے الائیڈ بینک کی جانب سے اجناس ذخیرہ کرنے کے گوداموں کے قیام اور ذخیرہ شدہ اجناس کے عوض کسانوں کو قرضوں کی فراہمی کے ماڈل کی پزیرائی کی اور ہدایت کی کہ اس ماڈل کو نجی شعبے کی شمولیت سے وسعت دی جائے۔ وزیراعظم نے بینک کے مجوزہ ایس ایم ای پارک کے قیام کےلئے سرمایہ کاری کے منصوبے کی بھی پزیرائی کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت اب تک 448 ارب روپے مالیت کے 75 ہزار 198 قرضوں کی منظوری ہوئی ہے۔ 14 ہزار افراد کو 76 ارب روپے کے قرضے جاری کئے جا چکے ہیں۔زرعی شعبے کےلئے قرضوں کا مجموعی حجم 1352 ارب روپے ہے، جس سے 34 لاکھ 55 ہزار افراد مستفید ہوئے۔ ایس ایم ای شعبے کے 3 لاکھ 52 ہزار سے زائد کاروباری افراد کو 1,137 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے جا چکے ہیں۔
مزید پڑھیں




