بھارت میں مصدق ملک کی سفارتی گفتگو کے سوشل میڈیا پر چرچے

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دہشت گردی کے معاملے پر بات چیت ضرور ہوگی لیکن جب بھی اس موضوع پر گفتگو ہوگی تو شواہد کی بنیاد پر ہوگی-
وفاقی وزیر مصدق ملک نے نئی دہلی میں بھارتی ذرائع ابلاغ سے بات کرتےہوئے کہا کہ دہشت گردی سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور اس وقت پورا خطہ اس مسئلے کی لپیٹ میں ہے، جس کا مقابلہ سب کو مل کر کرنا ہوگا اور اسے مشترکہ کوششوں سے ہی ختم کیا جا سکتا ہے محض الزامات لگانے یا اشتعال دلانے سے مسائل کا کوئی حل نہیں نکلے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کئی مرتبہ بھارت سے دہشت گردی سے متعلق ثبوت مانگ چکا ہے جبکہ پاکستان کے پاس بھی شواہد موجود ہیں، جنہیں دوطرفہ طور پر یا کسی مناسب بین الاقوامی فورم کے ذریعے پیش کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب بھارت میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کے پہلے تہذیبی مکالمہ فورم کے اختتام پر بھارتی وزیر ثقافت وویک اگروال نے واضح کیا کہ اجلاس کے موقع پر پاکستانی وفاقی وزیر مصدق ملک کے ساتھ بھارت کی کوئی باضابطہ دوطرفہ بات چیت نہیں ہوئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جب وویک اگروال سے فورم کے موقع پر پاک بھارت علیحدہ مذاکرات کے امکان سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کوئی باضابطہ دوطرفہ با ت چیت نہیں ہوئی،تاہم ضیافتوں اور اجلاس کی دیگر سرگرمیوں کےدوران بھارتی وفد کے ارکان کی پاکستا نی وزیر سے ملاقاتیں اور غیر رسمی تبادلہ خیال ضرور ہوا۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق دورہ بھارت کے دوران وفاقی وزیر مصدق ملک نے تاجکستان اور ایران کے حکام سے باضابطہ دوطرفہ ملاقاتیں کیں، جن میں ثقافتی تعاون اور باہمی روابط کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، تاہم دستیاب اطلاعات میں بھارتی حکام کے ساتھ کسی رسمی مذاکراتی عمل کی تصدیق نہیں ہوئی۔
شنگھائی تعاون تنظیم کا تین روزہ تہذیبی مکالمہ فورم 22 نومبر کو انڈراپرستھا اعلامیے کی منظوری کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جس میں تہذیبی و تاریخی ورثےکےتحفظ، ثقافتی نوادرات کی غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام، مختلف تہذیبوں کو مساوی اہمیت دینے اور رکن ممالک کے درمیان مشتر کہ ثقافتی منصوبوں کے فروغ پر زور دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈاکٹر مصدق ملک کی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت آمد اور بھارتی میڈیا کے ساتھ ان کی مدلل، پراعتماد اور مؤثر گفتگو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین ڈاکٹر مصدق ملک کی گفتگو کے انداز، حاضر جوابی اور سفارتی مہارت کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستان کی نمائندگی کے لیے بہترین انتخاب قرار دے رہے ہیں ،صارفین کا کہنا ہے کہ سوالات کے بھرپور اور مدلل جوابات دے کر انہوں نے بھارتی میڈیا کے سامنے پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا۔
صارفین کا کہنا ہے کہ ’گفتگو کا فن اسے کہتے ہیں، سوال کرنے والے خاموش ہوگئے اور جواب دینے وا لے کی آواز گونجتی رہی،چوہدری شاہد محمود نے ڈاکٹر مصدق ملک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی دل ہے ملک صاحب، اسے کتنی بار جیتیں گے؟ شاید ہی پاکستان کا کوئی دوسرا سیاست دان بھارتی میڈیا کو اس مہارت اور اعتماد کے ساتھ جواب دے پاتا جس انداز میں ڈاکٹر مصدق ملک نے دیا۔
بھارتی صحافی نے کہا کہ یہ کہنا پڑے گا کہ پاکستان نے اپنا نمائندہ اچھا چُنا ہے۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘ڈاکٹر مصدق ملک کو مرزا غالب کی قبر پر جانے دیجیے انھیں حضرت نظام الدین درگاہ جانے دیجیے انھیں یہ دیکھنے دیجیے کہ دہلی صرف غالب ہی کا نہیں، بلکہ امیر خسرو کا بھی شہر ہے۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی مصدق ملک کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’مصدق ملک نے تو محفل لوٹ لی۔‘
واضح رہے کہ مئی 2023 میں سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورۂ بھارت اور مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان چار روزہ فوجی کشیدگی کے بعد یہ کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا بھارت کا پہلا دورہ ہے۔
ڈاکٹر مصدق ملک کی اس دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کو پاکستان کی سفارتی نمائندگی اور مؤثر ابلاغ کے تناظر میں خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں




