پیر، 16 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اکیسواں سویٹر ،تحریر:روبینہ یوسف

نقطہ نظر

دور درخت کی سرسبز شاخ پر ایک پرندہ اپنی چونچ میں پتے کو دبائے بیٹھا تھا آتی بہار کے دن تھے۔ خزاں کے غم کے مارے پودے اشجار اور بیلیں نو دمیدہ کونپلوں سے سج رہی تھیں۔ آہ۔۔۔۔ یہی وہ دن تھے جب کامران ان سے دور چلے گئے تھے۔ اس سفاک دنیا کی بھیڑ میں کہیں گم ہو گئے تھے۔ نوین دو برس کی تھی اور وہ صرف 26 بہاریں دیکھ پائی تھیں اپنی خوشیوں کی جب یہ سانحہ ہوا۔

ان کا دل ماننے کو تیار نہیں تھا کہ کامران اتنے غیر ذمہ دار ہو سکتے ہیں کہ گھر کا راستہ ہی بھول جائیں۔ کبھی کبھی وہ گھر سے باہر نکل کر اپنی گلی کے ہر موڑ ہر مکان مکانوں کی دیواروں اور دیواروں کی ہر اینٹ کو غور سے دیکھا کرتیں کہ شاید کسی طلسم ہوش ربا نے کامران سے اپنے ٹھکانے کی پہچان نہ چھین لی ہو کہیں کچھ بدل نہ گیا ہو مگر ہر بار انہیں مایوسی ہوتی۔ سب کچھ پہلے جیسا ہی تھا وہ اسی گھر میں بیاہ کر ائی تھیں۔

کامران ملک کے نامی گرامی صنعت کار تھے۔ نازک سی شجیعہ کے حسن کا شکار ہو گئے تھے۔ وہ کوئی بہت خوبصورت نہ تھیں۔ بانکپن صرف حسن والوں کی ملکیت نہیں ہوتا اور جو دل کو بھا جائے وہی شہ خوباں بن جاتا ہے۔ اگر شجیعہ کو پتہ ہوتا کہ ان کے سکون کے دن تھوڑے ہیں تو وہ اپنے جذبوں کو مجسم کر کے ایسی زنجیر بناتیں کہ خوشیاں کبھی ان سے دور نہ جا پاتیں۔

ابھی تو ان کے عروسی دوپٹے سے کامران کے ہاتھوں کا لمس بھی نہ اترا تھا۔ کبھی کبھی جب انہیں خیال آتا کہ نہ جانے وہ کس حال میں ہوں گے؟؟ مصائب کی کون سی بھٹی ان کی رگ جاں کو چھیدتی ہوگی؟؟ کون جانے؟؟ تو ان کا دل چاہتا کہ وہ زور زور سے چیخنا شروع کر دیں .

کوئل کی دردناک "کو کو' سے وہ چونک اٹھیں۔ دھیرے دھیرے چلتی ہوئی کاریڈور سے گزر کر باغ میں آئیں۔ وہی باغ جو ان دونوں نے مل کر لگایا تھا۔ ایک بات ہے کہ کامران کے لگائے ہوئے پودے تناور درخت بن کر خوب بہار دے رہے تھے جبکہ شجیعہ کے ہاتھ کے پودے جلدی مرجھا جاتے تھے۔ اب وہ سمجھی قدرت کی مصلحت کہ کامران کا عکس ان نباتات میں اتر کر ان کو محفوظ کر رہا ہے اس لیے ایسا ہوا تو چھاؤں بہرحال وہ دے ہی رہے تھے اپنی غیر موجودگی میں بھی۔

ماما!!! چائے کے ساتھ کیا لیں گی؟, نوین کی آواز پر وہ پلٹی۔ ہو بہو باپ کا عکس تھی وہ۔ کم عمری میں باپ کی جدائی کا سانحہ اس کے بچپن کو بھی مدبرانہ پیراہن میں ڈھال گیا تھا۔ اب تو وہ دو مہینے کی بچی کی ماں تھی۔ سو گوار مامتا اتنی حسین تھی کہ وہ بے اختیار اسے دیکھے گئیں۔

بیٹی ہی ان کی محرم راز تھی۔ جواب دینے کی بجائے انہوں نے آگے بڑھ کر اسے گلے لگا لیا۔ میری فکر نہ کیا کرو۔ کاشان کا خیال رکھو۔ عائرہ کو توجہ دو۔ اس ننھی جان کو تمہاری اور کاشان کی زیادہ ضرورت ہے۔ آخری جملہ کہتے کہتے ان کی آواز بھرا گئی۔ کسی کو کیا پتہ زندگی خوشیوں کا تاوان بھی لیتی ہے مگر ہر کسی سے نہیں۔ یہ جملہ وہ دل میں سوچ کر رہ گئیں۔ نوین واپس پلٹ گئی۔ شجیعہ کی نظروں میں وہ دن ایک ایک کر کے گزرنے لگے جب کامران پھول توڑ کر ان کے بالوں میں لگایا کرتے تھے۔ جب وہ دونوں سیاہ گلابوں پر اترتی شام کا ایک منظر ہوا کرتے تھے۔ جب موتیا کے پھول ان کی کلائیوں پر گجروں کی صورت مہکا کرتے تھے اور رات کی رانی کی خوشبو انہیں سرشار کر دیتی تھی۔ کامران آج بھی انہیں گھر کے ہر کونے میں نظر آتے تھے۔ فرق صرف یہ تھا جب پہلے وہ ان کے قریب جاتی تھیں، وہ انہیں اپنی بانہوں کے حلقے میں لے لیتے تھے اور اب وہ ان سے گریزاں تھے۔ پاس بلا کے غائب ہو جاتے تھے۔ وہ اپنے آنسو پیتی ہوئی کمرے میں واپس آگئیں۔

