اتوار، 8 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاکستانی فلم ’میرا لیاری‘ نے بیلاروس کے معروف فلمی میلے میں اسپیشل جیوری ایوارڈ جیت لیا


پاکستانی فلم ’میرا لیاری‘ نے بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں منعقدہ معتبر لسٹاپاد انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں اسپیشل جیوری ایوارڈ اپنے نام کر کے پاکستانی سنیما کے لیے ایک اور بین الاقوامی اعزاز حاصل کر لیا ہے۔


ابو علیحہ کی تحریر و ہدایت کاری میں بننے والی فلم کی کہانی کراچی کے علاقے لیاری سے تعلق رکھنے والی ایک نوجوان لڑکی کے گرد گھومتی ہے، جو معاشرتی پابندیوں اور خاندانی مخالفت کے باوجود فٹبالر بننے کا خواب پورا کرنے کے لیے جدوجہد کرتی ہے۔


فلم ’میرا لیاری‘ ایک ایسی نوجوان لڑکی کی حوصلہ مندانہ جدوجہد کی عکاسی کرتی ہے، جو فٹبال کے کھیل سے غیر معمولی لگاؤ رکھتی ہے اور اسےاپنا مستقبل بنانے کی خواہش مند ہے تاہم اس کے خواب کی راہ میں خاندانی مخالفت، معاشرتی رویے اور خواتین کے لیے عائد مختلف سماجی پابندیاں رکاوٹ بنتی ہیں، لیکن وہ مشکلات کے باوجود اپنے مقصد سے پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں ہوتی۔


’میرا لیاری‘ کی کہانی صرف ایک لڑکی کے فٹبالر بننے کے خواب تک محدود نہیں بلکہ اس کے ذریعے کراچی کے علاقے لیاری، وہاں کے رہائشیوں اور مقامی کمیونٹی کی زندگی کو بھی اجاگر کیا گیا ہے فلم بین الاقوامی ناظرین کو لیاری کا ایک مختلف اور مثبت رخ دکھانے کی کو شش کرتی ہے، تاکہ اس علاقے کو عام طور پر پائے جانے والے روایتی تصورات سے ہٹ کر وہاں کے لوگوں، ان کے خوابوں، صلاحیتوں او ر جدوجہد کے تناظر میں دیکھا جا سکے۔


فلم ’میرا لیاری‘ کی پروڈکشن عائشہ عمر اور وقاص رضوی نے کی ہے، جبکہ اس منصوبے کی تیاری میں حکومت سندھ نے بھی معاونت فرا ہم کی،ابو علیحہ کی تحریر و ہدایت کاری میں بننے والے اس منصوبے نے کراچی کے ایک مقامی علاقے سے جنم لینے والی کہانی کو بین الا قوامی فلمی منظرنامے تک پہنچایا ہے،بیلاروس کے لسٹاپاد انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں اسپیشل جیوری ایوارڈ کا حصول فلم سے وابستہ تمام فنکا روں، پروڈیوسرز اور دیگر ٹیم ممبران کی کاوشوں کا اعتراف بھی ہے۔


فلم کی کامیابی نے نہ صرف کراچی کے علاقے لیاری کو عالمی توجہ دلائی ہے بلکہ پاکستانی فلم سازوں کی تخلیقی کاوشوں کو بھی بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا ہے۔