حماقتیں جو ہم نے کیں،تحریر:یاسمین اختر طوبیٰ،حصہ سوم
نقطہ نظر
عقل آئی بھی تو دیر سے۔
زندگی کے سفر میں بعض اوقات انسان کو اپنی عقل پر بڑا ناز ہوتا ہے مگر جب ماضی کے اوراق پلٹتا ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ عقل تو موجود تھی، بس ہم نے اسے استعمال کرنے کی زحمت ہی نہیں کی۔ ہماری زندگی بھی کچھ ایسی ہی داستان ہے۔ حماقتوں کے دو حصے قلم بند کرنے کے بعد خیال آیا کہ اب تو شاید قارئین ہمیں خاصا سمجھ دار تصور کرنے لگے ہوں گے لیکن ہم قارئین کو کسی خوش فہمی میں مبتلا نہیں کرنا چاہتے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہماری حماقتوں کا ذخیرہ ابھی خاصا وسیع ہے اور عقل کی آمد کا انتظار بدستور جاری ہے۔
ہماری ایک پرانی عادت یہ ہے کہ کسی کام کو شروع کرنے سے پہلے اس کے بارے میں اتنا سوچتے ہیں کہ بعض اوقات کام کرنے کی ضرورت ہی باقی نہیں رہتی۔ مثلاً گھر کی صفائی کا ارادہ ہو تو پہلے سوچتے ہیں کہ کہاں سے آغاز کیا جائے، کون سا سامان استعمال ہوگا، کتنی دیر لگے گی اور کام مکمل ہونے کے بعد آرام کب کریں گے۔ ان تمام معاملات پر غور کرتے کرتے تھکن محسوس ہونے لگتی ہے۔ پھر دل کہتا ہے کہ آج ذہنی کام بہت ہو گیا، عملی کام کل کر لیں گے۔ یوں گھر کی صفائی کا منصوبہ کئی دن تک ہمارے ذہن میں چمکتا رہتا ہے جبکہ گھر اپنی اصل حالت میں ہمیں دیکھ کر مسکراتا رہتا ہے۔
ہمیں اپنی قسمت آزمانے کا بھی بڑا شوق رہا ہے۔ کبھی کسی مقابلے میں حصہ لینے کا ارادہ کیا، کبھی کسی قرعہ اندازی میں نام لکھوا دیا اور کبھی کسی انعامی اسکیم کے پیچھے پڑ گئے۔ ہر مرتبہ یہی خیال ہوتا کہ شاید اس بار قسمت کی دیوی ہم پر مہربان ہو جائے۔ ایک مرتبہ تو انعام نکلنے کی خوشی میں ذہن ہی ذہن میں اس رقم کے کئی منصوبے بنا ڈالے۔ کہیں گھر کی تزئین و آرائش ہو رہی تھی، کہیں خریداری کے ارادے تھے اور کہیں کسی عزیز کو تحفہ دینے کی تیاری۔ پھر جب نتیجہ آیا تو معلوم ہوا کہ انعام کسی اور کے نام نکل گیا ہے۔ ہم نے بڑی فراخ دلی سے خود کو تسلی دی کہ چلو، کسی اور کے گھر خوشی پہنچی۔ البتہ دل کے کسی گوشے میں یہ خواہش ضرور جاگی کہ کبھی کوئی خوشی ہمارے گھر کا راستہ بھی پوچھ لیا کرے۔
ایک حماقت ہماری یہ بھی ہے کہ ہم کسی نئی ترکیب یا نسخے کو دیکھ کر فوراً متاثر ہو جاتے ہیں۔ کبھی کھانے کی کوئی ترکیب نظر آ جائے تو دل میں خیال آتا ہے کہ آج گھر والوں کو کچھ نیا کھلایا جائے۔ باورچی خانے میں بڑے جوش سے داخل ہوتے ہیں۔ اجزا جمع کرتے ہیں، ترکیب پڑھتے ہیں اور پورے اعتماد سے کام شروع کر دیتے ہیں لیکن جب نتیجہ سامنے آتا ہے تو کبھی نمک اپنی مرضی سے زیادہ ہو چکا ہوتا ہے، کبھی مرچوں نے اپنی الگ حکومت قائم کر رکھی ہوتی ہے اور کبھی کھانا اپنی اصل شکل ہی کھو چکا ہوتا ہے۔ گھر والے خاموشی سے کھانا کھاتے ہیں اور ہم ان کے چہروں کے تاثرات پڑھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اگر کوئی تعریف کر دے تو ہم اسے اپنی کامیابی سمجھتے ہیں اور اگر خاموشی چھا جائے تو فوراً کہتے ہیں کہ آج ذرا تجرباتی کھانا بنایا ہے۔
