ہفتہ، 14 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

چلیے اقبال! آپ کو اپنا پاکستان دکھاتے ہیں،تحریر: مہوش اختر

نقطہ نظر

رات کا آخری پہر تھا۔ میز پر کتابیں بکھری ہوئی تھیں۔ کھڑکی کے باہر خاموشی نے پورے ماحول کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا تھا مگر اس وقت میرے کمرے کا ماحول کچھ بدلا ہوا تھا۔ میں اپنے کمرے میں ایسی گفتگو میں مصروف تھی، جس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا کیوں کہ میری یہ گفتگو کسی زندہ انسان سے نہیں، ایک ایسے شخص سے تھی جو دہائیاں پہلے اس دنیا سے رخصت ہو چکا تھا مگر اپنے الفاظ کے ذریعے آج بھی میرے ساتھ موجود تھا۔

میرے سامنے علامہ محمد اقبال کا مجموعہ کلام کھلا تھا۔ میں جانے کتنی دیر سے ایک ہی صفحے پر رکی ہوئی تھی۔ کبھی کسی شعر کو پڑھتی، کبھی اس کے نیچے پنسل سے لکیر کھینچتی اور کبھی کتاب سے نظریں ہٹا کر چھت کو تکنے لگتی۔ کھبی اپنی ڈائری پر اپنی سوچ لکھتی

علامہ اقبال سے میرا تعلق محض نصابی مطالعے یا چند یاد کیے ہوئے اشعار تک محدود نہیں تھا۔ ان کے کلام میں مجھے ایک ایسا ہم نشین ملتا تھا جس سے اختلاف بھی کیا جا سکتا تھا، سوال بھی پوچھے جا سکتے تھے اور اپنے عہد کی بے چینی بھی بیان کی جا سکتی تھی۔ کبھی ان کا کوئی شعر میرے اندر حوصلہ جگاتا، کبھی کوئی سوال مجھے اپنے ہی گریبان میں جھانکنے پر مجبور کر دیتا اور بعض اوقات تو یوں محسوس ہوتا مجھے جیسے علامہ اقبال نے اپنے زمانے کے لیے نہیں، میرے عہد کے لیے سوال چھوڑ رکھے ہیں۔

اپنی سوچ سے چھٹکارا پانے کے لیے میں کتاب بند کر دی مگر دوسرے سینڈ پھر کتاب کھولی اور صحفہ پلٹنے لگی، پھر میں ایک صفحے پر ٹھہری ایک شعر پر انگلی رکھتے ہوئے میں اپنے تخیل میں علامہ اقبال سے مخاطب ہوئی۔۔۔۔۔

"اقبال! آپ نے تو ایک خواب دیکھا تھا۔ ایک ایسی قوم کا خواب جو خوددار ہو، باوقار ہو، علم و عمل میں آگے ہو۔ آپ نے اپنے حصے کا کام کر دیا مگر کیا ہم نے اپنے حصے کی ذمہ داری پوری کی؟"

سوال کر کے میں پھر خود ہی مسکرا دی۔

"آپ بھی کیا سوچتے ہوں گے! جس قوم کو شاہین کہا تھا، اس کے کچھ بچے آج اپنی پرواز سے پہلے ہی تھک جاتے ہیں۔ جسے خودی کا سبق دیا تھا، وہ کبھی اپنی پہچان دوسروں کی نگاہوں میں تلاش کرتی ہے۔"

میں نے قلم اٹھایا اور اپنی ڈائری میں لکھا:

کاش! ایک بار آپ سے ملاقات ہو جائے، تو بہت سے سوال پوچھوں۔۔۔۔۔۔

چند لمحے اس جملے کو دیکھتی رہی۔ پھر نجانے دل میں کیا خیال آیا، میں نے اس کے نیچے ایک اور سطر لکھ دی:

کاش! آپ کو ایک بار اپنا پاکستان دکھا سکوں، آپ کے خواب کی تعبیر، آپ کا پیارا پاکستان!!!!!!!!!!!

