چینی وزیر خارجہ کا سابق پاکستانی وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری کے لیے پھولوں کا گلدستہ اور نیک تمناؤں کا پیغام

بیجنگ: 13 نومبر (اے پی پی) چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے سابق پاکستانی وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری کے لیے پھولوں کا گلدستہ اور نیک تمناؤں کا پیغام بھجوایا ہے، جس سے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی اور مضبوط سفارتی تعلقات کی عکاسی ہوتی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے جنوبی ایشیا ڈویژن کے سربراہ باؤ زونگ نے وزیر خارجہ وانگ یی کی نمائندگی کرتے ہوئے بیجنگ میں خورشید محمود قصوری سے ملاقات کی اور انہیں چینی وزیر خارجہ کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام اور کارڈ کے ساتھ پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے ایران کی صورتحال سمیت علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان چین تعاون کے مسلسل فروغ پر اعتماد کا اظہار کیا۔
پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید محمود قصوری نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو پاکستان میں وسیع قومی اتفاق رائے حاصل ہے اور مختلف سیاسی حکومتوں اور سول ملٹری تبدیلیوں کے باوجود یہ تعلقات ہمیشہ مستحکم رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چین کے ساتھ تعلقات، پاکستان کا جوہری پروگرام اور مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی پالیسی ایسے معاملات ہیں جن پر ملک میں قومی اتفاق رائے موجود ہے۔ یہ تعلقات اس بات سے مشروط نہیں کہ اقتدار میں کون سی سیاسی جماعت یا حکومت ہے۔خورشید محمود قصوری نے کہا کہ پاکستانی عوام چین کو ایک قابل اعتماد دوست سمجھتے ہیں، جو ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت اور گرمجوشی کے رشتے انتہائی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت دوطرفہ تعاون کے مستقبل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے چینی اہلکاروں کی سیکیورٹی مزید بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں اور رابطہ کاری جاری رکھیں گے۔
سابق وزیر خارجہ نے چین کے خلائی اسٹیشن کے مشن میں پاکستانی خلا باز کی متوقع شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کی دوستی کی ایک اہم علامت قرار دیا۔انہوں نے اس اقدام پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام اس خیرسگالی کے اظہار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
عالمی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے خورشید محمود قصوری نے کہا کہ پائیدار ترقی اور علاقائی خوشحالی کے لیے امن ناگزیر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تاریخ کے طالب علم کی حیثیت سے ان کا یقین ہے کہ جب بھی امن قائم ہوا، ترقی ہوئی۔ امن کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ چین کا پرامن عروج ترقی پذیر دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر بنانے کی کوششوں کی حمایت کی ہے اور کبھی پاکستان کو بھارت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے سے نہیں روکا۔خورشید محمود قصوری نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک میں امن اور بہتر تعلقات کے حامی حلقے علاقائی ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
چین کی ترقی کے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کی کامیابی ترقی پذیر ممالک، بالخصوص تعلیم، صحت اور انسانی وسائل پر سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم اسباق فراہم کرتی ہے۔انہوں نے 1990 کی دہائی میں اپنے دورہ چین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران شنگھائی شہر میں غیر معمولی تبدیلی آئی ہے، جو چین کی مسلسل ترقی کا واضح ثبوت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ترقی کی اصل کنجی عوام پر سرمایہ کاری ہے۔ اگر انسانی وسائل پر سرمایہ کاری کی جائے تو ترقی کے نتائج سامنے آتے ہیں۔ پاکستان بھی چین کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے انسانی وسائل کو بہتر بنانے اور عوامی خدمات کے معیار کو بلند کر سکتا ہے۔
خورشید محمود قصوری ان دنوں اپنی آئندہ کتاب ’’چین، پاکستان اور بھارت نئے عالمی نظام میں: رابطہ کاری کے لیے پاکستان کی کلیدی اہمیت‘‘ کی تیاری کے سلسلے میں چین کے دورے پر ہیں، جہاں وہ چینی دانشوروں، تحقیقی اداروں اور متعلقہ شخصیات سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کی کتاب میں نئے عالمی نظام، بدلتی ہوئی عالمی جغرافیائی سیاست، علاقائی رابطہ کاری اور چین، پاکستان اور بھارت کے ابھرتے ہوئے کردار کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس سلسلے میں چینی تھنک ٹینکس کو بھی کتاب سے متعلق مباحث میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔سابق وزیر خارجہ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ جنوبی ایشیا کی معاشی صلاحیتوں سے بھرپور استفادے کے لیے علاقائی تعاون اور پرامن تعلقات بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں





