ضمنی انتخاب: این اے 77 گوجرانوالہ میں 5 بیلٹ پیپر کاپیاں غائب ہونے کا انکشاف

گوجرانوالہ کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 کے ضمنی انتخاب کے دوران ایک پولنگ اسٹیشن سے بیلٹ پیپرز کی 5 کاپیاں غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پریزائیڈنگ افسر کی خاموشی پر سوالات اٹھا دیے ہیں اور الیکشن کمیشن سے معاملے کا نوٹس لے کر وضاحت طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق این اے 77 گوجرانوالہ کے ضمنی انتخاب میں ایک پولنگ اسٹیشن سے بیلٹ پیپرز کی پانچ کاپیاں غائب ہونے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ اس واقعے پر شہریوں نے انتخابی عمل کی شفافیت کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بیلٹ پیپرز جیسی اہم انتخابی دستاویزات کی گمشدگی ایک سنجیدہ معاملہ ہے، جس کی فوری تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے پریزائیڈنگ افسر کی جانب سے مبینہ خاموشی پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ پنجاب کے دو حلقوں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 چیچہ وطنی میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہوا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق دونوں حلقوں میں پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہنے کا شیڈول ہے۔
گوجرانوالہ کے حلقہ این اے 77 میں مجموعی طور پر 333 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 142 مردانہ، 137 زنانہ اور 54 مشترکہ پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔ حلقے میں مجموعی طور پر 963 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، جن میں 536 مردانہ اور 427 زنانہ پولنگ بوتھ شامل ہیں۔ حکام کے مطابق انتخابی عمل کے دوران سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ اس حلقے میں 11 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے محمود بشیر ورک کے صاحبزادے راشد بشیر ورک امیدوار ہیں۔ یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
سال 2024 کے عام انتخابات میں محمود بشیر ورک نے ایک لاکھ 9 ہزار 704 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ راشدہ طارق 91 ہزار 825 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہی تھیں۔ دونوں امیدواروں کے درمیان کامیابی کا فرق 17 ہزار 879 ووٹ تھا۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 چیچہ وطنی میں بھی ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے، جہاں 2 لاکھ 58 ہزار 122 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ اس نشست پر مسلم لیگ (ن) نے چوہدری اسد حنیف جٹ کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ یہ نشست رکن پنجاب اسمبلی چوہدری محمد حنیف جٹ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
این اے 77 گوجرانوالہ کے ضمنی انتخاب کے دوران بیلٹ پیپرز کی پانچ کتابیں غائب ہونے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد شہریوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری تحقیقات کی جائیں اور انتخابی عمل کی شفافیت یقینی بنانے کے لیے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔
مزید پڑھیں