یہ لکھ کر میں نے قلم رکھ دیا۔ شاید تھکن غالب آرہی تھی۔ کتاب ابھی بھی کھلی ہوئی تھی۔ میں نے آخری مرتبہ اس کے صفحات پر نگاہ ڈالی، جیسے کسی بہت پرانے شناسا کو خدا حافظ کہہ رہی ہوں۔

ناجانے میں جب نیند کی وادیوں میں چلی گئی، کب آنکھ لگی، کچھ خبر نہ ہوئی۔

نیند کی وادیوں میں جاتے ہی مجھے ایسا محسوس ہوا جیسے میں کسی وسیع و عریض کتب خانے میں موجود ہوں۔ چاروں طرف کتابوں کی قطاریں تھیں۔ لکڑی کی پرانی الماریاں، میز پر جلتے چراغ اور فضا میں کاغذوں کی مانوس خوشبو پھیلی ہوئی تھی۔

میں ایک کتاب اٹھانے کے لیے آگے بڑھی ہی تھی کہ عقب سے ایک مانوس سی آواز سنائی دی:

"بیٹی! کتابیں تو بہت پڑھتی ہو، کبھی ان میں چھپے ہوئے سوالوں کے جواب بھی تلاش کیے ہیں؟"

میں ٹھٹھک گئی

یہ آواز۔۔۔۔۔؟

مجھے ایک منٹ بھی نہ لگا پہچاننے میں، حالانکہ میں یہ آواز پہلے کھبی سنی ہی نہیں، میں نے جلدی سے پلٹ کر دیکھا۔

ایک باوقار شخصیت چند قدم کے فاصلے پر کھڑی تھی۔ چہرے پر وہی سنجیدگی، نگاہوں میں وہی گہرائی اور لہجے میں ایسی شگفتگی کہ ایک لمحے کو مجھے اپنی سماعت پر یقین نہ آیا۔

میری آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ گئی اور میرے لب ہلنا چاہ رہے تھے مگر میری آواز جیسے میرے حلق میں کہیں اٹک گئی۔

"آپ۔۔۔؟"

انہوں نے مسکرا کر کہا:

"جی ہاں، تم شاید مجھ سے کچھ کہنا چاہتی تھیں؟"

حیرت کی ملی جلی کیفیت ساتھ بامشکل یہ الفاظ کہے

"علامہ اقبال! آپ واقعی۔۔۔۔۔؟"

وہ ہلکے سے مسکرائے۔

''تم نے ابھی کچھ دیر پہلے ہی تو مجھے اتنے سوالوں کے ساتھ یاد کیا تھا۔ اب سامنے ہوں تو خاموش کیوں ہو؟"

مجھے یوں محسوس ہوا جیسے کسی پرانے شناسا سے ملاقات ہو گئی ہو۔ وہ اجنبیت نہیں تھی جو کسی عظیم شخصیت کے سامنے کھڑے ہونے پر محسوس ہوتی ہے، بلکہ ایک ایسی مانوسیت تھی جیسے مدتوں سے دل میں محفوظ کسی مکالمے کو آج زبان مل گئی ہو۔

میں نے خود کو سنبھلتے ہوئے کہا:

"اقبال! آپ کو معلوم ہے، میں اکثر آپ کے اشعار پڑھ کر آپ سے باتیں کرتی ہوں۔ کبھی آپ کے کسی خیال سے اتفاق کرتی ہوں، کبھی اپنے زمانے کے حالات آپ کے سامنے رکھ کر سوال کرتی ہوں۔ آج آپ سامنے ہیں تو سمجھ نہیں آ رہا کہ کہاں سے شروع کروں۔"

انہوں نے کرسی کی طرف اشارہ کیا۔

"تو پھر بیٹھو، آج بات کرتے ہیں۔ آخر تمہارے سوال بھی تو کہیں سے شروع ہونے چاہییں۔"

میں بیٹھ گئی۔ چند لمحے خاموشی رہی۔ پھر میں نے اپنی ڈائری ان کے سامنے رکھ دی

''یہ دیکھیے! یہ وہ سوال ہیں جو میں نے آپ کے لیے لکھ رکھے ہیں۔ کچھ آپ کے اشعار سے متعلق ہیں، کچھ آپ کے خواب سے اور کچھ ہمارے آج کے حالات سے۔"

انہوں نے ڈائری کے صفحات پلٹے۔ ایک جگہ رک کر میری طرف دیکھا۔

"تمہارے سوالوں میں اپنے عہد کی بے چینی بہت نمایاں ہے مگر مجھے یہ بتاؤ، تم اپنے عہد کو صرف پڑھتی ہو یا اسے بدلنے کا کوئی خواب بھی رکھتی ہو؟"

خواب تو رکھتی ہوں مگر کبھی کبھی سوچتی ہوں کہ آپ نے جس پاکستان کا تصور کیا تھا، اگر آج آپ اسے دیکھ سکتے تو کیا محسوس کرتے؟"

میری اس بات پر وہ خاموش ہو گئے۔

میں نے ان کی طرف دیکھتے ہوئے کہا:

