سیرت انسائیکلوپیڈیا ( نظر ثانی شدہ ایڈیشن ، 6جلدیں ) تبصرہ نگار : عبدالغفار مجاہد
نقطہ نظرسیرت انسائیکلوپیڈیا (اللُّؤْلُؤْ الْمَکْنُوْنُ)دارالسلام انٹرنیشنل کا ایک ایسا عظیم الشان تاریخی اور علمی شاہکار ہے جسے عالم اسلام میں سیرت نگاری کے باب میں ایک شاندار اضافہ قرار دیا جا سکتا ہے۔ یوں تو سیرتِ طیبہ پر ہر دور میں سیرت نگاروں ، مورخین، علما اور قلم کاروں نے بے شمار کتب تحریر کی ہیں لیکن عصری تقاضوں، علمی و سائنسی تحقیقات اور معروضی اندازِ تحریر کو مدنظر رکھتے ہوئے جس انداز میں دارالسلام نے اس انسائیکلوپیڈیا کو مرتب کیا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔یہ محض ایک روایتی سیرت کی کتاب نہیں بلکہ رسول االلہ ﷺ کی حیاتِ مبارکہ، آپ کے اسوہ حسنہ ، تعلیمات، غزوات وسرایا، فتوحات ، معاشرتی و سیاسی زندگی اور عبادات واحکامات کا ایک ہمہ گیر اورجامع دائرۃ المعارف (Encyclopedia) ہے۔اس پروجیکٹ کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ جدید دور کے قارئین، بالخصوص محققین، اساتذہ اور طلبہ کو سیرتِ نبوی کے ہر گوشے اور ہر پہلو کے بارے میں مستند، تحقیقی اور جدید ترین معلومات میسر آسکیں۔ اس مقصد کی خاطر دارالسلام لاہور میں معروف اہل علم اور جید علما ء کی خدمات حاصل کی گئیں ۔درجن بھر علماء ، مؤرخین، محققین اور مترجمین نے سالہا سال محنت کی ، مختلف مصادر سے سیرت طیبہ کے واقعات اکٹھے کیے ، ہر واقعہ کی سند اور تاریخی مصادر کی باریک بینی سے چھان بین کی گئی ۔
سیرت انسائیکلوپیڈیا کی تیاری کے مختلف مراحل میں تصنیف وتالیف کے فرائض محسن فارانی ( ایم اے اردو ، ماہرِ تاریخ وجغرافیہ دان ، ولسانیات) ، حافظ محمد ابراہیم کیلانی ( ایم اے اسلامیات و فاضل مدینہ یونیورسٹی ) ، حافظ عبداللہ ناصر مدنی اور دیگر علماء نے انجام دیے ہیں ۔ شیخ الحدیث مولانا ارشاد الحق اثری ، اسلامی نظریاتی کونسل کے سینئر ریسرچ سکالر اور معروف مترجم مولانا محمد خالد سیف نے تصحیح وتنقیح اور نظر ثانی کا خوب حق ادا کیا ۔اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق ممبر اور مفسر قرآن حافظ صلاح الدین یوسف مرحوم اور علوم عالیہ کے محرم پروفیسر محمد یحیٰ کے وقیع مشورے بھی اس تاریخی کام میں شامل رہے ۔محسن فارانی نے تمام جلدوں میں مفید حواشی ، قدیم وجدید نقشوں اور نبی کریم اور صحابہ کرام وصحابیات کے نادر شجروں کا اہتمام کیا ۔ زبان وبیان میں یکسانی کے لیے اردو زبان کے ماہر احمد کامران مرحوم دہلوی بھی فعال کردار ادا کرتے رہے ۔
آخر وہ وقت بھی آگیا جس کے لیے برسوں محنت کی گئی تھی ۔1912ء کے اوائل میں گیارہ جلدوں پر مشتمل سیرت انسائیکلو پیڈیا کا پہلا ایڈیشن آرٹ پیپر پر فور کلر میں بہترین ڈیزائیننگ کے ساتھ سے بیروت سے طبع کرکے شاہکار انداز میں پیش کیا گیا ۔یہ بات معلوم ہے کہ دارالسلام انٹرنیشنل معیاری پرنٹنگ کی وجہ سے دنیا بھر میں جانا جاتا ہے اور سیرت انسائیکلو پیڈیا اس کا بہترین نمونہ ہے جونہ صرف تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا بلکہ اسلامی تہذیب، تاریخ اور معرفت و ہدایت کا ایک جامع خزانہ ہے ۔
دارالسلام انٹرنیشنل کے مینجنگ ڈائریکٹر عبدالمالک مجاہد کہتے ہیں: ہماری خواہش تھی کہ سیرت انسائیکلوپیڈیا اسی طرح گیارہ جلدوں پر مشتمل زیور ِ طباعت سے آراستہ ہوتا رہے لیکن بدلتے حالات نے ہمیں رائے بدلنے اور اسے کم جلدوں میں شائع کرنے کی راہ سجھائی ۔سو اب قارئین کے ہاتھوں سیرت انسائیکلوپیڈیا 6جلدوں میں دو کلر کے ساتھ حاضر ہے ۔ گویا یہ نقش ثانی ہے اور یہ بات معلوم ہے کہ نقش ثانی نقش اول سے بہتر ہوتا ہے ۔ دو کلر میں ہونے کی وجہ سے مقامات ومساجد کی تصاویر حذف کردی گئی ہیں ۔ نقشے اور شجرے تمام کے تمام برقرار رکھے گئے ہیں، بلکہ کچھ نقشے اور شجرے مزید شامل کیے گئے ہیں ۔ بعض مقامات پر مفید اضافے اور تشریحی نوٹ بھی دیے گئے ہیں ۔ ان خصوصیات کی بناپر یہ طبع پہلے سے مزید مفید اور بہتر ہوگئی ہے ۔
