گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ کی موت پر وزیراعظم کا سخت نوٹس ،وزیر داخلہ کی مرحومہ کے گھر جا کر اہلخانہ سے تعزیت

امریکی یونیورسٹی میں داخلے کے فراڈ سے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کرنے والی 20 سالہ گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ اعجاز کے لرزہ خیز و ا قعے پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری اور کڑی سزا کا حکم دے دیا ہے۔
دارالحکومت اسلام آباد میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے، جہاں ایک ذہین طالبہ تعلیمی فراڈ کا شکار ہو کر موت کی وادی میں چلی گئی۔ اس افسوسناک معاملے پر اعلیٰ ترین حکومتی شخصیات نے فوری ایکشن لے لیا ہے۔
20 سالہ لائبہ نے اسلامک یونیورسٹی سے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا اور وہ مزید اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے امریکا جانا چاہتی تھیں، اس دوران وہ ایک نوسرباز ایجنٹ کے ہتھے چڑھ گئیں جس نے انہیں ہارورڈ یونیورسٹی میں داخلہ اور ویزا دلانے کا جھانسہ دے کر بھاری رقم کا مطالبہ کیا۔
لائبہ کے غریب والد نے اپنا فلیٹ بیچ کر جعلساز ایجنٹ کا مطالبہ جزواً پورا کیا۔ بعد میں جب لائبہ کو معلوم ہوا کہ ایجنٹ کی فراہم کردہ تمام دستاویزات جعلی ہیں اور ان پر داخلہ ممکن نہیں، تو وہ سخت دلبرداشتہ ہو گئیں گزشتہ روز وہ گھر سے نکلیں اور قریبی گرین بیلٹ میں جا کر ایک کم بلند درخت سے کپڑے کا پھندا باندھ کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
خودکشی سے قبل انہوں نے ایک عزیز سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب والد کو اس فراڈ کا پتہ چلے گا تو انہیں شدید صدمہ ہوگا،بعد میں لائبہ کی پھندے سے لٹکتی ہوئی لاش برآمد ہوئی، جس پر ان کے گھر والی گلی اور پورا علاقہ گہرے سوگ میں ڈوبا ہوا ہے۔
ہفتہ کے روز وزیراعظم شہباز شریف نے اس واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل اور چیف کمشنر کو ہدایت کی کہ لائبہ کے ساتھ فراڈ کرنے والے ملزم کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق عبرتناک سزا دلوائی جائے۔
وزیراعظم نے اس حوالے سے متعلقہ حکام کو بھی طلب کیا۔ اہل خانہ کی درخواست پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بھی اس گھناؤنے کیس میں فوری کارروائی اور تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
ہفتہ کی شام وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیرمملکت طلال چوہدری کے ساتھ خود مرحومہ طالبہ لائبہ اعجاز کے گھر گئے اور ان کے والد سے دلی تعزیت کا اظہار کیا طالبہ کے والد وزیر داخلہ کے گلے لگ کر روپڑے وزیر داخلہ نے فاتحہ خوانی کے بعد لواحقین کو یقین دلایا کہ اس سانحے کی مکمل تحقیقات کروائی جا رہی ہیں اور لائبہ کو موت کے منہ میں دھکیلنے والے ملزمان کو کڑی سزا دلوائی جائے گی۔
https://x.com/current_scope/status/2108979536406966391?s=20
متاثرہ خاندان سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ طالبہ لائبہ کی موت پر انہیں ذاتی طور پر شدید دکھ ہوا ہے،اس فراڈ میں جو بھی ملوث ہے اسے جلد پکڑیں گے، رقوم کی ریکوری کریں گے اور سزائیں بھی دلوائیں گے،ا س شخص نے جس طرح نوکری اور باقی چیزوں کے نام پر پیسے لیے ہیں، اس کا بھرپور بندوبست کیا جائے گا۔
ہماری پولیس اور ایف آئی اے اس کے پیچھے لگی ہوئی ہے پاکستان میں بیرون ملک بھیجنے والے جعلساز گینگز کی سرگرمیوں میں کمی آئی ہے اور یورپی یونین نے بھی ویزا فراڈ میں کمی کو تسلیم کیا ہے،ا ین سی سی آئی اے فعال ہے اور پنجاب میں اس کے 61 ملازمین کام کر ر ہے ہیں وزیراعظم کی ہدایت پر ایسے کیسز کی شکایات پاک آئی ڈی پر بھی لی جا رہی ہیں اور ایسے شقی القلب ایجنٹس کے خلاف اب اور بھی زیادہ بھرپور کارروائی کی جائے گی۔
مزید پڑھیں





