معاشی ترقی کا راز صرف اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے۔ڈاکٹر سبیل اکرام

لاہور ( ) معروف سیاسی سماجی رہنما ڈاکٹر سبیل اکرام نے ,,پاکستان کو درپیش مسائل اور ان کا حل ,,کے حوالے سے ایک آگاہی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو قائم ہوئے 79 سال ہو چکے ہیں، اس طویل عرصے میں تمام نظام آزما لیے گئے ہیں لیکن مسائل حل ہونے کے بجائے بڑھتے ہی جا رہے ہیں یہاں تک کہ ملک بھی دو لخت ہو گیا۔افسوس اتنے بڑے سانحہ سے بھی ہماری حکمرانوں نے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، ملک بری طرح آئی ایم ایف کی غلامی کی زنجیروں میں جکڑا جا چکا ہے، لاقانونیت اور دہشت گردی کا دور دورہ ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ملک میں اسلامی نظام نافذ کیا جائے، سودی نظام کا خاتمہ کیا جائے اور فحاشی و بے حیائی کے اڈے بھی بند کیے جائیں۔ ہماری بقا، ملکی صنعت اور معاشی ترقی کا راز صرف اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے۔ 79 سال گزرنے کے باوجود پاکستان اپنے قیام کے حقیقی مقاصد حاصل نہیں کر سکا۔ مختلف سیاسی، معاشی اور انتظامی تجربات کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم نہیں کیا جا سکا۔ مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، بے روزگاری نے نوجوانوں کے مستقبل کو تاریک کر دیا ہے اور عام آدمی بنیادی ضروریات زندگی پوری کرنے کے لیے بھی شدید مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔ڈاکٹر سبیل اکرام نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے قرضوں اور شرائط نے ملکی معاشی خودمختاری کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ سودی نظام نے ملکی معیشت کو جکڑ رکھا ہے، اس لیے اس سے نجات حاصل کیے بغیر حقیقی معاشی استحکام کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔حکومت نئے صوبوں کی بجائے موجودہ انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنانے پر توجہ دے۔ نئے صوبوں کے قیام کے سیاسی نعروں کے بجائے سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنائی جائے، شاہانہ اخراجات میں نمایاں کمی کی جائے اور بیوروکریسی کے غیر ضروری پھیلاؤ کو روک کر سرکاری افسران اور ملازمین کی تعداد ضرورت کے مطابق محدود کی جائے۔ قومی وسائل عوام کی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی پر خرچ کئے جائیں نہ کہ حکمرانوں اور سرکاری اشرافیہ کے اللّے تللّوں پر۔ ملک میں بڑھتی ہوئی لاقانونیت، دہشت گردی اور اخلاقی بے راہ روی پر قابو پانے کے لیے قرآن و سنت کی تعلیمات کو عملی طور پر نافذ کیاجاۓ۔ حکمرانوں کو اب روایتی طرزِ حکمرانی اور ناکام معاشی تجربات سے باہر نکل کر پاکستان کو اس نظریے کی طرف واپس لانا ہوگا جس کے لیے یہ ملک حاصل کیا گیا تھا۔ اس لئے کہ اسلامی نظام کا نفاذ ہی قومی خودمختاری، معاشی خوشحالی، صنعتی ترقی اور ملکی بقا کی ضمانت ہے۔
مزید پڑھیں