پروفیسر محمد یحیٰ مرحوم کے قلم سے 77صفحات پر مشتمل ایک نہایت وقیع علمی اور جامع مقدمہ بھی شامل اشاعت ہے ۔ سیرت انسائیکلوپیڈیا کی سب سے بڑی خوبی اس کا تحقیقی معیار ہے۔اس میں پیش کیے گئے تمام واقعات اور معلومات قرآن مجید ، صحیح احادیث اور مستند کتبِ سیرت سے ماخوذ ہیں۔ ضعیف اور من گھڑت روایات سے مکمل طور پر پرہیز کیا گیا ہے۔ روایتی وعظ و نصائح والے اسلوب سے ہٹ کر اس میں علمی، تحلیلی اور منطقی اندازِ بیان اپنایا گیا ہے تاکہ عصری اور سائنسی ذہن رکھنے والے قارئین بھی اس سے متاثر ہو سکیں۔ درج ذیل موضوعات کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے ۔ بعثت سے قبل کا عر ب ، اس وقت کے عرب ، ان کی ہمسایہ اقوام وممالک کے جغرافیائی، سیاسی، سماجی اور مذہبی حالات۔ مکی اور مدنی زندگی کا تفصیلی اور مرحلہ وار جائزہ۔سفر معراج وسفر طائف اور ہجرت نبوی۔ اسلامی جنگوں کے اسباب، نتائج، حکمتِ عملی اور ان سے حاصل ہونے والے دروس۔ آپ ﷺ بحیثیتِ والد، شوہر، حکمران، سپہ سالار، معلم اور قاضی۔ عبادات، معاملات، معیشت اور بین الاقوامی تعلقات سے متعلق نبوی ہدایات۔ ازواجِ مطہرات، صحابہ کرام اور اہل بیتِ اطہار کا سیرت میں کردار۔سرایا و غزواتِ نبوی، ہجرت کے راستوں، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی حدود ، عرب قبائل کے مساکن ، عرب اور ان کی ہمسایہ اقوام اور سلطنتوں کے خوبصورت نقشے بھی شامل کیے گئے ہیں، جس سے قارئین کو اس دور کا ماحول سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ موجودہ دور میں مستشرقین (Orientalists) اور اسلام مخالف مفکرین کی جانب سے سیرتِ نبوی اور اسلام پر کیے جانے والے اعتراضات کے کافی وشافی جوابات بھی اس شاہکار انسائیکلو پیڈیا کی زینت ہیں۔ نبی کریم ﷺ کی متعدد شادیوں، غزوات، غلامی کے خاتمے، خواتین کے حقوق اور غیر مسلموں سے تعلقات جیسے موضوعات پر اٹھائے جانے والے سوالات کے عقلی، نقلی اور تاریخی دلائل کے ساتھ تسلی بخش جوابات بھی دیے گیے ہیں ۔حقیقت یہ ہے کہ یہ عظیم الشان دائرۃ المعارف ہر طبقہ فکر کے لیے فائدہ مند ہے۔یہ علماء ، کالج و یونیورسٹی کے پروفیسرز کے لیکچرز اور مقررین کے خطباتِ جمعہ اور درسِ قرآن و حدیث کے لیے مستند اور یکجا مواد فراہم کرتا ہے، نیز محققین ، سکالرز، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبہ کے لیے ریفرنس (Reference) کا بہترین ذریعہ ہے۔علاوہ ازیں یہ قاری کو جہاں ایمان کی حلاوت اور محبتِ رسول ﷺ سے سر شار کرتا ہے وہیں یہ عقل و بصیرت کو بھی روشن کرتا اور سیرت النبی ﷺ کو عملی زندگی میں اپنانے کا جذبہ بھی پیدا کرتا ہے۔ اگرچہ اس کی ضخامت اور اعلیٰ معیار کی وجہ سے اس کی قیمت عام کتب کے مقابلے میں نسبتاً زیادہ ہو سکتی ہے لیکن اس کی علمی و تحقیقاتی قدروقیمت کے سامنے یہ قیمت کوئی حیثیت نہیں رکھتی۔خلاصہ یہ ہے کہ سیرت انسائیکلوپیڈیا عصری سیرت نگاری کا ایک بے مثال نمونہ ہے اور ہر اس شخص کے لیے ایک انمول تحفہ ہے جو اسوہ حسنہ کو گہرائی اور حقیقت پسندی کے ساتھ سمجھنا چاہتا ہے۔کتاب کی قیمت 20,000روپے ہے ۔ یہ کتاب دارالسلام کے مرکزی شوروم ، لوئر مال ، نزدسیکرٹریٹ سٹاپ لاہور پر دستیاب ہے یا کتاب براہ راست حاصل کرنے کیلئے درج ذیل نمبر 042-37324040پر دستیاب ہے ۔
مزید پڑھیں



