اسلام آباد:کھنہ پل پر تعمیراتی کام، ٹریفک پولیس نے ڈائیورژن پلان جاری کردیا

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے کھنہ پل اور لہتراڑ روڈ پر تعمیراتی کام کے باعث 26 اکتوبر 2026 سے آئندہ حکم تک ٹریفک ڈائیورژن پلان جاری کردیا ہے۔
شہریوں کو ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور سفری مشکلات سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،اسلام آباد ٹریفک پولیس کےمطابق ترامڑی چوک،لہتراڑ روڈ اور علی پور جانےوالی ٹریفک فیض آباد، راول ڈیم چوک اورپارک روڈ کا راستہ استعما ل کرے گی،جبکہ کھنہ پل سے ایکسپریس ہائی وے جانے والے شہری غوری ٹاؤن اور لنک روڈ کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچ سکیں گے-
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک کی ممکنہ سست روی اور رش کے پیش نظر اپنے سفر کے لیے معمول سے 20 سے 25 منٹ اضافی وقت رکھ کر گھروں سے نکلیں تاکہ بروقت اپنی منزل پر پہنچ سکیں۔
چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران موقع پر موجود رہیں گے اور شہریوں کی رہنمائی کریں گے۔
ترجمان کے مطابق ٹریفک سے متعلق تازہ ترین معلومات اور متبادل راستوں کے حوالے سے رہنمائی آئی ٹی پی ایف ایم 92.4 پر بھی فراہم کی جائے گی۔
مزید پڑھیں





