جمعہ، 20 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

فلسفہ زکوۃ ، تحریر: شازیہ یاسین

نقطہ نظر

زکوۃ ہر صاحب نصاب مرد اور عورت پر فرض ہے۔ مسلمانوں پر زکوۃ کی فرضیت کا حکم دو ہجری میں ایا۔ زکوۃ کا شمار اسلام کی اہم ترین عبادات میں سے ہوتا ہے۔ زکوۃ کی فرضیت کے بارے میں قران مجید میں کئی ایات موجود ہیں۔

سورہ توبہ میں اللہ تعالی حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو مخاطب کر کے فرماتے ہیں!

ترجمہ: اپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم ان کے مال میں سے صدقہ لیجئے تاکہ اپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم انہیں پاک کر دیں اور اس کے ذریعے ان کا تزکیہ کریں۔ (سورہ توبہ 103)

زکوۃ ایک مالی عبادت ہے جو مال کو پاک کر دیتی ہے۔ زکوۃ دینے سے مال کم ہونے کے بجائے اس میں برکت اور اضافہ ہو جاتا ہے زکوۃ کا مقصد معاشرے میں دولت کا توازن برقرار رکھنا ہے۔

ارشاد باری تعالی ہے کہ! ترجمہ: "جس دن اس (سونے چاندی) کو جہنم کی اگ میں تپایا جائے گا پھر اس سے ان کی پیشانیاں داغی جائیں گی اور ان کے پہلو اور ان کی پیٹھیں کہا جائے گا یہ ہے جو تم نے اپنے لیے جمع کر رکھا تھا تو اب اس کا مزہ چکھو جو تم جمع کیا کرتے تھے."

(سورہ توبہ ایت نمبر 35)

عشر:

عشر کے لفظی معنی ہیں دسواں حصہ جبکہ اسلامی اصطلاح میں اس سے مراد زرعی زمین کی پیداوار کا وہ دسواں حصہ ہے جو اللہ تعالی کی راہ میں دیا جاتا ہے۔ عشر کے مصارف بھی وہی ہیں جو زکوٰۃ کے مصارف ہیں۔ زمین کی پیداوار چاہے کم ہو یا زیادہ اس پر عشر دینا واجب ہے۔ عشر سال بھر میں کاشت کی جانے والی تمام فصلوں کی پیداوار پر دیا جاتا ہے۔

ارشاد باری تعالی ہے کہ! ترجمہ: "اے ایمان والو عمدہ چیزوں میں سے خرچ کیا کرو جو تم نے کمائی ہے اور اس میں سے جو ہم نے تمہارے لیے زمین سے نکالا ہے."

(سورہ بقرہ 268)

خمس:

خمس کے لغوی معنی ہیں پانچواں حصہ جبکہ اسلامی اصطلاح میں مسلمانوں کا دوران جنگ دشمن پر غلبہ پا کر حاصل کیا جانے والا مال جو کہ مال غنیمت کہلاتا ہے۔ اس مال غنیمت کے پانچویں حصے کو خمس کا نام دیا جاتا ہے اس کے علاوہ معدنیات اور کانوں کے دفینوں میں سے نکالے جانے والے مال پہ بھی خمس ادا کیا جاتا ہے۔

احکام و مسائل:

زکوۃ صرف صاحب نصاب مسلمانوں پر فرض ہوتی ہے۔ جس مرد یا عورت کی ملکیت میں ساڑھے سات تولے سونا یا ساڑھے باون تولہ چاندی ہو یا نقدی ہو۔ مال تجارت جو کہ ساڑھے سات تولہ سونا یا ساڑھے باون تولہ چاندی قیمت کے برابر ہو تو ایسے مرد اور عورت کو صاحب نصاب کہا جاتا ہے۔ اس مال پر جب ایک سال گزر جائے تب اس پر زکوۃ واجب ہوگی زکوۃ صرف ان لوگوں یا ان جگہوں پر دی جا سکتی ہے جس کی اجازت قران مجید میں ہمیں دی گئی ہے۔

ترجمہ: "بے شک زکوۃ فقیر اور مسکینوں اس کی (تحصیل و تقسیم) پر مامور کارکنان اور ان کے لیے ہے جن کے تالیف قلب (مطلوب) ہوں اور غلاموں کی آزادی میں قرض داروں اور اللہ کی راہ میں اور مسافروں کے لیے ہے۔ یہ اللہ کی طرف سے فرض ہے اور اللہ خوب جاننے والا بڑی حکمت والا ہے."

(سورہ توبہ ایت نمبر 60)

ان کو مصارف زکوۃ کہا جاتا ہے۔ زکوۃ کے اٹھ مصارف ہیں۔

فقیر, مسکین, عامل, مولفتہ القلوب، رقاب، غارم، فی سبیل اللہ، ابن سبیل۔

اسلام میں فرض کردہ ہر عبادت کے پیچھے بے شمار حکمتیں پوشیدہ ہیں۔ اگر زکوۃ کو دیکھا جائے تو اس میں بھی کئی حکمتیں پوشیدہ ہیں۔ ان میں سب سے بڑھ کر زکوۃ مال اور نفس دونوں کی تزکیہ کا باعث ہے۔ زکوۃ ادا کرنے سے ادمی کا بقیہ مال پاک ہو جاتا ہے اور اس کی نیکیوں میں اضافہ ہونے کے ساتھ اس کے دل سے مال کی محبت بھی کم ہو جاتی ہے اسلامی معاشیات کا بنیادی اصول اور اہم ترین وصف یہ بیان کیا گیا ہے کہ اس میں مال صرف مالداروں کے درمیان محصور ہو کر نہیں رہتا بلکہ وہ غریبوں تک بھی پہنچتا ہے اس کی گردش پورے معاشرے میں جاری رہتی ہے۔ اس طرح زکوۃ ادا کرنے سے غریب اور ناچار لوگوں کی دعائیں ملتی ہیں جس سے انسان نہ صرف اجر و ثواب کا مستحق ہوتا ہے بلکہ اللہ تعالی اپنے کرم اور فضل سے اسے اور زیادہ نوازتے ہیں۔