ملازمہ چائے کی ٹرے ان کے کمرے میں رکھ کر جا چکی تھی۔ کپ سے اٹھتی بھاپ میں کامران کے چائے سے بھیگے ہوئے ہونٹ انہیں بے سکون کرنے لگے تو انہوں نے جلدی سے گرم چائے کے موٹے موٹے گھونٹ بھر کر خالی پیالی ٹرے میں رکھ دی۔

اگلے ہفتے انہیں امریکہ میں لاپتا افراد کے بارے میں ایک کانفرنس میں شرکت کرنی تھی۔ نہ جانے کتنی قراردادیں اور بلز منظور ہو چکے تھے مگر اپنے گم گشتہ نصیبوں تک ابھی بھی رسائی نہ ہو سکی تھی۔ رات ہی انہوں نے ایک اور سویٹر بن کر مکمل کیا تھا۔ کامران کو ان کے ہاتھ کے بنے ہوئے سویٹرز بہت پسند تھے۔ ان کے جانے کے بعد بھی وہ ہر سرما میں اپنے ہاتھوں سے سویٹر بنا کرتی تھیں۔ ہر گھروندے کے ہر تار میں اپنی بے چینیوں کو قید کرتیں۔ اپنی محبت کے پیاسے لمحات کو قید کرتیں۔ یوں جیسے کامران یہ سویٹرز پہنیں گے تو ان کی ساری ناآسودگیوں، محرومیوں اور بے قراریوں کی کہانی کو سمجھ لیں گے۔ وہ ان پر نازاں جو تھی کہ کچھ کہنے کی ضرورت ہی نہیں پڑتی تھی اور کامران کو جیسے وجدان ہو جاتا تھا۔

انہیں اچھی طرح یاد تھا کہ نوین کی پیدائش پر کتنی خوشیاں منائی گئی تھیں۔ اس وقت ان کے ساس سسر اور ماں باپ دونوں حیات تھے۔ وہ اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھیں اور کامران کی صرف ایک بڑی بہن تھیں جو کہ آسٹریلیا میں رہائش پزیر تھیں۔ وہ خاص طور پر اکلوتے بھائی کو بیٹی کی مبارکباد دینے پاکستان آئی تھیں۔ پھر جب نوین نے پہلا دودھ کا دانت نکالا تو کامران کی خوشی قابل دید تھی۔ بھئ بیگم!!! آج تو ڈنر میں روسٹڈ ران ہونی چاہیے۔ وہ شرارت سے کہہ رہے تھے۔ بڑے چالاک ہیں آپ، بیٹی کے دانت کی خوشی میں اپنے دانت تیز کرنے کے چکر میں ہیں۔ وہ ہنستی ہوئی بولی تھیں۔ ان کی ہنسی پر تو کامران فدا تھے۔ دھیمی رفتار سے بہتی ہوئی ندی کے شور جیسی ہنسی ان کی ساری تھکن اتار دیا کرتی تھی۔ پھر اس دن کی یاد بھی ان کی آنکھوں کو نمکین پانیوں سے بھر گئی جب نوین نے اپنا پہلا قدم اٹھایا تھا۔ اس کی دادی نے خاص طور پر پاؤنیاں (پیر کی شکل کی مٹھائی) بنوا کر بانٹی تھی. انہوں نے الماری کھول کر اس میں نفاست سے ٹنگے سویٹروں پر ہاتھ پھیرا۔ یوں محسوس ہوا کہ جیسے وہ کامران کے بدن پر ہیں۔ کسرتی, مضبوط اور حرارت سے بھرپور بدن جس پر وہ جان دیتی تھیں۔ 20 سویٹرز ہو چکے تھے ۔

اب جب حدتیں آخری سانس لے لیتیں اور دل آویز ٹھنڈک نے سب کچھ اپنی لپیٹ میں لے لینا تھا تب انہوں نے اپنی چاہت کا ایک اور تاج محل سلائیوں پر منتقل کر دینا تھا۔

شب برات پر آج بھی وہ محبوب شوہر کی پسند کا چنے کی دال کا حلوہ بنایا کرتی تھیں۔ چھوٹی چھوٹی ٹکڑیوں میں چاندی کے ورق اور بادام پستے سے سجا طشت دسترخوان کی شان بڑھا دیتا تھا۔ رمضان کریم میں ضرورت مندوں میں راشن کے تھیلے بانٹنا، عید پر فطرانے کی رقم اور کپڑوں کی تقسیم ۔سب کچھ وہی تھا پہلے جیسا۔

