اتوار، 18 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

مالدیپ کے صدر 20 اکتوبر سے پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے


مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو 20 اکتوبر سے 22 اکتوبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے-


دفتر خارجہ کے مطابق صدر ڈاکٹر محمد معیزو وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان آئیں گے۔ ان کے ہمراہ خاتونِ اول ساجدہ محمد، کابینہ کے وزرا اور اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد بھی ہوگادورے کے دوران صدر مالدیپ،  صدرِ پاکستان سے ملاقات کریں گے، جو ان کے اعزاز میں سرکاری عشائیہ بھی دیں گے۔ صدر معیزو وزیراعظم شہباز شریف سے محدود اور وفود کی سطح پر مذاکرات بھی کریں گے، جن میں دو نوں ممالک کے تعلقات کے تمام اہم پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔


مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم، سیاحت، زراعت، دفاع، بحری سلامتی، ماحولیاتی تبدیلی اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال ہوگا۔ دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کریں گے۔


دورے کے موقع پر پاکستان مالدیپ بزنس فورم بھی منعقد ہوگا، جس کا مقصد دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط بڑھانا اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔ اس موقع پر دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یاددا شتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔


دفتر خارجہ کے مطابق مالدیپ کے کسی صدر کا 11 سال بعد پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہوگا,یہ دورہ اس لحاظ سے بھی اہمیت رکھتا ہے کہ دونوں ممالک 1966 میں سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ منا رہے ہیں,پاکستان اور مالدیپ مشترکہ مذہبی وابستگی، باہمی احترام اور دیرینہ دوستانہ تعلقات رکھتے ہیں اور علاقائی و عالمی فورمز پر بھی تعاون کرتے ہیں۔ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفاد کے نئے مواقع پیدا کرنے کی توقع ہے۔