جمعرات، 29 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اسرائیلی پولیس نے نیتن یاہو کی پارٹی کا عرب جماعتوں پر دھاندلی کا الزام مستردکردیا


اسرائیلی پولیس نے وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی کی جانب سے عرب جماعتوں پر انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے، جبکہ ‘ڈبل لفافہ’ (خاص ووٹرز کے) ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔


اسرائیلی پولیس نے وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو کی سیاسی جماعت ‘لیکوڈ پارٹی’ کے ان دعوؤں کو یکسر مسترد کر دیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ عرب جماعتوں نے انتخابات ’چوری‘ کر لیے ہیں۔ یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک میں ‘ڈبل لفافہ’ ووٹوں کی گنتی کا عمل ابھی جاری ہے۔


اسرائیل میں مقامی عبرانی زبان کے میڈیا کو معلومات فراہم کرتے ہوئے پولیس کے ایک اعلیٰ ذریعے نے بتایا ’پچھلے انتخابات کے مقابلے میں بھی اس بار الیکشن کا دن انتخابی شفافیت سے متعلق انتہائی کم غیر معمولی واقعات کے ساتھ پرامن انداز میں گزرا، لیکوڈ پارٹی کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی حمایت کے لیے کسی بھی قسم کے تحقیقاتی یا انٹیلی جنس شواہد موجود نہیں ہیں۔


واضح رہے کہ پولیس سے قبل مرکزی الیکشن کمیٹی (سی ای سی) کے ایک سینئر اہلکار نے بھی دھاندلی کے ان الزامات کو یکسر مسترد کر دیا تھاووٹوں کی جاری گنتی کے دوران، منگل کے روز ہونے والے انتخابات میں عرب کمیونٹی کی بے مثال اور تاریخی شرکت دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں عرب جماعتوں نے 19 نشستوں پر تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔


عبرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، پولنگ سے قبل ہی یہ خبریں سامنے آ رہی تھیں کہ اگر نتن یاہو کو واضح اکثریت نہ ملی تو لیکوڈ پارٹی نے عرب اکثریتی علاقوں کے نتائج کو چیلنج کرنے اور انتخابات کو ’چوری شدہ‘ قرار دینے کا پہلے سے ہی منصوبہ بنا رکھا تھا، جس کے لیے متعدد شکایات اور الزامات کا مسودہ پہلے سے تیار کیا گیا تھا۔