جمعہ، 20 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بچہ کل نہیں، آج ہے، تحریر: عظمیٰ شیخ

نقطہ نظر

20 نومبر کو جب میں بچوں کا عالمی دن مناتے ہوئے اسکولوں میں سجی تقریبات، رنگ برنگے بینر اور معصوم چہروں پر مسکراہٹیں دیکھتی ہوں، تو دل خوش بھی ہوتا ہے اور بوجھل بھی۔ خوش اس لیے کہ بچہ ہمارے معاشرے کی سب سے قیمتی متاع ہے، بوجھل اس لیے کہ اگلی صبح وہی پرانا منظر لوٹ آتا ہے۔ وہی بچہ ہوٹل پر برتن دھوتا ہے، وہی بچی گھر میں جھاڑو دیتی ہے، وہی طالب علم فیس نہ ہونے پر اسکول کے دروازے سے باہر کھڑا ہوتا ہے۔

میں سمجھتی ہوں، سوال یہ نہیں کہ ہم بچوں سے محبت کرتے ہیں یا نہیں۔ سوال یہ ہے کہ یہ محبت ہمارے عمل میں کہاں نظر آتی ہے؟

20 نومبر کوئی عام تاریخ نہیں۔ اسی دن 1989 میں اقوامِ متحدہ نے بچوں کے حقوق کا عالمی معاہدہ منظور کیا تھا۔ پاکستان بھی اس کا دستخط کنندہ ہے۔ اس معاہدے کے مطابق ہر بچے کو زندہ رہنے، تعلیم، صحت، کھیل، تحفظ، شناخت اور اپنی رائے دینے کا حق ہے۔ یہ حقوق خیرات نہیں، بچے کا پیدائشی حق ہیں۔

مگر جب میں اپنے اردگرد دیکھتی ہوں تو حقائق ہمارے دعوؤں سے بہت مختلف نظر آتے ہیں۔

یونیسیف کے اندازے کے مطابق پاکستان میں پانچ سے سولہ سال کے تقریباً 25.1 ملین بچے اسکول سے باہر ہیں۔ ایک قومی سروے کے مطابق اس عمر کے 28 فیصد بچے اسکول نہیں جاتے، جن میں لڑکیوں کی شرح 31 فیصد اور لڑکوں کی 25 فیصد ہے۔ یہ دنیا میں اسکول سے باہر بچوں کی دوسری سب سے بڑی تعداد ہے۔

میرے نزدیک یہ صرف اعداد نہیں ہیں، یہ لاکھوں خوابوں کا قتل ہے۔ جو بچہ آج اسکول نہیں جائے گا، کل وہ مزدور بنے گا، اور اس کا بچہ بھی شاید اسی چکر میں پھنس جائے گا۔ غربت اس طرح نسل در نسل منتقل ہو رہی ہے۔

دوسرا بڑا مسئلہ بچوں کی مزدوری ہے۔ نئی قومی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 8.6 ملین بچے چائلڈ لیبر کا شکار ہیں، جن میں سے 6.6 ملین سے زیادہ خطرناک کاموں میں لگے ہیں۔ اینٹوں کے بھٹے، ورکشاپ، ہوٹل، گھروں میں کام اور کچرا چننا بچے کی صحت، ذہن اور مستقبل تینوں کو تباہ کرتے ہیں۔

میں اکثر سوچتی ہوں، ہم کہتے ہیں غریب کا بچہ کام نہ کرے تو کھائے گا کیا؟ سوال درست ہے، مگر اس کا جواب بچے کی مزدوری نہیں، ریاست کی ذمہ داری ہے۔ بچے سے کام کروا کر ہم وقتی بھوک تو مٹا دیتے ہیں، مگر نسلوں کی بھوک پیدا کر دیتے ہیں۔

تیسرا مسئلہ تحفظ کا ہے۔ رواں سال کی پہلی ششماہی میں بچوں سے زیادتی کے 1914 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں 1015 جنسی زیادتی اور 558 اغوا کے واقعات شامل تھے۔ یہ صرف رپورٹ ہونے والے کیسز ہیں۔ اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے، کیونکہ شرم، خوف اور بدنامی کے ڈر سے زیادہ تر واقعات دبا دیے جاتے ہیں۔ یہ خاموشی ہمارے معاشرے کا سب سے بڑا جرم ہے۔

چوتھا مسئلہ صحت اور غذائیت ہے۔ غذائی کمی، قابلِ علاج بیماریاں اور پولیو اب بھی ہمارے بچوں کا پیچھا کر رہے ہیں۔ رواں سال نومبر کے آغاز تک پولیو کے نو کیسز رپورٹ ہو چکے تھے۔ جو قوم اپنے بچوں کو پولیو سے نہ بچا سکے، وہ ترقی کے کس خواب کی بات کرے؟

پانچواں نیا خطرہ ڈیجیٹل دنیا ہے۔ آج کا بچہ صرف گلی میں نہیں، موبائل کی اسکرین پر بھی غیر محفوظ ہے۔ نامناسب مواد، آن لائن ہراسانی، گیمز کی لت اور سوشل میڈیا کا دباؤ اس کی ذہنی صحت کو خاموشی سے کھا رہا ہے۔ ہم نے بچے کے ہاتھ میں موبائل تو دے دیا، مگر ڈیجیٹل تربیت نہیں دی۔

