تحریک انصاف کا مقابلہ کرنے کے لیے تنِ تنہا ہی کافی ہوں،فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کے حالات بچانے کے لیے ایمرجنسی نافذ کرنا پڑی تو گریز نہیں کریں گے-
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ اگر کسی صوبے میں حالات اس نہج پر پہنچ جائیں جہاں ریاستی مداخلت ضروری ہو تو صدر مملکت، وزیراعظم اور دیگر آئینی ادارے آئین کے مطابق مناسب اقدامات کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔
انہوں نے تحریک انصاف کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مخالفین صرف زبانی جمع خرچ اور بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں، لیکن عملی طور پر ان کی کوئی تیاری نہیں۔ پی ٹی آئی رہنما یا تو روپوش ہو رہے ہیں یا خود ساختہ گرفتاریاں پیش کر رہے ہیں وہ مخالفین کی طرح ہوائی فائرنگ یا بڑی بڑی دھمکیاں نہیں دیتے، اور جب باقاعدہ میدان سجنے کا وقت آئے گا تو ان سے نمٹنا خوب جانتے ہیں, تحریک انصاف کا مقابلہ کرنے کے لیے تنِ تنہا ہی کافی ہوں-
انہوں نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دعوؤں پر طنز کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیسا لانگ مارچ ہے اور کہاں ہو رہا ہے؟ پشاور سمیت پورے صوبے میں نہ کوئی کارنر میٹنگ نظر آئی اور نہ ہی کوئی بینر دکھائی دیا,گورنر خیبر پختونخوا نے دعویٰ کیا کہ عوام نے لانگ مارچ کے نام پر صرف رہنماؤں کی روپوشی اور گرفتاریوں کا ڈراما دیکھا ہے۔
انہوں نے تحریک انصاف کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ دعوے تو بہت کیے جا رہے ہیں، لیکن ذرا صوابی کراس کرکے تو دکھائیں۔ ان کے پاس نہ کوئی حکمت عملی ہے اور نہ ہی سیاسی بصیرت، بس کوشش ہے کہ کسی طرح وقت گزارا جائے اور صوابی تک پہنچنے سے بچا جائے۔
مزید پڑھیں