"اے معمار خودی، ایک کام کیجیے۔ آج میرے ساتھ چلیے۔ میں آپ کو اپنا پاکستان دکھانا چاہتی ہوں۔ وہ پاکستان جو آپ کے خواب کی تعبیر بن کر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔ وہ پاکستان جس کے خواب کو ایک نسل نے اپنی جدوجہد سے تعبیر دی۔ میں چاہتی ہوں کہ آپ خود دیکھیں کہ آپ کے خواب نے یہاں کیا صورت اختیار کی ہے۔"

انہوں نے میری طرف دیکھا۔ ان کی نگاہوں میں ایک سوال تھا، شاید ایک امید تھی۔

"پاکستان؟؟؟؟؟؟ کیا وہ خواب حقیقت بن چکا ہے؟"

میں نے فخر سے کہا:

"جی ہاں! اب وہ ایک آزاد ملک ہے۔ اس کا اپنا پرچم ہے، اپنی سرحدیں ہیں، اپنی پارلیمان ہے، اپنی درس گاہیں ہیں۔ آئیے، آپ کو سب دکھاتی ہوں۔"

اچھا! تو پھر دکھاؤ مجھے اپنا پاکستان۔"

اور یوں ہمارا سفر شروع ہوا ۔۔۔۔۔ سب سے پہلے میں انہیں ایک بڑے شہر کی طرف لے گئی۔ بلند و بالا عمارتیں، کشادہ سڑکیں، رنگ برنگی روشنیاں اور تیزی سے گزرتی گاڑیاں۔ میں نے بڑے جوش سے کہا:

"دیکھیے حکیم الامت! آپ کا پاکستان ترقی کر رہا ہے۔ شہر بدل گئے ہیں، عمارتیں بلند ہو گئی ہیں، دنیا ہمارے دروازے تک آ پہنچی ہے۔"

انہوں نے عمارتوں کو دیکھا، پھر میری طرف متوجہ ہوئے۔

"یہ سب اپنی جگہ مگر بتاؤ، یہاں انسان کتنا بلند ہوا ہے؟"

اس سوال نے مجھے خاموش کردیا اور میں خاموش ہو گئی۔

میں انہیں ایک تعلیمی ادارے میں لے گئی۔ نوجوان لڑکے لڑکیاں کتابیں اٹھائے آ جا رہے تھے۔ کہیں جدید علوم کی تدریس تھی، کہیں تحقیق کے مراکز، کہیں امتحانات کی تیاری

میں نے کہا:

"مصور پاکستان، یہ دیکھیے! آپ کے نوجوان علم حاصل کر رہے ہیں۔ اب ہمارے پاس جامعات(سکول، کالج، یونی ورسٹاں) ہیں، جدید علوم ہیں، دنیا بھر سے رابطے ہیں۔"

مصور پاکستان نے ایک طالب علم کو جو ہاتھ میں کتاب لیے کھڑا تھا۔ اس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے پوچھا کہ

"کیا یہ کتاب اس کے اندر بھی کوئی نئی دنیا آباد کر رہی ہے؟ کیا اس کے علم نے اس کے کردار میں بھی اضافہ کیا ہے؟"

میں نے جواب دینا چاہا مگر الفاظ جیسے کہیں کھو گئے۔

میں پھر اس سوال کا کوئی جواب نہ دے سکی، ہم تھوڑا آگے بڑھے تو ایک مقام پر چند نوجوانوں کا ہجوم تھا۔ اس ہجوم میں موجود ہر شخص کے ہاتھ میں موبائل فون تھا۔ کوئی تصویریں بنا رہا تھا، کوئی تبصرے کر رہا تھا، کوئی شہرت کی دوڑ میں مصروف تھا۔

معمار خودی، کچھ دیر انہیں دیکھتے رہے۔

"یہ نوجوان کون ہیں؟"

میں نے بتایا:

"یہ ہمارے دور کے وہ نوجوان ہیں۔ اب دنیا ایک چھوٹی سی اسکرین میں سمٹ آئی ہے۔"

انہوں نے پوچھا:

"ان کے خواب؟ کیا وہ بھی اسی اسکرین میں سمٹ گئے ہیں؟"

یہ سوال میرے دل میں کہیں اتر گیا۔

میں نے فورا موضوع بدلتے ہوئے کہا:

"حکیم الامت آئیے نا، میں آپ کو پارلیمان دکھاتی ہوں۔ یہ ہمارے ملک کے فیصلوں کا مرکز ہے۔ یہاں ملک و قوم کے مستقبل کے لیے قانون سازی ہوتی ہے۔"

انہوں نے اس خوب صورت عمارت کی طرف دیکھا۔

"کیا یہاں بیٹھنے والوں کے دلوں میں قوم کا کتنا درد ہے؟"

