پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 7 فروری کو ہو گا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ آگے بڑھانے سے متعلق صوبائی حکومت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا-
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی، جس میں وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ پنجاب کابینہ کمیٹی اور الیکشن کمیشن کے درمیان ہونے والے اجلاس میں صوبائی حکومت نے 15 دسمبر سے 15 جنوری کے دوران انتخابات کرانے کی تجویز دی تھی۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب نے مؤقف اختیار کیا کہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل ہیں، تاہم انتظامی انتظامات کے لیے مزید دو ماہ درکار ہیں۔ انہوں نے درخواست کی کہ انتخابات کے لیے 20 جنوری کے بعد کی تاریخ مقرر کی جائے۔
چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ دسمبر میں پنجاب اور لاہور میں شدید دھند ہوتی ہے، جس کے باعث انتخابی عملے کے لیے انتظامات کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ سردیوں میں دن چھوٹا ہونے اور موسم کی شدت کے باعث ووٹرز کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پہلے اپریل میں انتخابات کرانے کی خواہش مند تھی، کیونکہ اس مہینے میں دن بڑا ہوتا ہے اور اسکولوں کی چھٹیاں بھی ہوتی ہیں، تاہم اب جنوری اور فروری میں انتخابات پر بھی اعتراض نہیں۔
اس پر الیکشن کمیشن کے ایک رکن نے ریمارکس دیے کہ صوبائی حکومت پہلے اپریل میں انتخابات کرانے کی بات کر رہی تھی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ 20 جنوری کے بعد انتخابات کرانے کی درخواست کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد انتخابی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔ سماعت کے دوران انہوں نے چیف سیکرٹری سے بسنت منانے کے انتظامات سے متعلق بھی مکالمہ کیا۔
پنجاب حکومت کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا،بعد ازاں الیکشن کمیشن نے فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 7 فروری 2027 کو ہوگا۔
مزید پڑھیں





