Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پرواز میں مبینہ بدسلوکی پر ہالی وڈ اداکارہ سلمیٰ بلیئر گرفتاری کے بعد ضمانت پر رہا


ہالی وڈ اداکارہ سلمیٰ بلیئر کو لاس اینجلس سے نیویارک جانے والی ڈیلٹا ایئرلائنز کی پرواز میں مبینہ طور پر بدسلوکی کے واقعے کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔


نیویارک اور نیو جرسی کی پورٹ اتھارٹی پولیس کے مطابق، عملے نے پرواز میں ایک مسافر کی جانب سے جسمانی تشدد کی شکایت کی تھی,پولیس نے پیر کو جاری بیان میں بتایا کہ فلموں کریول انٹینشنز اور ہیل بوائے میں اداکاری کے لیے معروف سلمیٰ بلیئر اتوار کی شام پیش آنے والے واقعے میں مشتبہ ہیں,انہیں نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر حراست میں لینے کے بعد طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔


پولیس کے مطابق، واقعے میں 2 فضائی میزبان زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کو طبی امداد کے لیے اسپتال لے جایا گیا،ڈیلٹا ایئرلائنز نے پیر کو اپنے بیان میں کہا کہ وہ کسی بھی قسم کے غیر مناسب یا غیر قانونی رویے کو برداشت نہیں کرتی، کیونکہ مسافروں اور عملے کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے۔


https://x.com/OliLondonTV/status/2109882226511093762?s=20


نیویارک کے علاقے کوئنز میں پیر کو ہونے والی عدالتی سماعت کی آن لائن سامنے آنے والی ویڈیو کے مطابق، اداکارہ پر حملے کے الزامات کے علاوہ گرفتاری کے دوران ایک پولیس افسر اور بعد ازاں اسپتال میں ایک نرس کو لات مارنے کا الزام بھی عائد کیا گیا،بعد ازاں سلمیٰ بلیئر کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا،


ان کے ترجمان نے مؤقف اختیار کیا کہ دورانِ پرواز انہیں طبی ہنگامی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں مبینہ واقعہ پیش آیا،طیارے کے اترتے ہی انہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور اب ان کی حالت مستحکم ہے۔


واضح رہے کہ 54 سالہ سلمیٰ بلیئر متعدد مواقع پر اپنے مرض ملٹی پل اسکلروسیس کے بارے میں عوامی سطح پر بات کر چکی ہیں،انہیں 2018 میں اس خودکار مدافعتی نظام سے متعلق بیماری کی تشخیص ہوئی تھی۔