منگل، 13 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

میکسیکو: چار گھنٹے کی پرواز کے بعد 28 سالہ خاتون اپنی نشست پر مردہ پائی گئیں

مصنف:

میکسیکو میں چار گھنٹے کی پرواز کے بعد 28 سالہ خاتون مسافر اپنی نشست پر مردہ پائی گئیں۔ طیارے سے دیگر مسافروں کے اترنے کے دوران لوگوں نے محسوس کیا کہ خاتون حرکت نہیں کر رہیں، جس کے بعد واقعے کا انکشاف ہوا۔


امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کے مطابق خاتون بدھ کی صبح میکسیکو کی ریاست چیپاس میں طیارے کی لینڈنگ کے بعد اپنی باری آنے پر بھی نشست سے نہ اٹھیں اور بے حس و حرکت پائی گئیں۔رپورٹ کے مطابق تقریباً چار گھنٹے پر مشتمل پرواز کے دوران بظاہر کوئی غیر معمولی صورتِ حال پیش نہیں آئی اور واقعے کا علم طیارے کے اختتامِ سفر پر پہنچنے کے بعد ہوا۔ایئرپورٹ کے اندر بنائی گئی ویڈیو میں حکام کو خاتون کی لاش طیارے سے باہر لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں لاش کو کسی چادر جیسی چیز میں لپیٹ کر لے جاتے دکھایا گیا ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق خاتون کا نام عبیدائی لوپیز سولیس تھا۔ وہ سرحدی شہر میں ملازمت کرنے کے بعد اپنے اہلِ خانہ سے ملنے کے لیے چیپاس واپس جا رہی تھیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خاتون کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم جاری ہے، تاہم ابتدائی نتائج کے مطابق موت کا تعلق دل اور سانس کی فعالیت اچانک بند ہونے سے ہو سکتا ہے۔نیویارک پوسٹ کے مطابق اخبار نے اس واقعے پر مؤقف جاننے کے لیے وولاریس ایئرلائن سے بھی رابطہ کیا ہے۔


یہ واقعہ ایک اور فضائی سفر کے دوران مسافر کی موت کے تقریباً دو ماہ بعد پیش آیا ہے، جب لاس اینجلس جانے والی ساؤتھ ویسٹ ایئرلائن کی پرواز میں 22 سالہ مسافر رین میک ملن کی طبیعت خراب ہونے کے بعد موت ہو گئی تھی۔