پیر، 16 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

خطرے کی گھنٹی جو تاحال سنائی نہیں دیتی ، تحریر: سید آزاد گیلانی

نقطہ نظر

انسان نے سمندروں کی گہرائیوں سے لے کر خلا کی وسعتوں تک اپنی جستجو کے جھنڈے گاڑ دیے۔ چاند پر قدم رکھ لیا، مریخ تک رسائی حاصل کر لی، سمندروں کی تہہ میں چھپے راز دریافت کر لیے، مگر آج بھی اس کے سامنے ایک ایسا سوال کھڑا ہے جس کا تعلق براہِ راست اس کی بقا سے ہے: کیا آنے والے وقت میں انسان کے پاس پینے کے لیے صاف پانی موجود ہوگا؟ یہ سوال محض کسی ایک خطے یا ملک کا نہیں، پوری دنیا کے مستقبل کا سوال ہے۔ جس پانی کے بغیر زندگی کا تصور ممکن نہیں، اسی پانی کی قلت اب انسانی تہذیب کے لیے ایک بڑے خطرے کی صورت اختیار کرتی جا رہی ہے۔


موسمیاتی تبدیلی اور پانی کے مستقبل پر ہونے والی سائنسی بحث ایک عجیب تضاد کی نشان دہی کرتی ہے۔ دنیا کے بعض خطے خشک سالی اور پینے کے پانی کی قلت سے دوچار ہیں، تو دوسری طرف کئی آبادیاں سیلاب اور سمندر کی بڑھتی ہوئی سطح کے خطرے میں ہیں۔ معروف سائنسی جریدے نیچر میں اکتوبر 2015ء میں شائع ہونے والے ایک مضمون کا عنوان ہی اس تضاد کو بیان کرتا ہے: ’’ڈوبنے سے پہلے شاید ہم پیاس سے مر جائیں‘‘۔ یہ مضمون بحرالکاہل کے جزیرے کریباتی کی مثال سے واضح کرتا ہے کہ وہاں سمندر کی بڑھتی ہوئی سطح، سیلاب، زیر زمین پانی کے حد سے زیادہ استعمال اور آلودگی کے باعث صاف پانی کی دستیابی ایک سنگین مسئلہ بن رہی ہے۔ گویا انسان کے سامنے خطرہ پانی کی عدم موجودگی بھی ہے اور پانی کی بے قابو فراوانی بھی؛ کہیں پانی کی زیادتی تباہی لا رہی ہے اور کہیں اس کی محرومی زندگی کے لیے خطرہ بن رہی ہے۔


جب میں یہ تحریر لکھنے سے پہلے دنیا میں میٹھے پانی کے دستیاب ذخائر اور انسانی ضروریات کا جائزہ لینے کے لئے معلومات اکٹھی کرنے لگا تو صودتحال مزید تشویش ناک دکھائی دی ہے۔ عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو دہائیوں کے دوران دنیا کے میٹھے پانی کے ذخائر میں ہر سال اوسطاً 324 ارب مکعب میٹر کی کمی واقع ہوئی ہے۔ یہ مقدار تقریباً 28 کروڑ انسانوں کی سالانہ ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہو سکتی ہے۔ اس کمی کے اسباب میں خشک سالی، موسمیاتی تبدیلی، جنگلات کی کٹائی، آبی وسائل کا غیر مؤثر انتظام اور ضرورت سے زیادہ آبپاشی شامل ہیں۔ مسئلہ صرف پانی کی مجموعی مقدار کا نہیں بلکہ اس میٹھے پانی تک منصفانہ اور محفوظ رسائی کا بھی ہے۔ دنیا کے کئی خطوں میں پانی موجود ہے مگر آلودہ ہے، کہیں دستیاب وسائل آبادی کی ضروریات کے مقابلے میں ناکافی ہیں اور کہیں پانی کی تقسیم کا نظام غیر منصفانہ اور غیر مؤثر ہے۔


