بدھ، 11 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی


ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو قدرتی آفات سے نمٹنے، متاثرہ علاقوں کی بحالی اور معاشی نقصانات کم کرنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے مجموعی طور پر 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی-


اے ڈی بی کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق یہ سہولت پالیسی بیسڈ قرضوں کے تحت منظور کی گئی ہے، جس کے ذریعے قدرتی آفت کی صورت میں مقررہ شرائط پوری ہونے پر پاکستان کو فوری بجٹ معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ آفات کے معاشی اور مالیاتی اثرات کو کم کیا جا سکے۔


بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کو سیلاب، زلزلوں اور دیگر قدرتی آفات کے باعث سالانہ اوسطاً 2 ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے، جبکہ 2022 کے تباہ کن سیلابوں سے 14 ارب 90 کروڑ ڈالر کا براہِ راست نقصان اور 15 ارب 20 کروڑ ڈالر کے معاشی خسارے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


اے ڈی بی کے مطابق 2022 کے سیلابوں کے نتیجے میں 91 لاکھ تک افراد غربت کی لپیٹ میں آگئے تھے۔ غریب اور دیہی آبادیوں کے لیے قدرتی آفات کے بعد بحالی کی صلاحیت محدود ہوتی ہے، جبکہ خواتین اور بچیاں ان آفات سے غیر متناسب طور پر زیادہ متاثر ہوتی ہیں،متاثرہ آبادیوں کے تحفظ اور مستقبل میں قدرتی آفات کے نقصانات کم کرنے کے لیے کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس انہانسمنٹ پروگرام کے دوسرے ذیلی پروگرام کے تحت اصلاحات کی معاونت بھی کی جا رہی ہے-


بیان کے مطابق ان اصلاحات کا مقصد آفات سے نمٹنے کی تیاری بہتر بنانا، خطرات کے انتظام کو مضبوط کرنا اور ترقیاتی منصوبہ بندی و سرمایہ کاری میں موسمیاتی اور قدرتی آفات سے تحفظ کے اقدامات کو شا مل کرنا ہے, اس پروگرام کے ذریعے پاکستان کے ڈیزاسٹر رسک فنانسنگ نظام کو بھی مضبوط بنایا جائے گا اور قدرتی آفات کے بعد مالی وسائل کی دستیابی بہتر بنانے میں مدد فراہم کی جائے گی۔


واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنی ایشیا پیسیفک کلائمیٹ رپورٹ 2026 میں خبردار کیا تھا کہ سطح سمندر میں اضافے، ساحلی کٹاؤ اور کھارے پانی کی دراندازی کے باعث پاکستان میں 2100 تک سالانہ تقریباً 14 لاکھ 80 ہزار افراد ساحلی سیلابوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔


رپورٹ میں پاکستان کو ان ممالک میں شامل کیا گیا تھا جہاں ساحلی علاقوں میں قدرتی آفات کے خطرات بڑھ رہے ہیں سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں میں تعمیرات اور ترقیاتی سرگرمیوں کے ساتھ موسمیاتی خطرات میں شدت مستقبل میں معاشی اور سماجی نقصانات میں نمایاں اضافہ کر سکتی ہے۔