پیر، 26 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

عوام کو ریلیف نہ دیا تو جماعت اسلامی نومبر کے وسط میں اسلام آباد مارچ کرے گی،حافظ نعیم الرحمان


امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو ریلیف نہ دیا تو نومبر کے وسط میں اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے-


لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرولیم لیوی اور ٹیکسز ختم کرے۔ حکومتی ریلیف پیکج ناکافی ہے، موٹرسائیکل سواروں اور طلبا کے لیے ہفتہ وار 500 روپے کا ریلیف کافی نہیں، جبکہ ان کے بقول ڈیڑھ کرو ڑ موٹرسائیکل سوار حکومتی پیکج سے باہر ہیں۔


امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے اشیائے خورونوش بھی مہنگی ہوتی ہیں، اس لیے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرول کی قیمت کم کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی ختم کرنا کوئی راکٹ سائنس نہیں، جبکہ آئی ایم ایف معاہدے میں لیوی عائد کرنا لازمی قرار نہیں دیا گیا۔


حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا کہ ریفائنریوں کے ناجائز مارجن اور پیٹرولیم لیوی میں کمی کی جائے تو پیٹرول کی قیمت 225 روپے کے قریب آ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے منافع میں کمی نہیں آ رہی اور حکومت کو عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔


انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل پر بیداری کے لیے درجنوں جلسے کر چکی ہے، احتجاج کیا اور دستخطی مہم بھی چلائی۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی کے 42 شہروں میں دھرنوں کے بعد حکومت نے ریلیف دیا، تاہم موجودہ پیکج عوامی ضروریات کے مطابق نہیں۔


حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بڑی سیاسی جماعتیں عوام کے جائز مسائل پر بات نہیں کرتیں، جبکہ عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ حکومت کو حالات کا ادراک کرتے ہوئے عوام کو حقیقی ریلیف دینا چاہیے وزرا نے ایک بار پھر جماعت اسلامی کی کمیٹی سے رابطہ کیا ہے، تاہم جماعت اسلامی اپنے مؤقف پر قائم ہے کہ پیٹرولیم لیوی مکمل طور پر ختم ہونی چاہیے۔


ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی محض کسی سیاسی تقریب یا ملاقات کو موضوعِ بحث بنانے کے لیے حکومت سے نہیں ملنا چاہتی، بلکہ عوام کو ریلیف دینا بنیادی مطالبہ ہے مشکل وقت میں ہر فرد کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا انہوں نے فلسطین کی صورتِحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے فلسطین پر قبضہ کر رکھا ہے اور فلسطینی عوام امن و سکون کے منتظر ہیں۔ ان کے مطابق اقوام متحدہ عالمی مسائل کے حل میں ناکام ہو چکی ہے اگر حکومت نے عوام کو ریلیف نہ دیا تو جماعت اسلامی نومبر کے وسط میں اسلام آباد مارچ کے لیے تیار ہے۔