منگل، 3 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے پر ایم کیو ایم پاکستان کو شوکازنوٹس جاری

pakistan

الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات کے قانونی تقاضے پورے نہ کرنے پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔


الیکشن کمیشن نے پارٹی سے وضاحت طلب کرتے ہوئے جواب جمع کرانے کے لیے 14 روز کی مہلت بھی دی ہے الیکشن کمیشن کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان مقررہ توسیعی مدت کے دوران بھی انٹرا پارٹی انتخابات کرانے میں ناکام رہی، پارٹی کو انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے 15 ا کتوبر 2026 تک کی مہلت دی گئی تھی، تاہم اس مدت میں بھی انتخابات نہیں کرائے گئے۔


الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے لیے اپنے عہدیداران کا باقاعدگی سے انتخاب کرانا قانونی تقاضا ہے،الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت ہر سیاسی جماعت کے لیے انٹرا پارٹی انتخابات کرانا لازمی ہے، جبکہ انتخابات مکمل ہونے کے بعد 7 روز کے اندر انتخابی سرٹیفکیٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرانا بھی ضروری ہے۔


الیکشن کمیشن نے 26 اکتوبر 2026 کو ایم کیو ایم پاکستان کو شوکاز نوٹس جاری کیا، جس میں پارٹی سے قانونی تقاضے پورے نہ کرنے پر وضاحت طلب کی گئی ہے اگر ایم کیو ایم پاکستان مقررہ 14 روز میں شوکاز نوٹس کا جواب جمع نہیں کراتی تو اس کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔


نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے کی صورت میں ایم کیو ایم پاکستان انتخابی نشان حاصل کرنے کی اہلیت سے محروم ہوسکتی ہے، جبکہ آئندہ عام انتخابات کے لیے پارٹی کا انتخابی نشان بھی روکا جاسکتا ہے۔