صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ چین کا دورہ کرنے والے امریکی صحافیوں کے موبائل فون ممکنہ سائبر جاسوسی کے خدشات کے پیش نظر عارضی طور پر ضبط کرلیے گئے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ چین کے دوران صحافیوں کے موبائل فون خصوصی سکیورٹی چیکنگ کے عمل سے گزارے گئے۔ وائٹ ہاؤس کے عملے کے موبائل فونز کا ڈیٹا مٹانے یا انہیں ممکنہ سائبر خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے بھی عارضی طور پر تحویل میں لیا گیا۔رپورٹس کے مطابق دورہ چین مکمل ہونے کے بعد ایئر فورس ون میں صحافیوں کے موبائل فون ممکنہ سائبر جاسوسی کے خدشات کے پیش نظر خصوصی سکیورٹی بیگز میں رکھوائے گئے۔ یہ فون امریکا پہنچنے پر صحافیوں کو واپس کردیے گئے۔
خصوصی فیراڈے بیگز ، ایسے حفاظتی بیگز ہوتے ہیں جو وائی فائی، موبائل نیٹ ورک اور دیگر وائرلیس سگنلز کو بلاک کردیتے ہیں، جس سے فون بیرونی نیٹ ورکس سے رابطہ نہیں کرسکتے۔حکام کے مطابق موبائل فونز کو عارضی طور پر تحویل میں لینے کا اقدام محض سکیورٹی احتیاط کے طور پر کیا گیا تھا۔ کسی مخصوص جاسوسی کی کوشش یا موبائل فونز میں نگرانی کا سافٹ ویئر موجود ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی۔