ہماری گفتگو میں بھی کبھی کبھی ایسے جملے نکل جاتے ہیں جن پر بعد میں خود ہی حیرت ہوتی ہے۔ ایک مرتبہ کسی نے پوچھا کہ آپ اتنی مصروف کیوں رہتی ہیں؟ ہم نے فوراً جواب دیا کہ بس زندگی بہت مصروف ہے۔ وہ صاحب کچھ دیر خاموش رہے، پھر بولے کہ زندگی تو سب کی ہے، مصروف آپ خود رہتی ہوں گی۔ ہمیں اس جواب نے خاصا سوچنے پر مجبور کیا۔ واقعی ہم بعض اوقات اپنی مصروفیات خود پیدا کرتے ہیں، پھر انہی سے پریشان ہو کر فرصت کی دعائیں مانگتے ہیں۔ اگر کوئی کام نہ ہو تو ہمیں بے چینی ہونے لگتی ہے اور اگر کام زیادہ ہو جائیں تو شکایتوں کا دفتر کھل جاتا ہے۔ گویا ہمیں سکون بھی چاہیے اور مصروفیت بھی مگر دونوں ایک ساتھ مل جائیں تو ہم خود ہی ان کے درمیان صلح نہیں ہونے دیتے۔
ہماری ایک دلچسپ کمزوری یہ بھی ہے کہ کسی تقریب میں جانے سے پہلے لباس کے انتخاب پر غیر معمولی غور و فکر کرتے ہیں۔ الماری کھولتے ہیں تو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے کپڑوں کی ایک پوری نمائش ہمارے سامنے سج گئی ہو۔ ایک لباس نکالتے ہیں، پھر دوسرا، پھر تیسرا۔ ہر لباس کو دیکھ کر کوئی نہ کوئی نقص نظر آ جاتا ہے۔ کبھی رنگ پسند نہیں آتا، کبھی موسم کا خیال آ جاتا ہے اور کبھی یہ سوچ کر بدل دیتے ہیں کہ لوگ کیا کہیں گے۔ آخرکار وہی لباس پہن لیتے ہیں جو ابتدا میں منتخب کیا تھا۔ اس سارے عمل میں اتنا وقت گزر جاتا ہے کہ تقریب میں پہنچتے پہنچتے ہماری تیاری کی ساری تازگی راستے میں ہی کہیں رہ جاتی ہے۔ اب تو ہم نے یہ طے کیا ہے کہ لباس پہلے منتخب کر لیا کریں گے مگر اس فیصلے پر عمل کرنے کا وقت ابھی نہیں آیا۔
ہمیں لوگوں کی باتوں پر یقین کرنے کی عادت بھی کچھ زیادہ ہی رہی ہے۔ کوئی کہہ دے کہ فلاں چیز بہت اچھی ہے تو ہم اسے خریدنے کے لیے تیار ہو جاتے ہیں۔ کوئی کہے کہ یہ نسخہ آزما کر دیکھیے، زندگی بدل جائے گی، تو ہم زندگی بدلنے کے لیے فوراً تیار ہو جاتے ہیں۔ ایک مرتبہ کسی نے بتایا کہ صبح سویرے اٹھنے سے انسان کی قسمت بدل جاتی ہے۔ ہم نے اگلے دن بڑی پابندی سے جلدی اٹھنے کا فیصلہ کیا۔ صبح اٹھے، کھڑکی کھولی، تازہ ہوا میں سانس لیا اور بڑے فخر سے خود کو مبارک باد دی۔ لیکن کچھ ہی دیر بعد دوبارہ بستر میں جا پہنچے۔ قسمت تو نہ بدلی، البتہ نیند پوری کرنے کا معمول ضرور بدل گیا۔ اب ہمیں یقین ہو گیا ہے کہ قسمت بدلنے کے لیے صرف صبح جلدی اٹھنا کافی نہیں، کچھ عملی کام بھی کرنا پڑتا ہے۔
