ہفتہ، 31 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سہ ملکی سیریز کا فائنل جیتنے پروزیراعظم اور صدر مملکت کی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد


صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سہہ ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل میں سری لنکا کے خلاف پاکستان کی تاریخی کامیابی پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے-


صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل، محنت اور ٹیم ورک کے ذریعے کامیابی حاصل کی، جو پوری قوم کے لیے خوشی اور مسرت کا باعث ہے۔


صدر زرداری نے سیریز میں شریک تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں،انہوں نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقو ی کو بھی تین ملکی سیریز کے کامیاب انعقاد اور قومی ٹیم کی فتح پر مبارکباد پیش کی۔


دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی ٹیم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کو مبارکباد دی اور کہا کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں تین ملکی سیریز کے فائنل میں سری لنکا کے خلاف تاریخی فتح حاصل کی گئی۔


وزیراعظم نے فخر زمان کی شاندار سینچری کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد 2 باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں، عرفات منہاس اور حسن نواز، کے درمیان بہترین شراکت داری دیکھنے میں آئی،میچ کے بہترین انتظامات کیے گئے، جبکہ قومی ٹیم نے اجتماعی کوشش، عزم اور ٹیم ورک کا شاندار مظاہرہ کیا۔


وزیراعظم نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کو مبارکباد پیش کی اور بالخصوص ان لاکھوں پُرجوش شائقینِ کرکٹ کو بھی مبارکباد دی جنہوں نے قومی ٹیم کی بھرپور حمایت کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی ایسی مزید کامیابیاں حاصل کرے گی۔