جب پوری دنیا اور ترقی یافتہ ممالک کے لیے بھی یہ صورتِ حال تشویش ناک ہے تو پاکستان جیسے ملک کے حالات کا اندازہ لگانا مشکل نہیں لیکن پھر بھی آئیے آپ کو بتاتے ہیں جہاں ہم دیگر بنیادی ضروریات زندگی کی عدم دستیابی کا شکار ہیں وہاں اب ہم صاف ہوا اور صاف پانی کو انتہائی بنیادی ضرورت ہیں انسانی زندگی کی ان سے محروم ہوتے جا رہے ہیں ۔ پاکستان کا بڑا انحصار دریائے سندھ اور اس کے معاون دریاؤں پر ہے۔ ہماری زراعت، خوراک، معیشت، صنعت اور روزمرہ زندگی اسی آبی نظام سے جڑی ہوئی ہیں۔ پاکستان ان ممالک میں شمار ہوتا ہے جہاں فی کس سالانہ پانی کی دستیابی ایک ہزار مکعب میٹر کی آبی قلت کی حد سے نیچے جا چکی ہے۔ آبادی میں مسلسل اضافہ، پانی کے استعمال میں بے احتیاطی اور دستیاب وسائل کا غیر مؤثر انتظام اس مسئلے کو مزید سنگین بنا رہے ہیں۔


پاکستان اقتصادی سروے 2025-26ء کے مطابق مالی سال 2025-26ء میں سطحی پانی کی دستیابی 92 ملین ایکڑ فٹ رہی، جبکہ اوسط نظامی استعمال 103.5 ملین ایکڑ فٹ ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ دستیاب سطحی پانی اوسط نظامی ضرورت سے تقریباً 11.1 فیصد کم رہا۔ یہ اعداد ہماری زرعی معیشت اور غذائی تحفظ کے لیے ایک واضح تنبیہ ہیں۔ اگر پانی کی دستیابی اور ضرورت کے درمیان یہ فرق بڑھتا رہا تو اس کے اثرات صرف کھیتوں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ عام شہری کی خوراک، روزگار اور معاشی حالات بھی اس سے متاثر ہوں گے۔


پاکستان میں آبی بحران کی وجوہات ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔ آبادی میں تیز رفتار اضافہ پانی کی طلب بڑھا رہا ہے، جبکہ زراعت اور آبپاشی کے نظام میں ہم جدت اختیار نہیں کر پاۓ ابھی غیر مؤثر طریقے اپنائے ہوۓ ہیں ۔ غیر محتاط ترسیل، فصلوں کے انتخاب میں ہمیں اب کم پانی سے زیادہ پیداوار والی والی فصلوں کو ترجیح دینی ہو گی ۔ دوسری جانب شہروں اور صنعتوں کا آلودہ پانی دریاؤں، نالوں اور زیر زمین ذخائر کو متاثر کر رہا ہے۔ زرعی ادویات اور کیمیائی کھادوں کا غیر محتاط استعمال بھی پانی کے معیار کو نقصان پہنچاتا ہے۔


موسمیاتی تبدیلی نے اس بحران کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ درجہ حرارت میں اضافہ گلیشیئرز کے پگھلنے کے انداز اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کو متاثر کر رہا ہے۔ کہیں شدید بارشیں اور سیلاب تباہی مچاتے ہیں تو کہیں طویل خشک سالی زراعت اور انسانی آبادیوں کو مشکلات میں ڈال دیتی ہے۔ پاکستان کے لیے یہ صورتِ حال اس لیے بھی حساس ہے کہ ہمارے آبی وسائل کا بڑا حصہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے قدرتی نظاموں سے وابستہ ہے۔ اگر پانی کے ذخیرے، ترسیل اور استعمال کا مؤثر انتظام نہ کیا گیا تو کبھی پانی کی فراوانی ہمارے لیے آفت بنے گی اور کبھی اس کی کمی۔


