ہفتہ، 7 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

قومی کھیل کی بحالی کے لیے 450 اسکولوں میں ہاکی کا سامان تقسیم

PHF

ملک بھر کے سینکڑوں اسکولوں میں ہاکی کا سامان تقسیم کیا جا رہا ہے، ملک بھر کے 450 اسکولوں کو لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے ہاکی کا سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔ ہر اسکول کو 20 ہاکی اسٹکس اور خصوصی گول کیپنگ کٹس دی گئی ہیں۔


مشن کے پہلے مرحلے  میں ہاکی سامان کٹس تقسیم مکمل ہوگئی ،آئندہ ایک ماہ میں مزید تین سو پچاس اسکولوں کو کور کیا جائے گا، پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں ہر ہفتے سامان تقسیم کیا جا رہا ہے،اس پروگرام کا ہدف ملک بھر کے 1250 اسکولوں تک پہنچنا ہے، تاکہ ہزاروں نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اپنی ہاکی کی صلاحیتوں کو دریافت کر سکیں اور انہیں نکھار سکیں۔


حکام کا کہنا ہے کہ یہ صرف سامان کی تقسیم نہیں، بلکہ پاکستان ہاکی کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے، یہ گراس روٹ پروگرام آنے والے برسوں میں بھی جاری رہے گا اور مزید پھیلے گا، ہاکی کو اسکولوں تک لے جائیں گے ، نوجوان ٹیلنٹ دریافت اور پاکستان ہاکی کو بنیاد سے دوبارہ تعمیر کریں گے۔