منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ترکیہ: اسٹیل فیکٹری میں خوفناک دھماکا،17 افراد ہلاک، 13 زخمی


ترکیہ کے مغربی علاقے میں اسٹیل فیکٹری میں خوفناک دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے، جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔


عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق دھماکا پیر کی صبح مقامی وقت کے مطابق 11 بج کر 46 منٹ پر ترکیہ کے مغربی شہر ازمیر سے تقریباً 60 کلومیٹر شمال میں واقع علی آغا کے علاقے میں حاباش اسٹیل فیکٹری میں ہوا۔


حکام کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد فیکٹری کے ملازم تھے، جائے وقوعہ کی فوٹیج میں فیکٹری کے اندر بڑے پیمانے پر آگ اور دھوئیں کے بلند بادل اٹھتے دکھائی دیے,دھماکا اس وقت ہوا جب متبادل بوائلر لے جانے والی کرین گرگئی اور اس پر موجود سامان نیچے بھٹی میں جا گرا۔



ازمیر کے گورنر کے مطابق فیکٹری میں بوائلر کی تبدیلی کا کام جاری تھا کہ اسی دوران ایک بھاری صنعتی بھٹی پر نصب اوورہیڈ کرین گر گئی، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا۔ واقعے میں 16 افراد جان سے گئے جبکہ 13 زخمی ہوگئے۔


ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے واقعے کی تحقیقات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے دو افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔


ازمیر کے میئر جمیل توغائے کا کہنا ہے کہ ملبہ ہٹانے کا کام مکمل ہونے کے بعد ہی ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی حتمی تعداد واضح ہوسکے گی۔


دھماکے کے وقت فیکٹری کے قریب موجود عینی شاہد ڈینیز الکر نے واقعے کی شدت بیان کرتے ہوئے کہا کہ دھماکا ایسا محسوس ہوا جیسے زلزلہ آگیا ہو جب انہوں نے سڑک کے دوسری جانب واقع فیکٹری کی طرف دیکھا تو وہاں سے سیاہ دھوئیں کے گھنے بادل اٹھ رہے تھے جبکہ چمنی کے قریب آگ لگی ہوئی تھی۔


دوسری جانب مزدور تنظیموں نے فیکٹری میں حفاظتی انتظامات پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں پہلے بھی حادثات پیش آتے رہے ہیں, ترکیہ کی لیبر پارٹی کے ازمیر چیپٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران فیکٹری میں یہ تیسراجان لیوا حادثہ ہےپارٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ گزشتہ 10 برس کے دوران فیکٹری میں پیش آنے والے مختلف حادثات میں سات ملازمین ہلاک ہوچکے ہیں, فیکٹری میں مشینری کی دیکھ بھال کے ضروری تقاضے پورے نہیں کیے جا رہے اور نہ ہی کارکنوں کی حفاظت کے لیے مقررہ معیار پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔


واقعے کے بعد حکام نے تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ دھماکے کی وجوہات اور حفاظتی انتظامات میں ممکنہ کوتاہیوں کا تعین کیا جاسکے۔