میں یہ سمجھتی ہوں کہ یہ سب صرف حکومت کا قصور نہیں۔ بچے کا پہلا اسکول گھر ہے، پہلا استاد ماں باپ ہیں۔ ہم بچے کو نمبر لینے کی مشین بنا دیتے ہیں، مگر اس سے بات نہیں کرتے۔ ہم اسے ڈانٹتے ہیں، مارتے ہیں، دوسرے بچوں سے موازنہ کرتے ہیں، پھر حیران ہوتے ہیں کہ وہ ضدی، خاموش یا باغی کیوں ہو گیا؟

اسکول بھی ذمہ دار ہے۔ جہاں استاد بچے کو عزت نہ دے، جہاں سوال پوچھنے پر مذاق اڑایا جائے، جہاں رٹا ہی تعلیم کی کامیابی ہو، وہاں بچہ تعلیم سے بھاگے گا ہم بچے کی مزدوری پر افسوس تو کرتے ہیں، مگر اسی ہوٹل پر چائے پیتے ہیں جہاں بچہ کام کر رہا ہوتا ہے۔

اب سوال یہ ہے کہ حل کیا ہے؟ میں اس کا جواب پانچ عملی نکات میں دینا چاہتی ہوں۔

پہلا حل گھر سے شروع ہوتا ہے۔ میں والدین سے کہوں گی، بچے کو روزانہ کم از کم بیس منٹ بغیر موبائل کے دیں۔ اس کی بات سنیں، اس کے خوف کو مذاق نہ بنائیں۔ اسے بتائیں کہ اس کا جسم اس کی ملکیت ہے، کوئی بھی اسے چھو نہیں سکتا، اور اگر کوئی بات بری لگے تو بتانے پر ڈانٹ نہیں پڑے گی۔ یہی سب سے بڑا تحفظ ہے۔ بچے کو مارنا تربیت نہیں، کمزوری ہے۔ مار پیٹ بچے کو سدھارتی نہیں، اسے جھوٹا، ڈرپوک یا پرتشدد بناتی ہے۔

دوسرا حل تعلیم کو خوشی بنانا ہے۔ ہر بچے کا اسکول جانا لازم ہو، مگر اسکول ایسا ہو جہاں وہ خوش ہو۔ نصاب میں اخلاق، ہنر، صفائی، ماحولیات، ڈیجیٹل آگاہی اور ذہنی صحت کو جگہ دی جائے۔ صرف ڈاکٹر انجینئر کا خواب نہ دکھائیں، ہنر مند، ایماندار اور بااعتماد انسان بننا بھی کامیابی ہے۔ بچیوں کی تعلیم پر خاص توجہ دی جائے، کیونکہ ایک لڑکی کو پڑھانا پورے خاندان کو پڑھانا ہے۔

تیسرا حل ریاست کا ہے۔ حکومت نے اکتوبر 2026 میں بچوں کے خلاف تشدد کی روک تھام کے لیے قومی حکمت عملی 2026-2031 کا آغاز کیا ہے۔ یہ اچھا قدم ہے، مگر حکمت عملیاں کاغذ پر نہیں، گاؤں، محلے اور تھانے میں نظر آنی چاہئیں۔ چائلڈ لیبر کے قانون پر سختی سے عمل ہو۔ اسکول سے باہر بچوں کے لیے داخلہ مہم، مفت کتابیں، وظیفہ اور دوپہر کا کھانا دیا جائے تاکہ غریب والدین کو بچے کو اسکول بھیجنا بوجھ نہ لگے۔ ہر ضلع میں بچوں کے تحفظ کا فعال مرکز اور ہیلپ لائن ہو۔

چوتھا حل مسجد، اسکول اور میڈیا کا کردار ہے۔ جمعہ کے خطبے میں بچوں کے حقوق، بچیوں کی تعلیم اور بچوں پر تشدد کی مذمت موضوع بنے۔ میڈیا بچوں کے کیسز کو سنسنی بنا کر نہ دکھائے، بلکہ ان کی شناخت چھپائے اور حل بتائے۔ سوشل میڈیا پر بچوں کی ویڈیوز سے ویوز کمانا بند ہو۔

پانچواں حل بچے کو شہری سمجھنا ہے۔ بچہ صرف مستقبل نہیں، وہ آج کا شہری ہے۔ اس سے پوچھیں کہ اسے کیسا اسکول چاہیے، کیسا محلہ چاہیے، کیسا پاکستان چاہیے۔ آپ حیران ہوں گے کہ اس کے جواب ہماری تقریروں سے زیادہ سچے ہوں گے۔

میری نظر میں بچوں کا دن منانے کا اصل طریقہ کیک کاٹنا نہیں، عہد کرنا ہے۔ میں خود سے اور آپ سب سے یہ عہد چاہتی ہوں کہ آج سے کسی بچے سے کام نہیں کروائیں گے، کسی بچے کو نہیں ماریں گے، کسی بچے کی تعلیم میں رکاوٹ نہیں بنیں گے، اور کسی بچے کے ساتھ زیادتی دیکھ کر خاموش نہیں رہیں گے۔

قومیں عمارتوں سے نہیں بنتیں، بچوں سے بنتی ہیں۔ جس قوم نے اپنے بچوں کو عزت، تعلیم اور تحفظ دے دیا، اس نے اپنا مستقبل محفوظ کر لیا۔ آئیے، اس 20 نومبر کو ہم صرف بچوں کا دن نہ منائیں، بچوں کا پاکستان بنانے کا آغاز کریں۔