ہمیں کبھی کبھی یہ گمان ہونے لگتا ہے کہ ہم دوسروں کے دل کی بات بھی سمجھ سکتے ہیں۔ کوئی خاموش ہو تو فوراً اندازے لگانے شروع کر دیتے ہیں کہ شاید ناراض ہے، شاید پریشان ہے یا شاید ہم سے کوئی شکایت ہے۔ پھر خود ہی سوچتے، خود ہی نتیجہ نکالتے اور کبھی کبھی خود ہی معذرت بھی کر لیتے ہیں۔ بعد میں معلوم ہوتا ہے کہ سامنے والا تو صرف تھکا ہوا تھا یا کسی اور خیال میں گم تھا۔ اس دن سے ہم نے فیصلہ کیا کہ دوسروں کے ذہن میں جھانکنے کے بجائے ان سے پوچھ لیا کریں گے۔ اگرچہ یہ فیصلہ بھی کبھی کبھی ہماری اپنی سوچوں کے ہجوم میں دب جاتا ہے۔
ہماری سب سے بڑی خوبی، یا شاید حماقت، یہ ہے کہ ہم چھوٹی چھوٹی باتوں میں خوشی تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ کبھی موسم اچھا ہو تو خوش، کبھی چائے اچھی بن جائے تو خوش، کبھی کوئی پرانا دوست یاد کر لے تو خوش اور کبھی کوئی تحریر پسند کر لے تو خوشی سے پھولے نہیں سماتے۔ البتہ اگر چائے میں چینی کم ہو جائے یا قلم لکھنا چھوڑ دے تو ہمارا موڈ بھی کچھ دیر کے لیے موسم کی طرح بدل جاتا ہے۔ گھر والے سمجھاتے ہیں کہ اتنی چھوٹی باتوں پر پریشان نہیں ہونا چاہیے۔ ہم انہیں سمجھاتے ہیں کہ چھوٹی باتوں پر خوش ہونا بھی تو ضروری ہے، پھر پریشان ہونے پر پابندی کیوں؟
اب ان تمام واقعات پر غور کرتے ہیں تو محسوس ہوتا ہے کہ ہم نے زندگی کو سمجھنے کے لیے کتنے عجیب راستے اختیار کیے۔ کبھی اپنی عقل پر بھروسا کیا اور کبھی دوسروں کی باتوں پر۔ کبھی ارادے باندھے اور کبھی انہیں خود ہی توڑ دیا۔ کبھی خود کو بہت سمجھ دار سمجھا اور کبھی اپنی ہی حرکتوں پر ہنسی آ گئی مگر شاید یہی زندگی کا اصل لطف ہے۔ انسان اگر ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھائے تو ممکن ہے ٹھوکر سے بچ جائے لیکن بعض اوقات ٹھوکر ہی اسے وہ سبق سکھا دیتی ہے جو بڑے بڑے فلسفیانہ لیکچر نہیں سکھا سکتے۔
ہم نے اب یہ بھی سیکھ لیا ہے کہ اپنی غلطیوں کو چھپانے سے بہتر ہے کہ انہیں مسکرا کر تسلیم کر لیا جائے کیونکہ جو انسان اپنی حماقت پر ہنس سکتا ہے، وہ دوسروں کی چھوٹی چھوٹی غلطیوں کو بھی معاف کرنا سیکھ لیتا ہے اور زندگی میں معاف کرنے اور مسکرانے سے بڑی دانائی شاید ہی کوئی ہو۔
البتہ ایک مسئلہ ابھی باقی ہے۔ ہم نے کئی مرتبہ اپنی اصلاح کا ارادہ کیا، کئی مرتبہ خود سے وعدے کیے اور کئی مرتبہ اپنی عادتیں بدلنے کے منصوبے بنائے، مگر ہر بار کوئی نہ کوئی نئی حماقت درمیان میں آ گئی۔ اب ہم نے سوچا ہے کہ اصلاح کے اس مشکل منصوبے کو بھی کچھ دنوں کے لیے ملتوی کر دیا جائے۔ آخر انسان کو اپنے لیے تھوڑی سی مہلت بھی تو چاہیے۔
سچ پوچھیے تو ہماری زندگی عقل اور حماقت کے درمیان ایک دلچسپ کشمکش کا نام ہے۔ عقل جب بھی دروازہ کھٹکھٹاتی ہے، ہم کسی نہ کسی کام میں مصروف ہوتے ہیں۔ وہ بے چاری کچھ دیر انتظار کرتی ہے، پھر واپس چلی جاتی ہے۔ اب ہم نے دروازہ کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، دیکھتے ہیں عقل جانی کب تشریف لاتی ہے لیکن ایک اندیشہ ضرور ہے کہ کہیں وہ بھی ہماری طرح اپنا کام کل پر نہ چھوڑ دے۔
مزید پڑھیں




