جمعہ، 20 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

جس دن ہمارے لئے بھی دعا ہو گی، تحریر:انیم چوہدری

نقطہ نظر

"جنازے میں شرکت فرما کر ثوابِ دارین حاصل کریں۔"

یہ چند الفاظ ہم روز سنتے ہیں۔ کبھی کسی عزیز کے انتقال پر، کبھی کسی ہمسائے کی وفات پر، کبھی کسی اجنبی کی موت کی خبر پر۔ ہم اپنا کام چھوڑتے ہیں، وضو کرتے ہیں، جنازے میں پہنچتے ہیں، صف میں کھڑے ہوتے ہیں، نماز پڑھتے ہیں، میت کو کندھا دیتے ہیں اور پھر اپنے گھروں کو واپس لوٹ آتے ہیں۔لیکن کبھی سوچا ہے کہ جس شخص کو ابھی ہم اپنے ہاتھوں سے قبر میں اتار کر آئے ہیں، وہ بھی کل تک ہماری طرح زندہ تھا؟اس نے بھی کبھی صبح آنکھ کھول کر دن کے منصوبے بنائے ہوں گے۔ اسے بھی کسی کی آمد کا انتظار رہا ہوگا۔ اس کے بھی کچھ قرض ہوں گے، کچھ وعدے، کچھ ناراضگیاں اور کچھ ادھورے خواب۔ شاید اس نے کسی سے کہا ہوگا کہ کل ملتے ہیں، کسی کو یقین دلایا ہوگا کہ اگلے ہفتے تمہارا کام کر دوں گا، کسی سے معافی مانگنے کا ارادہ کیا ہوگا، مگر اسے کیا معلوم تھا کہ اس کی زندگی میں اب کوئی اگلا کل نہیں آئے گا۔موت انسان سے صرف سانس نہیں چھینتی، اس کے تمام ارادوں کو بھی ادھورا چھوڑ جاتی ہے۔

آج اس گھر میں غیر معمولی خاموشی ہے۔ وہ دروازہ جس سے ایک شخص روز مسکراتا ہوا داخل ہوتا تھا، آج اسی دروازے سے اس کا جنازہ باہر لے جایا جا رہا ہے۔ گھر کے ایک کونے میں اس کے جوتے رکھے ہیں، الماری میں اس کے کپڑے موجود ہیں، موبائل میں اس کے پیاروں کے نمبر محفوظ ہیں، مگر ان سب چیزوں کا مالک اب خاموش ہے۔ایک ماں اپنے بیٹے کے چہرے پر آخری نظر ڈال رہی ہے۔ شاید اس کے دل میں یہ خواہش ہو کہ کاش ایک مرتبہ میرا بیٹا مجھے ماں کہہ کر پکار لے۔ ایک بیوی اپنے شریکِ حیات کو دیکھ رہی ہے، جس کے ساتھ پوری زندگی گزارنے کے خواب دیکھے تھے۔ بچے اپنے باپ کو ڈھونڈ رہے ہیں، مگر انہیں کون سمجھائے کہ اب ان کی آواز پر دروازہ نہیں کھلے گا؟کیا اس لمحے سے زیادہ بے بسی کا کوئی منظر ہو سکتا ہے؟

اور سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ کیا ہم نے کبھی اپنے گھر والوں کو بتایا ہے کہ ہم ان سے کتنی محبت کرتے ہیں؟ کیا ہم نے اپنے والدین کے ہاتھ چومے ہیں؟ کیا ہم نے اپنے بچوں کو وقت دیا ہے؟ کیا ہم نے کسی کا دل توڑنے کے بعد کبھی اس کی خاموشی کو محسوس کیا ہے؟ہم دوسروں کی موت پر آنسو بہاتے ہیں، مگر اپنی زندگی میں دوسروں کو رلاتے ہوئے ذرا نہیں سوچتے۔ہم کسی کے جنازے میں کھڑے ہو کر موت کو یاد کرتے ہیں، لیکن قبرستان سے باہر نکلتے ہی دوبارہ اسی دنیا کے اسیر ہو جاتے ہیں۔ وہی جھوٹ، وہی فریب، وہی حرام کمائی، وہی سود، وہی غیبت، وہی حسد، وہی تکبر، وہی لوگوں کے حقوق پر ڈاکا اور وہی اللہ تعالیٰ کی نافرمانی!

