جمعرات، 29 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

یہ پاکستان شہداء کا ہے،ان کا نہیں ہے جنھوں نے بنگلے بنا لیے اور بڑی بڑی گاڑیاں لے لیں،حنیف عباسی


وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی  نے کہا ہے کہ  احادیث اور قرآنی آیات کا استعمال اپنے ذاتی مفاد کے لیے نہ کریں، یہ پاکستان شہداء کا ہے ، یہ پاکستان ان کا نہیں ہے جنھوں نے بنگلے بنا لیے اور بڑی بڑی گاڑیاں لے لیں-


قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ اس پارلیمان میں ایسی بلیک میلنگ ہو رہی ہے کہ بلیک میلر بھی شرما جائے، ہماری مائیں ہمیں بلے اور چڑی چھکے سے بھی مارا کرتی تھیں، رات کی تاریکی میں بھی اپنی ماں کو کوئی تھو نہیں کہہ سکتا احادیث اور قرآنی آیات کا استعما ل اپنے ذاتی مفاد کے لیے نہ کریں، یہ پاکستان شہداء کا ہے ، یہ پاکستان ان کا نہیں ہے جنھوں نے بنگلے بنا لیے اور بڑی بڑی گاڑیاں لے لیں،  یہ پاکستان ان فوجی جوانوں کا ہے جو سرحد پر کھڑے ہیں۔


وزیر ریلوے نے کہا کہ کیا ہمیں جیلوں میں نہیں ڈالا گیا تو کیا ہم عزت دینے والے پاکستان کو بھول جائیں ، یہاں کبھی ہم پختون، سرائیکی، پنجابی اور بلوچ بن جاتے ہیں، جنھوں نے برا بھلا کہا ان کے اپوزیشن لیڈر بن گئے یہ حال مولانا صاحب کا ہے، اچکزئی صاحب آپ وہی ہیں جنھوں نے کہا تھا بلوچ اپنی فوج بنائیں۔


حنیف عباسی نے کہا کہ افغانستان اور ہندوستان آپ کو پاکستان سے زیادہ اچھا لگتا ہے، آئیں دہشتگردی کی اس جنگ میں، کل مولانا نے انتہا ہی کر دی کہ آپ کے اور میرے شہید،  آپ کے کون سے شہید ہیں؟ کیا آپ کو لگتا ہے کہ آپ کی تقاریر سے پاکستان ٹوٹ جائے گا۔ 


وفاقی وزیر نے کہا کہ جو اٹھتا ہے کہتا ہے کشمیر جا رہا ہے کے پی جا رہا ہے بلوچستان جا رہا ہے، کسی مائی کا لال ایسا نہیں کر سکتا،پوری دنیا میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کے ڈنکے بج رہے ہیں، وزیر اعظم کے بارے میں کہا کہ اس کو کون پوچھتا ہے اس کو سارے پوچھتے ہیں، دنیا بھر کے حکمران وزیر اعظم سے ملنا چاہتے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ فوج میں بلوچ پنجابی پشتوں سندھی سب شامل ہیں،خیبر پختونخوا میں دہشتگرد آج منہ چھپا رہا ہے اور بھاگ رہا ہے، خیبر پختونخوا کی پولیس کے جوانوں کو آپ کی سیاست کے لیے کیوں کٹوا دیں ، مذہب کو اپنی سیاست کے لیے استعمال نہ کریں،  آج پاکستان اس خطے کا محفوظ ملک ہے، پاکستان کے جھنڈے تلے سب کو اکٹھا ہونا چاہے، پاکستان میں تفریق کرنے والوں کو میں نہیں مانتا۔