منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

آج کا ڈرامہ،درِ نجات ،از قلم: مریم ڈار

نقطہ نظر

درِ نجات اس وقت اے آر وائی ڈیجیٹل کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ڈرامہ ہے۔ عمیرہ احمد اسکی مصنفہ اور ثاقب خان ہدایتکار ہیں۔ خاص طور پر پڑوسی ملک بنگلہ دیش اوربھارت میں ہر طرف کامیابی کے ڈنکے بج رہے ہیں۔ شہزاد منور اور درِ فشاں دونوں ہی خوبصورت لگ رہے ہیں۔لیکن کیا یہ ڈرامہ واقعی اتنا اچھا ہے جتنا دکھایا جا رہا ہے؟ کہانی زریاب کی ہے ایک امیر، پڑھی لکھی لڑکی جسے اپنے بچپن کے دوست زامل سے محبت ہے۔اور پھر وہ دونوں جدید زمانے کی رِیت نبھاتے جسمانی تعلقات نبھاتے ساتھ ساتھ رہتے ہیں پھر زامل اسے دھوکا دے دیتا ہے۔یعنی کہ اسے چھوڑ دیتا ہے دل ٹوٹنے کے بعد اس کی زندگی میں آتا ہے ابوبکر،ایک بلا کا خوبرو نوجوان جو نہ صرف دنیاوی تعلیم رکھتا ہے بلکہ دین میں بھی سو فیصد ہے ۔لیکن سورہ نور کا حوالہ بارہا دیتے دیتے وہ یہاں چونک گیا کہ غیر قانونی جسمانی تعلقات رکھنے والے مرد اور عورت کی شریعت اور قانون میں کیا سزا ہے۔ ان لکھنے والوں سے یہ میری درخواست ہے کہ بھلے معاملہ کوئی بھی بیان کریں لیکن اس کو حقیقی پیمانے پر بھی پرکھیں ورنہ ا سمیں مذہب کامذاق نہ اڑائیں ،اتنا خیالی لکھنا ہے تو بہتر ہے کہ ہیری پوٹر کی طرز پہ ہی لکھ لیں۔ بہر حال شہریار منور نے ابو بکر کو بہت خوبصورتی سے نبھایا ہے۔ درِفشاں نے روتے ہوئے سینز میں کمال کیا ہے۔ دونوں کی کیمسٹری قدرتی لگتی ہے۔عمیرا احمد اس وقت سے مشہور ہیں جب سے انہوں نے" میری ذات ذرہ بے نشاں لکھا " ہمیشہ سے ایک پڑھی لکھی ہیروئن جو ظلم کا شکار ہوتی ہے اور پھر اس کا اعتماد اور اللہ سے لگی لَو اس کو ہمیشہ سچا ثابت کر دیتی ہے ۔ان کے ڈرامے ہمیشہ سے ایمان، دھوکے، محبت اور توبہ کی کہانی ہی ہے۔ بہرحال یہ 90 کی دہائی کی کہانیاں ہیں۔ جو بعد میں وقتاََ فوقتاََ ڈراموں کی صورت میں بھی پیش ہوئے ۔ رواں سال میں عمیرا احمد کے کئی ڈرامے آ چکے ہیں ۔ عمیرا احمد جی !اتنا زیادہ کام ہو تو معیار میں فرق آ ہی جاتا ہے ابو بکر اتنا کامل ہے کہ وہ انسان لگتا ہی نہیں۔ وہ کبھی غصہ نہیں کرتا، کبھی غلطی نہیں کرتا، کبھی تھکتا نہیں۔یہ ایک خطرناک پیغام ہے کہ اچھا مسلمان وہی ہے جو بیوی کا ہر غصہ چپ چاپ سہتا رہے۔ حقیقی زندگی میں رشتے ایک طرف کی قربانی سے نہیں، برابر کی عزت سے چلتے ہیں۔زریاب مضبوط ہے، لیکن حقیقت میں اس کی نجات کا ایک ہی راستہ دکھایا گیا ہے — شادی۔کیا ایک لڑکی بغیر شادی کے، اپنی تعلیم، اپنے کام اور اپنے اللہ سے تعلق کے ذریعے نجات نہیں پا سکتی؟کہاں گئے وہ ڈرامے جو اصغری اور اکبری کا فرق بتاتے تھے ۔قسط 29 تک آتے آتے ڈرامہ بہت سست ہو گیا ہے۔ڈرامے کے کچھ سین حقیقتاََ سنسر بورڈ کے بہت پاس سے گزرے ہیں۔عمیرااحمد جی بھارت کی انڈسٹری کے لیے لکھنا چاہتی ہیں تو وہاں ڈائریکٹ کہانی بھیجیں نہ کہ یہاں ۔۔۔۔ قصہ مختصر

درِ نجات ایک مشہور ڈرامہ ہے، لیکن شاہکار نہیں ہے۔اس کے مشہور ہونے کی وجہ سب سے پہلے انسانی ظاہری خوبصورتی ہے ،بنگلہ دیش اور بھارت میں ایسے دِکھنے والے لوگ ہمیشہ پسند کیے جاتے ہیں ، دوسرا یہ کہ بھارت میں شادی سے پہلے جسمانی تعلقات عام ہوتے جا رہے ہیں اور ان کا سوشل میڈیا کافی حد تک بغیر شادی کے تعلقات کی پذیرائی کر رہا ہے، تو یہ ایک ظاہری سی بات ہے کہ اس طرح کے تعلقات سے چوٹ کھائی لڑکیاں ابوبکر جیسا لڑکا شدت سے چاہتی ہیں جو ان کی ہر طرح کی بھول چونک معاف کرے ، لیکن کیا حقیقت میں ایسا ہی ہے؟اگر میں یا آپ اس طرح کی گھٹیا بھول جانتے بوجھ کریں تو معاشرہ ہمیں اسی طرح ابوبکر سے نوازے گا یا ہمیں کسی اور حقیقت کا سامنا کرنا پڑے گااس ڈرامے کو دیکھ کہ روبینہ اشرف کے " کسک " کا آخری سین بہت یاد آیا ساتھ میں یاد آیا " برجیس " شفیع محمد کا یاد گار کردار جس نے پورے ڈرامے کوئی مذہبی سہارا نہیں لیا۔ڈرامہ ہے آنچ (1993) - وہ ڈرامہ جس نے پورا پاکستان روک دیا تھا

1993 میں پی ٹی وی سے نشر ہونے والا یہ ڈرامہ اپنے وقت کا بلاک بسٹر تھا۔ اس ڈرامے میں شگفتہ اعجاز اور شفیع محمد نے میاں بیوی کا کردار نبھایا تھا۔برجیس کی بیوی جوان بچے چھوڑ کر دوسری شادی کر لیتی ہے اور جس صبر اور تحمل کا مظاہرہ اس کردار نے کیا ہے ابوبکر کا کردار تواس کے سامنے ماند نظر آتا ہے لیکن اس وقت کے لیے یہ موضوع بہت بولڈ تھا۔اس وقت کے ڈرامے کتابوں سے نکلتے تھے۔ مکالموں میں شاعری نہیں، سچائی تھی۔ جو بات گھر میں بولی جاتی تھی، وہی اسکرین پر بولی جاتی تھی۔