ہفتہ، 7 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

امریکاکا ایرانی جوہری پروگرام کی جاسوسی کے بدلے 2 کروڑ ڈالر اور امیگریشن دینےکا اعلان


امریکا نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق خفیہ معلومات فراہم کرنے والے افراد کے لیے 2 کروڑ ڈالر انعام اور ممکنہ طور پر محفوظ مقام پر منتقلی کی پیشکش کردی ہے۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے جمعے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی محکمہ خارجہ کے پروگرام ’’ریوارڈز فار جسٹس‘‘ کے تحت ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اہم معلومات فراہم کرنے والوں کو 20 ملین ڈالر تک انعام دیا جائے گا۔


بیان کے مطابق مطلوبہ معلومات میں ایران کی جوہری تنصیبات، آلات، متعلقہ شخصیات اور جوہری شعبے سے وابستہ سائنس دانوں کے بارے میں تفصیلات شامل ہیں اس کےعلاوہ ان افراد اور تنصیبات کی نقل و حرکت سے متعلق معلومات بھی فراہم کی جا سکتی ہیں, امریکی حکو مت کی جانب سے یہ پیشکش ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد بار دعویٰ کر چکے ہیں کہ امریکی حملوں نے ایران کے جوہری پروگرام کو مکمل طور پر تباہ کردیا ہے۔


دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کی جانب سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے حفاظتی معاہدوں پر مکمل عمل نہ کرنے کے باعث ایران میں سینٹری فیوجز سمیت اہم جوہری آلات کی پیداوار اور ذخیرے سے متعلق معلومات کی مسلسل نگرانی متاثر ہوئی ہے۔