منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا فائنل راؤنڈ آج ہوگا


حکومت اور جماعت اسلامی کی سب کمیٹی کے درمیان مذاکرات کا فائنل راؤنڈ آج اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے,اس اہم ترین اجلاس کی میزبانی نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کریں گے-


اجلاس سے قبل اپنے اہم بیان میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت اب پیٹرولیم لیوی میں کمی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے، کیونکہ مہنگا تیل، مہنگی بجلی و گیس اور مسلسل ٹیکسوں کا بوجھ عوام کے لیے اب بالکل ناقابلِ برداشت ہو چکا ہے۔


لیاقت بلوچ نے قومی معیشت کی تباہی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری محکموں میں رائج کرپشن کا کینسر قومی معیشت کے لیے سب سے بڑا روگ بن چکا ہے, پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے مکمل خاتمے اور ایل این جی و گیس امپور ٹ پر قابض مافیا کے خاتمے سے ہی معیشت کا پہیہ دوبارہ رواں دواں ہو سکتا ہے۔


نائب امیر جماعت اسلامی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی کی عوام کو حقیقی ریلیف دلانے اور ان کے حقوق کے لیے جاری جدوجہد ان شاء اللہ رنگ لائے گی اور حکومت کو عوامی مفاد میں فیصلے کرنے پر مجبور کرے گی۔