حنا جاوید قتل کیس، تین ماہ میں پولیس چالان جمع نہ کرا سکی، پراسیکیوشن کا نوٹس

راولپنڈی: حنا جاوید قتل کیس میں تقریباً تین ماہ گزرنے کے باوجود پولیس کی جانب سے چالان جمع نہ کرانے پر ڈسٹرکٹ پراسیکیوشن برانچ نے نوٹس لیتے ہوئے سی پی او راولپنڈی سے جواب طلب کر لیا۔
ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر نے اس حوالے سے سی پی او راولپنڈی کو خط ارسال کیا ہے، جس میں نشاندہی کی گئی ہے کہ قانون کے مطابق پولیس 14 روز کے اندر چالان پیش کرنے کی پابند ہے، تاہم قتل کے اس مقدمے میں 86 روز گزرنے کے باوجود تاحال چالان جمع نہیں کرایا گیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 173 کے تحت پولیس رپورٹ جمع کرانے کی مقررہ مدت مکمل ہو چکی ہے، لیکن مقدمے کا چالان تاحال جانچ پڑتال کے لیے پراسیکیوشن برانچ میں پیش نہیں کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر نے متعلقہ ایس ایچ او اور تفتیشی افسر کو ہدایت کی ہے کہ قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے رپورٹ مکمل کی جائے اور چالان جانچ پڑتال کے لیے جمع کرایا جائے۔
واضح رہے کہ حنا جاوید کو رواں سال 20 اگست کو راولپنڈی میں ان کے گھر کے اندر تشدد کرکے قتل کیا گیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ سول لائن میں درج کیا گیا۔ مقتولہ کے شوہر فیصل اصغر اور گھریلو ملازم ذیشان اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں ہیں۔
دوسری جانب مقتولہ کے اہل خانہ نے پولیس کی تفتیش پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کیس کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ بھی کر رکھا ہے۔
مزید پڑھیں





