جی 20 اجلاس:روسی وزیر خارجہ کی موجودگی پر احتجاجاً اجتماعی فوٹو سیشن منسوخ
امریکی شہر اٹلانٹا میں جی 20 وزرائے خارجہ اجلاس کے دوران روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کی موجودگی پر یورپی ممالک کے سفارت کاروں نے احتجاجاً اجتماعی تصویر بنوانے سے انکار کردیا جس پر امریکی میزبانوں نے اجلاس کی روایتی ’’فیملی فوٹو‘‘ منسوخ کردی۔
بی بی سی کے مطابق دو حکام نے تصدیق کی ہے کہ جمعے کو ہونے والی اجتماعی تصویر اس وقت منسوخ کی گئی جب متعدد وفود نے روسی وزیر خارجہ کے ساتھ ایک فریم میں کھڑے ہونے سے انکار کردیا۔
اجلاس کی میزبانی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کررہے ہیں اس موقع پر برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین جنگ کا جارح کون ہے، یہ سب جانتے ہیں، اس کی جنگ کے نتیجے میں یوکرین میں بے گناہ شہری ہلاک ہورہے ہیں اور عالمی سطح پر توانائی، رسد اور خوراک کی فراہمی متاثر ہورہی ہے۔
امریکی عہدیدار کے مطابق اجتماعی تصویر منسوخ کرنے کا فیصلہ اس وقت کیا گیا جب واضح ہوگیا کہ بعض ممالک کے وفود مشترکہ تصویر میں شرکت کے لیے تیار نہیں۔
دوسری جانب یوکرین جنگ کے معاملے پر امریکا اور یورپی اتحادیوں کے درمیان اختلافات بھی سامنے آرہے ہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے روس پر بعض پابندیاں معطل کرنے اور روسی ڈیزل کی درآمد کی اجازت دینے کے فیصلے پر یوکرین اور یورپی ممالک نے تنقید کی ہے۔
یوکرینی صدر زیلنسکی نے امریکی فیصلے کو روسی صدر پیوٹن کے لیے تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے جنگ ختم ہونے کے بجائے مزید طول پکڑ سکتی ہے۔
واضح رہے کہ روس نے فروری 2022 میں یوکرین پر مکمل فوجی حملہ کیا تھا اور اب بھی یوکرین کے تقریباً پانچویں حصے پر اس کا کنٹرول ہے۔
مزید پڑھیں





