سہ ملکی سیریز کا فائنل جیتنے پر محسن نقوی کی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے سہ ملکی کرکٹ سیریز کے فائنل میں سری لنکا کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کرنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے-
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ فائنل میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے سری لنکا کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے فتح اپنے نام کی،انہوں نے قومی ٹیم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ویلڈن گرین شرٹس ، ویلڈن فخر زمان۔
محسن نقوی نے کہا کہ فخر زمان، عرفات منہاس اور سعد بیگ کی جارحانہ بیٹنگ نے فائنل میں پاکستان کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا قومی کرکٹرز نے بہترین ٹیم ورک اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ثابت کیا کہ جذبے، لگن اور پختہ عزم کے ساتھ میدان میں اترنے سے کامیابی حاصل ہوتی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ پاکستانی ٹیم نے فائنل مقابلے میں بہترین نظم و ضبط اور غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کیا،سہ ملکی سیریز میں کامیابی کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کی سخت محنت کا نتیجہ ہے۔
محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ قومی کرکٹ ٹیم اپنی عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھے گی اور مستقبل میں بھی کامیابیاں حاصل کرکے ملک کا نام روشن کرے گی۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے لاہور میں کھیلے گئے فائنل میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
مزید پڑھیں