ہمیں نماز کے لیے بلایا جاتا ہے، مگر ہم کاروبار میں مصروف رہتے ہیں۔ قرآن ہمیں ہدایت دیتا ہے، مگر ہم اپنی خواہشات کو اپنا رہنما بنا لیتے ہیں۔ اللہ نے ہمیں حلال و حرام کا فرق سمجھایا ہے، مگر ہم دنیا کے چند سکوں کے لیے اپنے ضمیر کا سودا کر لیتے ہیں۔ہم کسی کمزور کا حق کھا کر مطمئن ہو جاتے ہیں۔ کسی یتیم کی آہ کو نظرانداز کر دیتے ہیں۔ کسی غریب کی مجبوری سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ کسی کی عزت اچھال کر اپنی محفل میں قہقہے لگاتے ہیں۔اور پھر کسی دن اسی شہر میں ہمارے جنازے کا اعلان ہوتا ہے۔کیا ہم نے کبھی سوچا کہ جس رب کی نافرمانی کرتے ہوئے ہمیں کوئی شرم محسوس نہیں ہوتی، ایک دن اسی رب کے حضور ہمیں اپنے ہر عمل کا جواب دینا ہوگا؟

قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

أَلَمْ يَأْنِ لِلَّذِينَ آمَنُوا أَن تَخْشَعَ قُلُوبُهُمْ لِذِكْرِ اللَّهِ

ترجمہ: کیا ایمان والوں کے لیے ابھی وہ وقت نہیں آیا کہ ان کے دل اللہ کے ذکر کے لیے جھک جائیں؟

(سورۃ الحدید: 16)

یہ آیت پڑھ کر اپنے دل سے سوال کیجئے، آخر وہ کون سا دن ہوگا جب ہم بدلنے کا فیصلہ کریں گے؟کیا کسی جنازے کا منظر ہماری آنکھیں کھولنے کے لیے کافی نہیں؟ کیا کسی باپ کی قبر ہمیں اپنے والدین کی قدر کرنا نہیں سکھا سکتی؟ کیا کسی جوان کی موت ہمیں یہ نہیں سمجھا سکتی کہ زندگی کی کوئی ضمانت نہیں؟ کیا کسی معصوم بچے کا یتیم ہو جانا ہمیں اپنے بچوں کے حقوق یاد نہیں دلا سکتا؟یا ہم اس انتظار میں ہیں کہ جب ہمارا اپنا جنازہ اٹھے گا، تب ہمیں زندگی کی حقیقت سمجھ آئے گی؟

اللہ تعالیٰ قرآنِ مجید میں فرماتا ہے:

حَتَّىٰ إِذَا جَاءَ أَحَدَهُمُ الْمَوْتُ قَالَ رَبِّ ارْجِعُونِ ۝ لَعَلِّي أَعْمَلُ صَالِحًا فِيمَا تَرَكْتُ

ترجمہ: یہاں تک کہ جب ان میں سے کسی کے پاس موت آتی ہے تو وہ کہتا ہے: اے میرے رب! مجھے واپس بھیج دے، تاکہ میں اس دنیا میں نیک عمل کر لوں جسے چھوڑ آیا ہوں۔

(سورۃ المومنون: 99-100)

ایک انسان جس کے پاس کبھی وقت ہی وقت تھا، آج وقت مانگ رہا ہے۔ جس نے زندگی بھر دنیا کے لیے مہلت مانگی، آج چند لمحے نیکی کے لیے مانگ رہا ہے۔ جس نے نماز کو کل پر چھوڑا، آج واپس آ کر سجدہ کرنا چاہتا ہے۔ جس نے لوگوں کے حقوق دبائے، آج انہیں واپس کرنا چاہتا ہے۔ جس نے اپنے والدین کو رنج پہنچایا، آج ان کے قدموں میں بیٹھنا چاہتا ہے۔مگر اب مہلت ختم ہو چکی ہے۔یہ وہ حسرت ہے جسے کوئی دولت ختم نہیں کر سکتی، کوئی سفارش دور نہیں کر سکتی اور کوئی دنیاوی طاقت واپس نہیں پلٹا سکتی۔

