وزیراعظم کی زیر صدارت موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ سے متعلق اجلاس

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں گیس کی طلب، فراہمی اور موسم سرما کے لیے پیشگی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے گیس لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے جامع لائحہ عمل مرتب کرنے اور تمام ضروری پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے گیس لوڈ مینجمنٹ کی حکمت عملی پر عملدرآمد سے متعلق بھرپور عوامی آگہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔شہباز شریف نے موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں گیس کی بلا تعطل درآمد یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس کو گیس لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے کیے جانے والے پیشگی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مقامی گیس کی فراہمی میں گھریلو صارفین کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ بجلی کی پیداوار اور صنعتوں کے لیے آر ایل این جی کو ترجیح حاصل ہوگی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گھریلو سطح پر مقامی گیس کے متبادل ذرائع توانائی کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے عوامی آگہی مہم شروع کی جائے گی۔ ملک کے شمالی علاقوں میں موجود گیس کے ذخائر سے بلا تعطل ترسیل یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ واٹر اور اسپیس ہیٹنگ کے لیے بجلی سے چلنے والے آلات کے استعمال کے حوالے سے بینک فنانسنگ کی سہولت متعارف کرانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
مزید پڑھیں





