اتوار، 25 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

برطانیہ کا وقار، پاکستان کا فخر،پاکستانی نژاد نامور ہارٹ سرجن ڈاکٹر آصف حسن کو "لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ" سے نواز دیا گیا

مصنف:

نیوکاسل: (رپورٹ:ندیم یعقوب گوہر) برطانیہ کے سب سے معتبر قومی اعزاز "پرائیڈ آف برٹش" (Pride of Britain Awards) کی پروقار تقریب میں پاکستانی نژاد ممتاز پیڈیاٹرک کارڈیوتھوراسک سرجن ڈاکٹر آصف حسن کو ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں "لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ" سے نوازا گیا۔ یہ لمحہ نہ صرف برطانوی طبّی تاریخ بلکہ پاکستان کے لیے بھی باعثِ فخر بن گیا۔


کراچی کے تاریخی ڈاؤ میڈیکل کالج سے 1979ء میں ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کرنے والے ڈاکٹر آصف حسن نے کئی دہائیوں قبل برطانیہ ہجرت کی اور نیوکاسل کے مشہور فری مین ہسپتال میں خدمات کا آغاز کیا۔ اپنے 35 سالہ طویل اور تابناک کیریئر کے دوران انہوں نے بچوں کے دل کی 4,000 سے زائد پیچیدہ اوپن ہارٹ سرجریاں اور تقریباً 400 کامیاب ہارٹ ٹرانسپلانٹ کیے۔ انہوں نے 'برلن ہارٹ' اور 'بوٹ لیس کلوزر' جیسی جدید تکنیکوں کے ذریعے ہزاروں معصوم جانوں کو موت کے منہ سے نکالا۔


تقریب کا سب سے جذباتی اور یادگار لمحہ وہ تھا جب ان کے ہاتھوں زندگی پانے والے 19 سابقہ مریض نوجوان اور بچے اچانک اسٹیج پر آ گئے۔ ان میں وہ بچے بھی شامل تھے جو ماضی میں اپنی بہادری پر قومی ایوارڈز جیت چکے ہیں۔ جب ان نوجوانوں نے ڈاکٹر آصف کو خراجِ تحسین پیش کیا تو پورا ہال تالیوں اور جذباتی آنسوؤں سے گونج اٹھا۔


عاجزی کا پیکر بننے والے ڈاکٹر آصف حسن نے اپنے روایتی انکسار کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو صرف ایک "بس ڈرائیور" سمجھتے ہیں جن کا کام بچوں کو بیماری کی تاریکی سے نکال کر صحت کی روشنی تک پہنچانا تھا۔ 70 سالہ ڈاکٹر آصف حسن ریٹائرمنٹ کے بعد اب پاکستان اور کینیا سمیت ترقی پذیر ممالک میں غریب بچوں کے دل کے سرجنز کو مفت اور جدید ترین تربیت فراہم کرنے کے عزم پر گامزن ہیں۔