میں نے ایک بار پھر خود کو گونگا پایا اور نظریں جھکا لیں۔

اب ہم بازاروں سے گزر رہے تھے اس بار ہم ایک بازار رکے، ایک طرف قیمتی اشیا کی دکانیں تھیں، دوسری طرف چند لوگ اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے پریشان دکھائی دے رہے تھے۔ ایک بچہ ٹریفک کے شور میں کچھ بیچنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس کے پھول ہاتھ شاید پھولوں کے گجرے تھے

دور اندیش مصور پاکستان کی نگاہ اس بچے پر ٹھہر گئی۔ اور یہ بچہ؟؟؟

کیا اس کے لیے بھی تمہارے پاکستان میں کوئی درس گاہ ہے؟ کیا اس کے خوابوں کو بھی اتنی ہی اہمیت حاصل ہے جتنی ان بلند عمارتوں کو؟ ان میں رہنے والے لوگ کو"

میں نے اس بار ہمت کر کے دھیرے سے کہا:

" مفکر پاکستان! مسائل تو ہیں مگر ہم کوشش کر رہے ہیں۔ ان مسائل سے نپٹنے کی"

وہ بولے:

"قوموں کی پہچان ان کی عمارتوں سے نہیں، ان کے کمزور طبقہ افراد کے ساتھ کیے جانے والے سلوک سے ہوتی ہے۔"

میں پہلی مرتبہ اس سفر میں خود کو چھوٹا بہہہہہہہہت بہہہہہہہہت زیادہ چھوٹا محسوس کر رہی تھی۔

ہم آگے بڑھے تو ایک کتب خانے کے سامنے جا پہنچے میں نے خوشی سے کہا:

یہ دیکھیے! یہاں کتابیں ہیں، علم ہے، ادب ہے۔ آپ کی شاعری بھی موجود ہے۔ آپ کے اشعار آج بھی پڑھے جاتے ہیں۔"

اقبال نے پوچھا:

"کیا صرف پڑھے جاتے ہیں یا سمجھے بھی جاتے ہیں؟"

میں نے کہا:

"آپ کے اشعار تو ہمارے نصاب میں بھی شامل ہیں۔ تقریبات میں بھی پڑھے جاتے ہیں۔"

وہ ہلکا سا مسکرائے اور بولے:

"میں نے تو لفظ اس لیے نہیں بوئے تھے کہ انہیں تقریبات کی آرائش بنا دیا جائے۔ میں تو چاہتا تھا کہ وہ ذہنوں میں فکر اور کردار میں عمل بن کر اگیں۔"

میں نے محسوس کیا کہ میرا فخر آہستہ آہستہ خود احتسابی میں بدل رہا ہے۔

کچھ دیر بعد ہم ایک ایسی جگہ پہنچے جہاں ایک نوجوان چند بچوں کو پڑھا رہا تھا۔ اس کے پاس زیادہ وسائل نہ تھے مگر آنکھوں میں روشنی تھی۔ وہ بچوں کو محنت، سچائی اور علم کی اہمیت سمجھا رہا تھا۔

مفکر اقبال نے اسے دیکھا تو ان کی آنکھوں میں ایک خاص چمک ابھری۔

"یہ کون ہے؟"

میں نے کہا:

"یہ بھی اسی پاکستان کا ایک باشندہ ہے۔ شاید اس کے پاس دنیا کو دکھانے کے لیے کوئی بڑی عمارت نہیں، کوئی بڑا منصب نہیں مگر یہ اپنے حصے کا چراغ جلا رہا ہے۔"

علامہ اقبال نے محبت سے اس نوجوان کو دیکھا۔

"تو پھر امید ابھی باقی ہے۔ قومیں صرف بڑے عہدوں پر بیٹھنے والوں سے نہیں بنتیں، ایسے خاموش کرداروں سے بھی بنتی ہیں جو اپنے حصے کی روشنی دوسروں تک پہنچاتے ہیں۔"

میں نے پہلی مرتبہ ان کے سامنے سر اٹھا کر دیکھا۔

"ہمارے ہاں سب کچھ برا بھی نہیں۔ ایسے لوگ بھی ہیں جو علم بانٹ رہے ہیں، دیانت داری سے کام کر رہے ہیں، دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔ ہمارے نوجوانوں میں صلاحیت بھی ہے، جذبہ بھی ہے اور کچھ کر گزرنے کی خواہش بھی۔"

انہوں نے کہا:

"میں نے کبھی کسی قوم کو مایوس دیکھنا نہیں چاہا مگر یاد رکھو، امید صرف خواہش کا نام نہیں، امید کے ساتھ عمل بھی ضروری ہے۔"