آبی بحران کے اثرات صرف پانی کے نلکوں تک محدود نہیں رہتے۔ جب کھیتوں کو مطلوبہ پانی نہیں ملتا تو فصلوں کی پیداوار متاثر ہوتی ہے، خوراک کی قیمتیں بڑھتی ہیں اور مہنگائی کا بوجھ عام آدمی پر پڑتا ہے۔ صنعتوں کو پانی کی کمی کا سامنا ہو تو پیداوار، سرمایہ کاری اور روزگار متاثر ہوتے ہیں۔ شہری علاقوں میں پانی کی قلت ٹینکر مافیا اور غیر قانونی فروخت جیسے مسائل کو جنم دیتی ہے۔ صاف پانی کی عدم دستیابی انسانی صحت کے لیے بھی خطرہ ہے۔ مزید یہ کہ دریاؤں کے پانی کی تقسیم پر صوبوں کے درمیان اختلافات اور سرحد پار آبی معاملات میں کشیدگی قومی اور علاقائی استحکام کو متاثر کر سکتی ہے۔ یوں پانی محض قدرتی وسیلہ نہیں رہتا بلکہ قومی سلامتی، معاشی استحکام اور سماجی امن کا معاملہ بن جاتا ہے۔


اس بحران کا حل کیا ہے ، اس پر بہت لمبی چوڑی بات کرنا چاہوں تو کر سکتا ہوں مگر بات مختصر اور جامع ہی بہتر ہوتی ہے ، صرف نئے ڈیم بنانے یا بارشوں کے انتظار میں بیٹھنے سے ممکن نہیں۔ ہمیں پانی کے استعمال اور انتظام کے پورے نظام پر نظرِ ثانی کرنا ہوگی۔ زراعت میں ڈرپ اور اسپرنکلر آبپاشی، لیزر لینڈ لیولنگ اور نہروں اور آبی گزرگاہوں کی مرمت، پانی کی پیمائش اور ترسیل کے نظام میں شفافیت لانا ہوگی۔ بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے منصوبے شہروں اور دیہی علاقوں دونوں میں شروع کیے جائیں۔ زیرِ زمین پانی کے اخراج کو قواعد و ضوابط کے تابع کیا جائے اور صنعتی و شہری گندے پانی کو صاف کرکے دوبارہ قابلِ استعمال بنایا جائے۔ نئے آبی ذخائر کی تعمیر بھی اہم ہے، مگر اس کے لیے فنی تقاضوں، ماحولیاتی اثرات اور بحیثیت پاکستانی ہمارا متفق ہونا بنیادی اہمیت رکھتا ہے


حکومت کی ذمہ داری اپنی جگہ، مگر پانی کا تحفظ صرف حکومتی پالیسیوں سے ممکن نہیں۔ گھروں میں پانی کا غیر ضروری استعمال روکنا ہو گا ، بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانا اور دوسروں میں اس حوالے سے شعور پیدا کرنا ۔ پانی کے تحفظ کو وقتی مہم کے بجائے مستقل قومی رویہ بنانا ہوگا۔


ہمیں اب یہ طے کرنا ہے کہ ہم آنے والی نسلوں کے لیے پانی کے ذخائر چھوڑ کر جائیں گے یا پیاس کے صحرا؟ یہ مسئلہ کسی ایک حکومت، ایک صوبے یا ایک نسل کا نہیں، پوری قوم اور انسانی تہذیب کے مستقبل کا ہے۔ پانی قدرت کا وہ تحفہ ہے جس کا کوئی حقیقی متبادل ایجاد نہیں کیا جا سکتا۔ ہم نے زمین کے وسائل سے اپنی ضرورت سے زیادہ فائدہ اٹھایا، دریاؤں کو آلودہ کیا، زیرِ زمین ذخائر کو بے دریغ نچوڑا اور بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے بجائے اسے سیلاب کی صورت سمندر برد ہونے دیا۔ اب بھی وقت ہے کہ اپنی ترجیحات بدلیں، پانی کو قومی سلامتی، معاشی استحکام اور انسانی بقا کا بنیادی مسئلہ تسلیم کریں۔ اور خود سے سوال کریں کہ ہم نے اپنی نسلوں کے لیے زندگی کا سب سے بنیادی وسیلہ کتنا محفوظ چھوڑا۔ یاد رکھیے، پانی ختم ہونے سے پہلے انسان کی مہلت ختم ہو سکتی ہے؛ اور جب پیاس مقدر بن جائے تو ترقی کے تمام دعوے بے معنی ہو جاتے ہیں۔


( کالم کے لئے معلومات پاکستان اقتصادی سروے 2025-26ء وزارت خزانہ، حکومت پاکستان۔اور عالمی آبی ذخائر اور موسمیاتی اثرات: عالمی بینک کی رپورٹ سے لی گئی ہیں )