آئی ایم ایف مشن پاکستان پہنچ گیا، اقتصادی جائزہ مذاکرات کا آغاز

اسلام آباد: قرض پروگرام کی اگلی قسط کے اجرا کے لیے اقتصادی جائزہ مذاکرات کی غرض سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا مشن پاکستان پہنچ گیا۔ مشن آج سے اسٹیٹ بینک حکام کے ساتھ تکنیکی مذاکرات کا آغاز کرے گا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف مشن اس وقت کراچی میں موجود ہے، جہاں پہلے مرحلے میں اسٹیٹ بینک حکام کے ساتھ تکنیکی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ اس دوران مرکزی بینک کے حکام وفد کو پاکستان کی معاشی کارکردگی، زرمبادلہ کے ذخائر، مانیٹری پالیسی، درآمدات اور فارن ایکسچینج کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے زرمبادلہ کے ذخائر 17 ارب ڈالر سے زیادہ رکھنے کا ہدف حاصل کرلیا ہے، جبکہ تکنیکی مذاکرات میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے سے متعلق امور بھی زیر بحث آئیں گے۔آئی ایم ایف وفد کو پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافے کے اقدامات، یورو بانڈ کے کامیاب اجرا اور بیرونی ذرائع سے حاصل ہونے والی رقوم کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ساتھ مذاکرات مکمل ہونے کے بعد آئی ایم ایف مشن 25 ستمبر کو اسلام آباد روانہ ہوگا، جہاں وفد صوبائی حکومتوں اور کاروباری برادری کے نمائندوں سے بھی بات چیت کرے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئی ایم ایف ٹیم کے ساتھ پاکستان کے باضابطہ مذاکرات 28 ستمبر سے شروع ہوں گے۔ یہ مذاکرات وزیر خزانہ کی امریکا سے واپسی کے بعد شروع کیے جائیں گے، جن میں وزارت خزانہ، وزارت نجکاری، وزارت توانائی اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے حکام کے ساتھ مختلف ادوار میں بات چیت ہوگی۔
مزید پڑھیں