نوین کے لیے بے انتہا رشتے آئے تھے۔ وہ خوبصورت تھی ۔نامی گرامی صنعت کار کی بیٹی تھی۔ شجیعہ نے بڑی ہمت سے کامران کے بزنس کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ چھوٹی بچی کا ساتھ تھا۔ کامران کی تلاش کے ہر ممکن پہلو پر کام بھی کر رہی تھیں۔ جہاں جہاں کوئی موہوم سی بھی امید نظر آتی، وہ وہاں پہنچ جاتی تھیں۔ ناچار انہوں نے "گھر داماد" کی تلاش شروع کی۔ جاننے والوں کے توسط سے کاشان مل گیا جو ماں باپ کی وفات کے بعد بہن کے ہاں رہ رہا تھا۔ بہنوئی کے سردرویوں کا شکار تھا۔ بہن کی ذات ڈھارس تھی مگر کب تک؟؟ ہونہار، خوبصورت اور مخلص سا کاشان ان کا گھر داماد بن گیا ۔بزنس کے معاملات آہستہ آہستہ اس کے سپرد کر کے وہ کافی حد تک مطمئن ہو گئیں۔ گمشدہ افراد کی امریکہ میں منعقدہ کانفرنس کامیاب رہی تھی ۔نئی امیدوں نے دامن پکڑا تھا ۔واپسی پر وہ پرجوش تھیں۔ امید ہی تو مرنے نہیں دیتی۔

آج کاشان انہیں سالانہ چیک اپ کے لیے لے جا رہا تھا۔ دھیمے لہجے میں بولتا ان کو حوصلہ دیتا، نوین کے بعد وہ بہت بڑی ڈھارس تھا۔ غیر محسوس طریقے سے بیماریوں نے ان کی رگوں اور ہڈیوں کے جوڑوں میں جگہ بنانی شروع کر دی تھی۔ واپسی پر عائرہ کے ساتھ کافی دیر کھیلتی رہیں۔ اب وہ ان کی آواز پر جوابی غوں غاں کرنے لگی تھی ۔رات دیر تک ان کے کمرے میں کاشان اور نوین بیٹھے رہے۔ نوین ان کا سر سہلاتی رہی۔ جانے کب وہ سو گئیں۔

آج پریس کلب میں ایک میٹنگ تھی ۔مقررہ وقت پر وہ پہنچ گئیں۔ وہی دلفریب وعدے، کھوکھلے عزم اور بے جان الفاظ جو آج تک کسی لاپتہ کا کوئی سندیس نہ دے سکے تھے۔ وہ گھر پہنچیں تو کافی تھکی تھکی سی تھیں۔ اس کے باوجود انہوں نے اکیسوں سویٹر شروع کر دیا۔ ہواؤں میں خنکی آگئی تھی۔ ہر بار کی طرح انہیں امید تھی کہ یہ سویٹر مکمل ہوگا تو کامران ضرور آ جائیں گے۔

سارا دن ان کے کان فون یا ڈور بیل کی طرف لگے رہے ۔سویٹر بڑی احتیاط سے ہینگر میں ڈال کر لٹکا دیا۔

رات عشاء کے بعد ذکر اذکار اور تلاوت سے فارغ ہو کر وہ سونے کے لیے لیٹیں۔ جانے کون سا پہر تھا جب فون کی آواز سے ان کی آنکھ کھلی ۔اتنی رات گئے فون آنا نہ جانے کیسا شگون تھا؟؟ انہوں نے جھپٹ کر فون اٹھایا ۔۔۔۔۔۔۔

آج وہ اذان سے بہت پہلے اٹھ گئی تھیں۔ اپنے ہاتھ میں سویٹر لیے کندھے سے ہینڈ بیگ لٹکائے وہ جانے کو تیار تھیں۔ ارے امی!! آپ کہاں جا رہی ہیں صبح صبح؟؟ نوین جو کہ بچی کی طبیعت کی وجہ سے رات بھر کی جاگی ہوئی تھی. اس طرف آ نکلی تو بے اختیار پوچھ بیٹھی اور یہ سویٹر کہاں لے کر جا رہی ہیں؟؟؟؟

21واں سویٹر مکمل ہوا اور میرا انتظار بھی پایہ تکمیل کو پہنچا۔ وہ اجنبی سی آواز میں جیسے گہرے کنویں سے بول رہی تھیں۔ مم۔۔۔ مم۔۔۔۔ ما۔۔۔جی۔۔۔ نوین کانپتے لہجے میں کچھ کہنا چاہ رہی تھی مگر انہوں نے ہاتھ اٹھا کر اسے روک دیا۔ چھ سال پرانے قبر پر چڑھانے کے لیے اس سویٹر سے بڑا میرے پاس کوئی نذرانہ نہیں۔