پیر، 19 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

دروش میں ناجائز لوڈ شیڈنگ فوری ختم کی جائے، وجیہ الدین

مصنف:

چترال: امیر جماعت اسلامی چترال وجیہ الدین نے تحصیل دروش میں جاری ناجائز لوڈ شیڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ کو خبردار کیا ہے کہ مختلف حیلوں بہانوں سے عوام کو تنگ کرنے کا سلسلہ فوری بند کیا جائے۔


انہوں نے کہا کہ اگر کسی فرد یا ادارے کے ذمے محکمہ کے واجبات ہیں تو ان کی وصولی کے لیے قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائے۔ چند افراد یا اداروں کے بقایاجات کی آڑ میں پورے علاقے کے عوام کو عذاب میں مبتلا کرنا اور اجتماعی سزا دینا سراسر ناانصافی اور عوام دشمن اقدام ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔


وجیہ الدین نے واضح کیا کہ عوام کو بنیادی سہولت سے محروم رکھنا اور غیر ضروری مشکلات سے دوچار کرنا کسی طور مناسب نہیں۔ متعلقہ محکمہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور دروش میں لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ فوری طور پر حل کرے۔


انہوں نے دوٹوک الفاظ میں خبردار کیا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر دروش میں لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو جماعت اسلامی متعلقہ محکمہ کے خلاف باقاعدہ احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوگی، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