رسل برینڈ نے مجھے بھی تشدد اور زیادتی کا نشانہ بنایا، جمائما گولڈ سمتھ کا انکشاف

معروف برطانوی کامیڈین اور اداکار رسل برینڈ کو ریپ اور جنسی ہراسانی کے مقدمے میں ساڑھے 10 سال قید کی سزا سنائے جانے کے چند ہی گھنٹوں بعد جمائما گولڈ سمتھ بھی سامنے آگئی ہیں۔
برطانوی عدالت کی جانب سے اداکار رسل برینڈ کو سزا سنائے جانے کے بعد جمائما گولڈ سمتھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری ایک بیان میں اپنے ساتھ پیش آنے والے تلخ تجربات کا ذکر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ رسل برینڈ کے تشدد، کنٹرولنگ رویے اور بدسلوکی کا خود بھی شکار رہی ہیں۔ جمائما کے مطابق 2014 میں ایک شدید پرتشدد واقعے کے بعد انہیں پولیس بلانا پڑی تھی تاکہ برانڈ کو ان کے گھر سے نکالا جا سکے،اس وقت انہوں نے میڈیا کی توجہ اور اپنے بچو ں پر اس کے منفی اثرات کے خوف سے رسل برانڈ کے خلاف قانونی کارروائی یا چارجز عائد نہیں کروائے تھے-
جمائما کا کہنا تھا کہ اگرچہ میری تکلیف ان خواتین کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں جنہوں نے عدالت میں گواہی دی، لیکن وہ میری زندگی کا ایک انتہائی مشکل دور تھا جس کے اثرات آج بھی میری زندگی پر قائم ہیں، جمائما کے مطابق انہوں نے کئی برسوں تک ان صحافیوں کی مدد کی جنہوں نے بالآخر رسل برینڈ کی اصل حقیقت کا پردہ چاک کیا اگر متاثرہ خواتین کے بیانات شائع کرنے والے اخبار پر کوئی مقدمہ درج ہو تا، تو وہ بھی عدالت میں برانڈ کے رویے کے خلاف گواہی دینے کے لیے تیار تھیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ پہلے بھی اور اب بھی مکمل طور پر رسل برینڈ کا شکار بننے والی تمام خواتین کے ساتھ کھڑی ہیں ’میں ان بہادر خواتین کی ہمت پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے آگے بڑھ کر اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیاں بیان کیں، گواہی دی اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا۔
جمائما کے مطابق 2014 کے بعد سے ان کا برانڈ سے کوئی رابطہ نہیں رہا، اور انہیں اس بات کی خوشی اور سکون ہے کہ بالآخر رسل برانڈ کو اپنے کیے کی سزا مل گئی۔
رہے کہ گزشتہ ہفتے جیوری نے رسل برینڈ کو 2004 سے 2009 کے درمیان 4 خواتین کے ساتھ ایک ریپ اور جنسی ہراسانی کے تین واقعات میں گنہگار قرار دیا تھا، جبکہ 2 دیگر ریپ اور ایک اقدامِ ہراسانی کے الزام سے انہیں بری کر دیا گیا تھا۔ عدالت نے پیر کے روز انہیں ساڑھے 10 سال قید کی سزا سنائی ہے برینڈ کی قانونی ٹیم 28 دنوں کے اندر سزا یا فیصلے کے خلاف اپیل کی درخواست دائر کر سکتی ہے۔ پیرول پر رہائی کے لیے برانڈ کو اپنی سزا کا کم از کم دو تہائی حصہ جیل میں کاٹنا ہوگا۔