اب میرے پاس انہیں دکھانے کے لیے بہت کچھ تھا مگر شاید کہنے کے لیے بہت کم۔

میں نے دھیرے سے پوچھا:

مفکر پاکستان! کیا آپ کو اپنا پاکستان ویسا ہی ملا جیسا آپ نے سوچا تھا؟"

انہوں نے کچھ دیر خاموش رہ کر جواب دیا:

"میں نے ایک ایسی قوم کا خواب دیکھا تھا جو علم میں بلند، کردار میں مضبوط، فکر میں آزاد اور اپنے مقصد سے مخلص ہو۔ وطن کا حاصل ہونا ایک بڑی نعمت ہے مگر اس نعمت کی حفاظت اور اس کے مقصد کی تکمیل نسلوں کی ذمہ داری ہوتی ہے۔"

میں نے بے اختیار ہو کر پوچھا:

"تو کیا ہم آپ کو مایوس کر چکے ہیں؟"

وہ بولے:

"کسی قوم کا فیصلہ اس کے ایک عہد سے نہیں کیا جاتا۔ اس میں زوال بھی آتے ہیں اور عروج کے امکانات بھی باقی رہتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ تم اپنی آئندہ نسل کو کیا دے کر جاؤ گے؟ محض شکایات، یا ایک بہتر معاشرہ؟ محض ماضی کی عظمت کے قصے، یا مستقبل کی تعمیر کا حوصلہ؟"

اچانک فضا میں ایک عجیب سی خاموشی پھیلنے لگی۔ میں نے انہیں روکنا چاہا۔

ابھی تو آپ کو بہت کچھ دکھانا باقی ہے۔۔۔۔۔۔۔

ہمارے ہاں کچھ خواب ابھی بھی زندہ ہیں، کچھ چراغ ابھی بھی روشن ہیں، کچھ لوگ ابھی بھی آپ کے پیغام کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔"

وہ آہستہ آہستہ مجھ سے دور ہونے لگے۔

میں نے آخری بار انہیں پکارا:

معمار خودی! ایک سوال کا جواب تو دیتے جائیے! اگر آپ آج کے پاکستان کو ایک پیغام دینا چاہیں تو کیا کہیں گے؟"

انہوں نے پلٹ کر دیکھا۔

"اپنے نوجوانوں کو بتانا کہ شاہین کی پہچان صرف اس کی پرواز نہیں، اس کا مقصد بھی ہے۔ اپنی قوم کو بتانا کہ آزادی صرف حاصل کرنے کی چیز نہیں، نبھانے کی ذمہ داری بھی ہے اور سب سے بڑھ کر، انہیں یہ سمجھانا کہ کسی ملک کا مستقبل اس کے نعروں سے نہیں، اس کے انسانوں سے بنتا ہے۔"

میں کچھ اور پوچھتی، اس سے پہلے ہی میری آنکھ کھل گئی۔

سامنے وہی کتاب کھلی پڑی تھی۔ کمرے میں وہی خاموشی تھی۔ باہر صبح کی روشنی پھیل رہی تھی۔

میں نے کتاب اٹھائی، اقبال کے اشعار پر نگاہ ڈالی اور دیر تک سوچتی رہی۔

نجانے یہ محض ایک خواب تھا یا میرے اپنے عہد سے ایک سوال!

ہم اقبال کو اپنا پاکستان دکھانے نکلے تھے مگر اس سفر میں کئی بار ہمیں اپنا ہی چہرہ دیکھنا پڑا اور اب جب میں یہ تحریر لکھ رہی ہوں تو میرے ذہن میں کئی سوال گردش کر رہے ہیں:

کیا ہم نے اس وطن کو صرف رہنے کی جگہ سمجھ لیا ہے یا اسے سنوارنے کی ذمہ داری بھی محسوس کرتے ہیں؟ کیا ہمارے نوجوان اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے تیار ہیں؟ کیا ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایسا پاکستان دے سکیں گے جس پر انہیں فخر ہو؟ کیا ہم اپنے حصے کا چراغ جلانے کے لیے تیار ہیں؟

اور سب سے بڑھ کر، اگر کل اقبال پھر ہمارے خواب میں آ کر پوچھیں کہ میں نے جس قوم کے لیے خواب دیکھا تھا، وہ کہاں ہے، تو کیا ہم ان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کہہ سکیں گے کہ اے اقبال! ہم نے آپ کا خواب صرف یاد نہیں رکھا، اسے حقیقت بنانے کی کوشش بھی کی ہے؟