بدھ، 11 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ پر بم دھماکے کی دوسری دھمکی


بھارتی پنجابی اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ کو ایک بار پھر دھمکی موصول ہوئی ہے۔


بھارت کے معروف پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کے 15 نومبر کو اندور میں ہونے والے کنسرٹ کو ایک ہفتے کے دوران دوسری بار بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی ہے جس کے بعد مدھیہ پردیش کے تین شہروں اندور، گوالیار اور بھوپال میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔


بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے گوالیار بینچ کو موصول ہونے والی ایک دھمکی آمیز ای میل میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کے اسٹیج پر دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈی) نصب کیا جائے گا۔ یہ کنسرٹ اندور کے سی 21 گراؤنڈ میں منعقد ہونا ہے، جہاں گلوکار اپنے ’آورا ٹور‘ کے تحت پرفارم کریں گے۔


دھمکی آمیز ای میل میں اندور، گوالیار اور بھوپال کے مختلف اداروں، شخصیات اور مقامات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ گوالیار ہائی کورٹ کی عمارت اور ججوں کی رہائش گاہوں کے اطراف سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔


پولیس ہیڈکوارٹرز کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس رابن جین نے ای میل موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پیغام میں گلوکار دلجیت دوسانجھ کے آئندہ کنسرٹ کے حوالے سے دھمکی دی گئی ہے اور بعض دیگر اداروں کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں۔


دوسری جانب دلجیت دوسانجھ نے کنسرٹ منسوخ ہونے سے متعلق خبروں اور قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پروگرام طے شدہ شیڈول کے مطابق منعقد ہوگا۔ انسٹاگرام لائیو سیشن میں مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ 15 نومبر کو ’101 فیصد‘ اندور پہنچیں گے،گلوکار نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ کنسرٹ سے قبل وہ سب سے پہلے اندور کا مشہور پوہا کھانے جائیں گے۔