ہم کتنے خوش نصیب ہیں کہ ابھی سانس لے رہے ہیں، ابھی ہمارے ہاتھ حرکت کر رہے ہیں، ابھی ہماری زبان بول سکتی ہے اور ابھی ہمارے لیے توبہ کا دروازہ کھلا ہے۔ لیکن ہم اپنی اس مہلت کی قدر ہی نہیں کر رہے۔کسی کے جنازے میں شرکت کرنا یقیناً باعثِ اجر ہے۔ میت کے لیے دعا کرنا، اسے کندھا دینا اور اس کے اہلِ خانہ کے غم میں شریک ہونا ایک عظیم انسانی اور دینی عمل ہے۔ مگر اس موقع کو محض ایک رسم نہ بنائیے۔ جنازے کو اپنی زندگی کا آئینہ بنائیے۔جب کسی قبر کے سامنے کھڑے ہوں تو ایک لمحے کے لیے تصور کیجیے کہ ایک دن اس قبر میں میرا جسم بھی ہوگا۔ لوگ میرے لیے بھی دعائے مغفرت کریں گے۔ میرے گھر والے بھی مجھے یاد کرکے روئیں گے۔ میرے کمرے میں بھی میری غیر موجودگی ایک خاموش سوال بن کر رہ جائے گی۔شاید میرے بچے بھی میرے کپڑوں کو دیکھ کر روئیں، شاید میری ماں بھی میری واپسی کا تصور کرکے آنسو بہائے، شاید کوئی میرا دوست میری پرانی گفتگو پڑھ کر خاموش ہو جائے۔لیکن اس دن مجھے ان میں سے کسی کی آواز سنائی نہیں دے گی۔

اس لیے ابھی وقت ہے!

اپنی نمازوں کی حفاظت کیجیے۔ قرآن سے تعلق مضبوط کیجیے۔ حلال رزق کمائیے۔ کسی کا حق مت ماریے۔ والدین کی خدمت کیجیے۔ رشتوں کو جوڑیے۔ کسی کی مجبوری کا مذاق مت اڑائیے۔ کسی کے آنسوؤں کی وجہ مت بنیے۔ اپنے گناہوں پر شرمندہ ہوں اور اپنے رب سے سچی توبہ کریں، اللہ کی رحمت سے مایوس نہیں ہونا۔ چاہے زندگی کتنی ہی گناہوں میں گزر گئی ہو، سچی توبہ کے ساتھ اپنے رب کی طرف پلٹنے میں دیر نہ کیجیے۔

ایک آخری سوال!

ہم اکثر کہتے ہیں کہ فلاں شخص دنیا سے چلا گیا، فلاں کا انتقال ہو گیا، فلاں اب ہمارے درمیان نہیں رہا۔لیکن کبھی اپنے آپ سے یہ کیوں نہیں کہتے کہ میں بھی دنیا سے جانے کے لیے پیدا ہوا ہوں؟آج میں کسی کے جنازے میں شریک ہوں، کل کوئی میرے جنازے میں شریک ہوگا۔ آج میں کسی کے لیے دعائے مغفرت کر رہا ہوں، کل کسی کی زبان پر میرے لیے دعا ہوگی۔ آج میں کسی کو قبر میں اتار رہا ہوں، کل کوئی مجھے مٹی کے حوالے کرے گا۔اور پھر ایک دن ایسا بھی آئے گا جب میرے نام کا ذکر ہوگا، مگر میں جواب دینے کے لیے موجود نہیں ہوں گا۔میرے کمرے میں میری چیزیں ہوں گی، میری تحریریں ہوں گی، میرے خوابوں کے نشان ہوں گے، مگر میں نہیں ہوں گا۔اس لیے خدارا! دنیا کو اپنا مستقل ٹھکانہ مت سمجھیے۔ یہ چند روزہ مسافر خانہ ہے۔ یہاں کسی کو ہمیشہ نہیں رہنا۔

اپنی زندگی اس طرح گزاریے کہ جب آپ کا جنازہ اٹھے تو لوگ صرف آپ کی موت پر نہ روئیں، بلکہ آپ کے اچھے کردار، محبت، دیانت اور نیکیوں کو یاد کرکے آپ کے لیے دل سے دعا کریں۔کیونکہ اصل کامیابی یہ نہیں کہ دنیا آپ کے جانے پر کتنے آنسو بہاتی ہے، اصل کامیابی یہ ہے کہ آپ کا رب آپ سے راضی ہو۔آج کسی اور کی باری ہے، کل ہماری بھی ہوگی۔ فرق صرف اتنا ہے کہ آج ہم جنازے کے پیچھے چل رہے ہیں، کل کوئی ہمارے پیچھے چلے گا۔اللہ تعالیٰ! ہمیں اس دن سے پہلے سنبھل جانے کی توفیق عطا فرما، جس دن سنبھلنے کی خواہش تو ہوگی مگر مہلت نہیں ہوگی۔ ہمارے گناہ معاف فرما، ہمارے دلوں کو اپنی یاد سے زندہ کر دے، ہمیں اپنی نافرمانی سے بچا، حقوق العباد ادا کرنے کی توفیق دے اور ہمارا خاتمہ ایمان پر فرما۔

آمین یا رب العالمین!۔