جمعرات، 29 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

طلبہ کی حمایت پر بھارتی وزیر کی نصیرالدین شاہ پر شدید تنقید،اربن نکسل قرار دیا

naseer u din shah

بھارت کے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے معروف اداکار نصیرالدین شاہ کو دہلی کی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے احتجاج کرنے والے طلبہ کی حمایت میں بولنے پر شدید تنقید کرتے ہوئے ’اربن نکسل‘ اور ’تخریبی ذہن رکھنے والا دانشور‘ قرار دیا-


بھارتی میڈیا کے مطابق نصیرالدین شاہ نے منگل کو فیس بک پر جاری ویڈیو میں خود کو ’دماغی نکسل‘ قرار دیا اور کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ حکومت کےناقدین کے لیے مزید کون سے القاب استعمال کیے جاتےہیں انہوں نے بھارتی حکومت پر نوجوانوں کی حوصلہ شکنی، تعلیمی نظام کو نقصان پہنچانے اور جمہوریت کو خطرے میں ڈالنے کا الزام بھی عائد کیا۔


کرن رجیجو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ پہلے نصیرالدین شاہ کو ایک عام اداکار سمجھتے تھے اور ان کی عز ت کرتے تھے، تاہم اب انہیں اداکار کا ’اصل کردار‘ معلوم ہوا ہے۔ وزیر نے ان کے طرزِعمل کو بھارتی جمہوریت کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔


نصیرالدین شاہ نے اپنی ویڈیو میں جامعہ ملیہ اسلامیہ، جواہر لعل نہرو یونیورسٹی اور ستیہ جیت رے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ میں طلبہ کے احتجاج کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے ساتھ ہونے والے سلوک کو یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ وہ نوجوانوں کے حوصلے توڑنے اور تعلیمی اداروں کو نقصان پہنچانے کے لیے مزید کیا کرے گی۔


اداکار حالیہ مہینوں میں مختلف تعلیمی اداروں کے احتجاج کرنے والے طلبہ کی حمایت میں بیانات دیتے رہے ہیں۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ کا مطالبہ ہے کہ طلبہ یونین کے انتخابات کے لیے باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے اور یونین کے آئین کی منظوری کے لیے واضح مدت مقرر کی جائے۔ جامعہ میں 2006 کے بعد سے طلبہ یونین کے انتخابات نہیں ہوئے۔