جنوبی کوریا کو شکست:پاکستان نے23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا

پاکستان نے 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپیئن شپ کے فائنل میں جنوبی کوریا کو 2-0 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا، قومی ٹیم نے 2016 کے بعد پہلی مرتبہ ایشین ٹیم اسکواش کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ایشین ٹیم اسکواش چیمپین شپ میں مینز کا فائنل میچ پاکستان اور کوریا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان نے کورین مینز ٹیم کو دو۔صفر سے شکست دیکر کامیابی حاصل کی۔
پاکستانی کھلاڑی نور زمان نے کورین کھلاڑی جیونگمن ریو کو تین۔صفر( 11-5 ,11-7 اور 13- 11 ) سے جبکہ پاکستانی کھلاڑی محمد عاصم خان نے کورین کھلاڑی سیوجن اوہ کو تین۔صفر ( 11-6 ,11-5 اور 11-4 ) سے ہرا دیا۔
پاکستان نے دونوں ابتدائی مقابلے جیت کر فائنل اپنے نام کر لیا اور یوں ایشین ٹیم اسکواش چیمپیئن شپ کا تاج ایک مرتبہ پھر پاکستان کے سر سج گیا،اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ایشین ٹیم اسکواش چیمپیئن شپ کی تاریخ میں اپنا 16واں طلائی تمغہ حاصل کر لیا۔
قومی ٹیم کے لیے یہ کامیابی اس لحاظ سے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے کہ پاکستان نے آخری مرتبہ 2016 میں ایشین ٹیم اسکواش چیمپیئن شپ کا ٹائٹل جیتا تھا، جس کے بعد 10 سال کے طویل انتظار کے بعد ایک مرتبہ پھر ایشیائی سطح پر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
مینز مقابلوں میں پاکستان نے گولڈ میڈل،کوریا نے سلور میڈل اور ملائیشیا و ہانگ کانگ چائنہ کی ٹیموں نے براؤنز میڈلز حاصل کیئے جبکہ ایران نے پانچویں اور ازبکستان کی ٹیم نے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔
مزید پڑھیں




